ممبئی .... بالی وڈ میں اپنی سنجیدہ اداکاری کیلئے مشہور نوازالدین صدیقی کا کہنا ہے کہ وہ”باہوبلی‘‘جیسی بلاک بسٹر فلم میں شاید ہی کام کر پائیں۔ باہوبلی کا سیکوئل ’باہوبلی۔2‘ باکس آفس پر سپرہٹ رہی اور کمائی کے تمام ریکارڈ توڑنے والی اس فلم کو شائقین کے علاوہ بالی وڈ ستاروں نے بہت پسند کیا۔ نوازالدین صدیقی نے تو اس فلم کی طرح کسی بھی پروجیکٹ میں کام کرنے کواپنا خواب ہی بتا ڈالا۔ انہوں نے کہا،’باہوبلی‘ ایک مہنگی فلم تھی اور مجھے لگتا ہے کہ میں شاید ہی کبھی اس طرح کی کوئی فلم کر پاﺅں گا۔ انہوں نے اس فلم کے فنکاروں کی بھی تعریف کی۔ تیلگو میں بنی اس فلم کو تامل، ہندی، ملیالم، جرمن، فرانسیسی، جاپانی اور انگریزی زبان میں ڈب کیا گیا تھا۔ یہ فلم 1500 کروڑ روپے سے زیادہ کمائی کرنے والی پہلی ہندوستانی فلم ہے۔