Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

نیب سیاسی انجینیئرنگ اور معیشت بٹھانے والا ادارہ ہے: بلاول بھٹو

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ نیب کو ختم کرنے سے معیشت کو فائدہ ہو گا۔ (فوٹو: پی پی پی)
پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ قومی احتساب بیورو (نیب) معیشت کو بٹھانے اور جمہوریت کو نقصان پہنچانے والا ادارہ ہے۔
منگل کو پارلیمنٹ ہاؤس میں اظہار خیال کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ ن کا نیب ختم کرنے پر اتفاق موجود ہے اور یہ دونوں پارٹیوں کے منشور میں بھی ہے۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ نیب کو ختم کرنے سے معیشت کو فائدہ ہو گا اور کاروباری افراد کو فائدہ ہو گا۔
’نیب سیاستدانوں کو بدنام کرنے کا ادارہ، سیاسی انجینیئرنگ کا ادارہ، ملک کی معیشت کو بٹھانے کا ادارہ اور ملکی جمہوریت کو نقصان پہنچانے والا ادارہ ہے۔‘
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ نیب کے سب سے بڑے حامی بھی آج شاید اس کو ختم کرنا چاہتے ہوں۔
ان کا کہنا تھا کہ کتنی مرتبہ سیاستدانوں کو جیل جا کر اور با عزت بری ہو کر پارلیمان آنا پڑے گا۔
انہوں نے کہا کہ فیصلہ کریں کہ سیاست بھی کریں گے اور سیاسی اختلاف بھی کریں گے، لیکن اپنی سیاست کو آگے بڑھانے کے لیے ایک دوسرے کو جیل بھیجنے کی ضرورت نہیں ہے۔
بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ ’اگر اس پر اتفاق رائے ہوتا ہے اور ہمارے پرانے مطالبے پر عمل ہوتا ہے تو معشیت کو بھی فائدہ ہو گا، بزنس کمیونٹی کو حکومت کے ساتھ مل کر کام کرنے کی ہمت ملے گی۔‘
بلاول بھٹو کے مطابق ’اگر کسی قومی مفاد کی وجہ سے آپ نیب کو ختم کرنے پر عمل نہیں کر سکتے تو پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کو نیب سے استثنیٰ دیا جائے جیسے ایس آئی ایف سی کے منصوبے کو استثنیٰ دیا گیا۔‘

شیئر: