Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

جماعت اسلامی کا مری روڈ راولپنڈی پر دھرنا جاری، ’کسی بھی وقت آگے بڑھنے کا کہوں گا‘

وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی سے بات چیت کرنے کے لیے تیار ہیں (فائل فوٹو: جماعت اسلامی)
جماعت اسلامی کا مہنگائی اور مہنگی بجلی کے خلاف مری روڈ راولپنڈی پر دھرنا جاری ہے جبکہ امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن آج دھرنے کے مقام سے پریس کانفرنس کریں گے اور آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کریں گے۔
سنیچر کی صبح اسلام آباد پولیس کے ترجمان تقی جواد نے اردو نیوز کو بتایا کہ وزیر داخلہ کی ہدایت پر جماعت اسلامی کے 50 سے زائد کارکنان کو رہا کر دیا گیا ہے۔ 
پولیس حکام کے مطابق جماعت اسلامی کے کارکنان کو تھانہ سیکریٹریٹ، کوہسار، ترنول سمیت شہر بھر کے مختلف تھانوں کی حدود سے گرفتار کیا گیا تھا۔
 اسلام آباد کے ڈی چوک پر دھرنے کی اجازت نہ ملنے کے بعد جماعت اسلامی نے زیرو پوائنٹ اسلام آباد ایکسپریس وے پر دھرنا دینے کا اعلان کیا تھا تاہم بعد میں یہ دھرنا مری روڈ راولپنڈی منتقل کر دیا گیا۔ 
جمعے کو امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان کی قیادت میں مرکزی قافلہ پہلے زیرو پوائنٹ ایکسپریس وے پر پہنچا اور پھر امیر جماعت اسلامی خیبر پختونخوا اور پنجاب کی صوبائی قیادت کی سربراہی میں بھی مختلف قافلے اسلام آباد ایکسپریس وے پر پہنچے۔
زیرو پوائنٹ پہنچ کر کارکنان سے اپنے ابتدائی خطاب میں حافظ نعیم الرحمان کا کہنا تھا کہ ’ہم نے اسلام آباد آنے کا کہا تھا اور ہم آ گئے ہیں۔ اب ہم نے اس تحریک میں پرامن رہنا ہے۔ حکومت کو آئی ئی پی پیز کو بند کرنا ہو گا، نہیں تو دھرنا ہو گا۔ تمام قافلوں کے زیرو پوائنٹ پہنچے کے بعد آئندہ کے لائحہ عمل کا ارکان ہو گا۔‘
بعد ازاں جمعے کی شام جماعت اسلامی کے امیر حافظ نعیم الرحمان نے جیو نیوز کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ ہم نے کارکنوں اور پولیس کے تصادم سے بچنے کے لیے دھرنا ایکسپریس وے سے مری روڈ منتقل کر دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ’اس مسئلے کا حل صرف ہمارے مطالبات کی منظوری ہے کیونکہ یہ عوام کے مطالبات ہیں۔ عوام کو اپنے گھر کی چیزیں بیچ کر بجلی کے بل ادا کرنا پڑ رہے ہیں۔‘

جماعت اسلامی کے کارکنوں کی بڑی تعداد مری روڈ راولپنڈی پہنچ گئی ہے (فوٹو: جماعت اسلامی)

حافظ نعیم الرحمان نے رات کو مری روڈ پر دھرنے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ’جب ہم اسلام آباد پہنچے تو شہر کنٹینروں سے بند تھا۔ کارکن تیار رہیں کسی بھی وقت آگے بڑھنے کا کہوں گا۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ ’پاکستان کی ری الیکشن کی ضرورت نہیں۔ جو الیکشن جیتا ہے اس کی حکومت بناؤ۔‘
’دھرنا ایک ماہ یا اس سے زیادہ چلے ہم اس کے لیے تیار ہیں۔ ہماری خواتین کا ونگ تیار ہے، کال پر وہ بھی باہر آئیں گی۔ ہمارے گرفتار کارکنوں کو فوری رہا کیا جائے۔‘
جماعت اسلامی کو لیاقت باغ میں دھرنے کی اجازت دی گئی تھی: وزیر اطلاعات 
وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ جماعت اسلامی کی قیادت ہمارے لیے قابل احترام ہے، اُنہیں لیاقت باغ میں دھرنے کی اجازت دی گئی تھی۔ حافظ نعیم دور اندیش سیاست دان ہیں، انہوں نے ہمیشہ دانشمندی کا مظاہرہ کیا ہے۔
’جماعت اسلامی کے ساتھ بات چیت کے لیے تیار ہیں‘
عطا تارڑ نے اپنی گفتگو کے دوران مزید کہا کہ جماعت اسلامی سے بات چیت کرنے کے لیے تیار ہیں۔ ’ہم پرامن فضا چاہتے ہیں، ایجی ٹیشن کی سیاست سے ہٹ کر ہم سے مل بیٹھ کر بات کریں۔ جماعت اسلامی کے ساتھ اچھے ماحول میں بات کرنا چاہتے ہیں۔‘
اُن کا کہنا تھا کہ جگہ جگہ پر دھرنوں سے شہریوں کی زندگی مشکل کا شکار ہو گی۔ ملک کی بہتری اور سالمیت کے لیے جماعت اسلامی پرامن جلسہ کرے۔
ہم عوام کے لیے دھرنا دے رہے ہیں: امیر جماعت اسلامی
جماعت اسلامی کے امیر حافظ نعیم الرحمان نے 26 نمبر چونگی کے مقام پر کارکنان سے خطاب کرتے ہوئے اسلام آباد سمیت ملک کے مختلف حصوں سے جماعت اسلامی کے کارکنان کی گرفتاریوں کی مذمت کی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ’جماعت اسلامی عوام کے لیے باہر نکل رہی ہے۔ ہر صورت میں دھرنا ہو کر رہے گا۔‘

جماعت اسلامی کے کارکنان بڑی تعداد میں زیرو پوائنٹ پر پہنچ گئے ہیں (فوٹو: ویڈیو گریب)

زیرو پوائنٹ پر جماعت اسلامی کے کارکنان کی بڑی تعداد
جماعت اسلامی کی جانب سے کارکنان کے لیے زیرو پوائنٹ جمع ہونے کی کال کے بعد بڑی تعداد میں جماعت اسلامی کے کارکنان زیرو پوائنٹ پر پہنچے۔ ان کارکنان میں راولپنڈی اسلام آباد سمیت پنجاب اور خیبرپختونخوا سے آئے ہوئے لوگ بھی شامل تھے۔
اسلام آباد پولیس نے دفعہ 144 کی خلاف ورزی پر شہر کے مختلف مقامات بالخصوص ڈی چوک سے درجنوں کی تعداد میں جماعت اسلامی کے کارکنان کو گرفتار کیا ہے۔
دستیاب اعداد و شمار کے مطابق اسلام آباد سے 31 سے زائد کارکنان کو گرفتار کر کے متعلقہ تھانوں میں منتقل کیا گیا ہے۔

شیئر: