Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

شارجہ میں ماربل کے اندر منشیات سمگل کرنے کی کوشش ناکام، ایشیائی گروہ گرفتار

ملزمان کو ملک سے باہر ڈیلرز سے ہدایات مل رہی تھیں۔ (فوٹو شارجہ پولیس ایکس اکاؤنٹ)
شارجہ پولیس نے ایک تین رکنی ایشیائی گروہ کو گرفتار کیا ہے جس نے سنگ مرمر کے اندر 226 کلو گرام سے زیادہ چرس، نشہ آور اشیا سمگل کرنے کا منصوبہ بنایا تھا۔ ملزمان کو ملک سے باہر ڈیلرز سے ہدایات مل رہی تھیں۔
الامارات الیوم کے مطابق شارجہ پولیس کے ڈپٹی کمانڈر انچیف میجر جنرل عبداللہ مبارک بن عامر نے منصوبے کو ناکام بنانے والی ٹیموں کی کوششوں اور کارکردگی کی تعریف کی۔
شارجہ پولیس کے محکمہ انسداد منشیات کے ڈائریکٹر کرنل ماجد سلطان العسم نے بتایا کہ ملنے والی اطلاعات میں ایسے گروہ کی موجودگی کی نشاندہی کی گئی تھی جس کی کارروائیوں کا انتظام ملک سے باہر ڈیلر کرتے تھے۔  انسداد منشیات کے محکمے نے گروہ کے ارکان کو بے نقاب کرنے، ان کی سرگرمیوں کی نگرانی کرنے اور علاقائی اور بین الاقوامی نیٹ ورکس سے ان کے روابط کا پتہ لگانے کےلیے فیلڈ کوششیں شروع کیں۔
گروہ  نے سمگلنگ کے لیے غیر روایتی طریقے استعمال کیے۔انہوں نے منشیات کو ماربل کے سلیب کے اندر چھپا رکھا تھا۔ شارجہ پولیس نے منصوبے کو ناکام بناکر ملزمان کو گرفتار کرلیا۔
شارجہ پولیس نے شہریوں اور امارات میں مقیم غیر ملکیوں سے کہا کہ وہ ان بیرونی فتنوں کا شکار نہ ہوں۔ اپنی ذمہ داری کو محسوس کرتے ہوئے اس طرح کے کسی بھی  واقعہ سے پولیس کو آگاہ کریں۔
امارات کی خبروں کے لیے ”اردو نیوز یو اے ای“ گروپ جوائن کریں

شیئر: