جمرات کے قریب سیکیورٹی اہلکار کی پرندے کو پانی پلانے کی ویڈیو وائرل
جمرات کے قریب سیکیورٹی اہلکار کی پرندے کو پانی پلانے کی ویڈیو وائرل
جمعرات 20 جون 2024 7:14
سوشل میڈیا صارفین اس اہلکار کو دعائیں دے رہے ہیں۔ (فوٹو العربیہ چینل)
سعودی عرب میں سوشل میڈیا پر ان دنوں ایک ویڈیو وائرل ہے جس میں ایک سیکیورٹی اہلکار گرمی سے پریشان حال پرندے کو پانی پلا رہا ہے اور اسے دھوپ کی تپش سے بچانے کی کوشش کررہا ہے۔
العربیہ چینل کی اس ویڈیو رپورٹ میں دیکھا جاسکتا ہے کہ جمرات کے قریب جہاں سیکیورٹی اہلکار کھڑے حجاج کی رمی کرنے کے عمل کی نگرانی کررہے ہیں وہاں ایک پرندہ اڑتا ہوا آیا۔ ایسا لگ رہا تھا کہ وہ پیاس سے متاثر ہوکر اس جگہ پہنچا تھا۔
سیکیورٹی اہلکاروں میں سے ایک نے اس جانب توجہ دیتے ہوئے پرندے کو اپنے پاس موجود پانی بوتل کا کیپ کھول کر اس میں پانی ڈالا اور پرندے کو پلانے لگا۔
العربیہ چینل کے کیمرہ مین نے اس منظر کو اپنے کیمرے میں قید کرلیا اور بعدازاں اپنے سامعین کو پیش کیا جسے سوشل میڈیا صارفین بے حد پسند کررہے ہیں اور سیکیورٹی اہلکار کے اس عمل پر اسے دعائیں دے رہے ہیں۔
واٹس ایپ پر سعودی عرب کیخبروں کے لیے”اردو نیوز“گروپ جوائن کریں