Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ٹیم بنانے کے لیے لڑکوں کو سپورٹ کرنا ہو گا، ٹیسٹ ٹیم کپتان شان مسعود

شان مسعود نے کہا کہ ’کوشش ہو گی پہلے ٹیسٹ میں اچھا آغاز کریں۔‘ (فوٹو: سکرین گریب)
پاکستان ٹیسٹ ٹیم کے کپتان شان مسعود نے کہا ہے کہ بنگلہ دیش کے خلاف ہار کا کھلاڑیوں کو بہت افسوس ہے، انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں بہتر کارکردگی دکھانے کی کوشش کریں گے۔
پیر کو کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے پاکستان ٹیسٹ ٹیم کے کپتان شان مسعود نے کہا کہ ’بنگلہ دیش کے خلاف جو نتیجہ چاہتے تھے وہ نہیں آیا، جو ہوگیا اس کی ذمہ داری لیتے ہیں۔ جب آپ پر پریشر ہو تو سمجھ جائیں آپ ملک کے لیے کچھ کر رہے ہیں۔‘
انہوں نے کہا کہ ’ٹیم بنانے کے لیے لڑکوں کو سپورٹ کرنا ہو گا۔ شکست کے بعد تبدیلیاں کرنا آسان ہے، ٹیم میں مستقل مزاجی دکھانا پڑتی ہے۔ کھلاڑی اچھے نتائج دینے کے خواہاں ہیں۔‘
شان مسعود نے کہا کہ کنڈیشنز دیکھ کر نعمان علی کو انگلینڈ کے خلاف سیریز کے لیے سکواڈ میں شامل کیا گیا۔ یہ سیریز پاکستان کے لیے بہت اہم ہے۔
’چیمپیئنز ون ڈے کپ میں اچھی تیاری ہوئی ہے، کپ میں سٹینڈرڈ بہت اچھا تھا، جب ٹیم ہارتی ہے تو بطور کپتان بہت برا لگتا ہے۔‘
شان مسعود نے کہا کہ کامیابی کے لیے کھلاڑیوں کو مسلسل مواقع فراہم کرنا پڑیں گے۔ ’خرم شہزاد ٹیم کا اہم جز ہیں اور بدقسمتی سے وہ انجری کا شکار ہو گئے ہیں، ٹیسٹ کرکٹ میں آپ کو کارکردگی دکھانے کے لیے متواتر میچز چاہیے ہوتے ہیں۔‘
ٹیسٹ ٹیم کے کپتان نے کہا کہ ’اپنے ملک کے لیے ٹیم کو لیڈ کرنا باعث فخر ہے، جو بھی نتائج آئیں انہیں قبول کرتے ہیں، آئیڈل آغاز نہیں ہوا، جب ہارتے ہیں تو احتساب ہوتا ہے۔‘
شان مسعود کا مزید کہنا تھا کہ ’انگلینڈ کے خلاف پہلے ٹیسٹ کے لیے ٹیم کا اعلان کیا ہے لیکن ہمیں ملتان میں کنڈیشنز کا اندازہ نہیں، ہماری کوشش ہو گی پہلے ٹیسٹ میں اچھا آغاز کریں۔‘

شیئر: