Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مدینہ منورہ:ہجرہ روڈ پر بس حادثہ، 2 جاں بحق 36زخمی

مدینہ منورہ.... ہجرہ روڈ پر المناک ٹریفک حادثے میں 2 افراد جاں بحق جبکہ 36 زخمی ہو گئے ۔ ریجنل امور صحت کے ڈائریکٹر ڈاکٹر عبدالحمید نے تمام اسپتالوں میں ہنگامی طور پر زخمیوں کو امداد فراہم کرنے کے احکامات جاری کر دیئے ۔ سبق نیوز کے مطابق حادثہ ہفتے کی صبح ہجرہ روڈ پر کارکنو ںکی بس کو پیش آیا ۔ بس میں 40 افراد سوار تھے جن میں سے اکثریت ایشیائی باشندوں کی تھی ۔ حادثے کے بارے میں تفصیلات بتاتے ہوئے محکمہ ہلال الاحمرکے ترجمان نے کہا کہ ادارے کے کنٹرول روم میں ہفتے کی صبح 8 بج کر 45 منٹ پر اطلاع موصول ہوئی کہ ہجرہ روڈ پر کارکنوں کی بس حادثے کاشکار ہو گئی ہے جس میں کافی لوگوں کے زخمی ہونے کا اندیشہ ہے ۔ ہلال الاحمر کی ٹیمیں جائے حادثہ پر پہنچی جہاں بس الٹی ہوئی تھی ۔ امدادی کارکنوں نے فوری طور پر زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد فراہم کرتے ہوئے اسپتال منتقل کرنا شروع کر دیا ۔ ایک زخمی موقع پر ہی جاں بحق ہو گیا جبکہ دوسرا اسپتال جانے سے قبل ہی راستے میں دم توڑ گیا ۔ محکمہ شہری دفاع کے مطابق الحمنہ جنرل اسپتال میں 30 زخمیو ںکو لیا گیا جن میں سے 10 کو فوری طور پر مدینہ منورہ کے شاہ فہد اسپتال منتقل کر دیاگیا ۔ 15 زخمیوں کو جن کی حالت قدرے بہتر تھی مرہم پٹی کے بعد اسپتال سے جانے کی اجازت دے دی گئی ۔ میقات اسپتال میں 7 زخمیوں کو رکھا گیا جبکہ احدجنرل اسپتال میں 4 زخمیوں کو علاج کےلئے لایا گیا ۔ 

شیئر: