Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ایشیئن ہاکی چیمپئنز ٹرافی: انڈیا کی پاکستان کو دو گول سے شکست

میچ کے 19ویں منٹ میں انڈیا نے دوسرا گول کر کے برتری حاصل کر لی تھی: فوٹو ایشین ہاکی فیڈریشن/ایکس اکاؤنٹ
ایشیئن چیمپیئنز ٹرافی ہاکی ٹورنامنٹ کے میچ میں روایتی حریف انڈیا نے پاکستان کو ایک کے مقابلے میں دو گول سے شکست دے دی ہے۔ 
دونوں ٹیمیں سنیچر کو کھیلے جانے والے اس میچ سے پہلے ہی ٹورنامنٹ کے سیمی فائنل میں اپنی جگہ بنا چکی تھیں۔
چین کے شہر ہولنبئر میں جاری ٹورنامنٹ کے سنیچر کو کھیلے جانے والے میچ کے پہلے ہاف کے اختتام پر انڈیا کو پاکستان پر ایک گول کی برتری حاصل تھی۔
میچ کا پہلا گول 8ویں منٹ میں پاکستان کے احمد ندیم نے کیا لیکن پاکستان کو انڈیا پر یہ برتری زیادہ دیر قائم نہیں رہ سکی اور میچ کے 13ویں منٹ پر انڈین کپتان ہرمن پریت سنگھ نے پنالٹی کارنر پر گول کر کے میچ برابر کر دیا۔
انڈیا اس ٹورنامنٹ میں اب تک ناقابل شکست رہا ہے جبکہ پاکستان کوٹورنامنٹ میں پہلی شکست کا سامنا انڈیا کے خلاف میچ میں ہوا ہے۔

دونوں ٹیمیں سنیچر کو کھیلے جانے والے میچ سے پہلے ہی ٹورنامنٹ کے سیمی فائنل میں اپنی جگہ بنا چکی تھیں: فوٹو ایشین ہاکی فیڈریشن/ایکس اکاؤنٹ

میچ کے 19ویں منٹ میں انڈین کپتان نے دوسرا گول کر دیا تھا جس کو پاکستان میچ کے اختتام تک برابر نہیں کر سکا۔
اس سے پہلے 12 ستمبر کو پاکستان نے چین کو ایک کے مقابلے میں پانچ گول سے شکست دے کر سیمی فائنل تک رسائی حاصل کر لی تھی۔
 ٹورنامنٹ کے تیسرے میچ میں پاکستان نے جاپان کو ایک کے مقابلے میں دو گول سے شکست دے دی تھی۔
اسی طرح ٹورنامنٹ میں پاکستانی ٹیم اپنے دوسرے میچ میں جنوبی کوریا کے خلاف مقابلہ 2-2 گول سے برابر کرنے میں کامیاب رہی تھی جبکہ پاکستان اور ملائیشیا کے درمیان میچ بھی 2-2 گول سے برابر رہا۔
 

شیئر: