Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

اسلام آباد میں احتجاج: وزیراعظم اور کابینہ اس وقت کہاں ہیں؟

ہمارا لاہور میں آنے کا شیڈول پہلے سے طے تھا: وزیر اطلاعات عطااللہ تارڑ
پاکستان کا دارالحکومت اسلام آباد اس وقت تحریک انصاف کے احتجاج کی وجہ سے عملی طور پر سکیورٹی خدشات کے باعث کنٹینرز لگا کر بند کر دیا گیا ہے اور سکیورٹی فوج اور رینجرز کے حوالے کر دی گئی ہے۔
تاہم مستند معلومات کے مطابق  ملک کے وزیر اعظم شہباز شریف جمعہ کی شام ہی لاہور روانہ ہو گئے۔ صرف وزیر اعظم ہی نہیں بلکہ وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کے علاوہ کابینہ کے تمام وزرا جمعے کو ہی اپنے اپنے آبائی علاقوں میں واپس چلے گئے۔
وزیر اطلاعات عطااللہ تارڑ نے لاہور میں مسلم لیگ کے مرکزی دفتر ماڈل ٹاون میں ہفتے کے روز ایک پریس کانفرنس کر اس بات پر مہر ثبت کی کہ اسلام آباد کی بجائے لاہور میں موجود ہیں۔
اسی طرح ہفتے کی سہ پہر وزیر دفاع خواجہ آصف نے بھی اپنے آبائی شہر سیالکوٹ میں ایک پریس کانفرنس کی۔
وزیر اعظم ہاؤس کے ایک اعلی افسر نے اردو نیوز کو نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ ’جمعے کو دورے پر آئے ملائیشین وزیراعظم کو الوداع کرنے کے بعد وزیراعظم اسی وقت اپنے سرکاری جہاز میں لاہور روانہ ہوئے۔ جب کہ کچھ کابینہ کے اراکین ان کے ہمراہ تھے۔ جبکہ دیگر وزرا اپنے پہلے سے طے شدہ شیڈول کے مطابق اپنے آبائی علاقوں کو روانہ ہوئے۔ عام طور پر وزرا ویک اینڈ پر اپنے علاقوں میں چلے جاتے ہیں۔ تو اس معمول کے مطابق وہ گئے ہیں جو پہلے سے طے شدہ ہوتا ہے۔‘
تاہم اس کے برعکس موجودہ وزیر اعظم شہباز شریف اور ان کی کابینہ کے وزیر دارالحکومت میں بڑھتی ہوئی سیاسی کشیدگی سے زیادہ مرعوب نظر نہیں آتے۔
وزیر اطلاعات عطااللہ تارڑ کا کہنا ہے کہ ’حکومت ایسے احتجاجوں سے گھبرانے والی نہیں ہے۔ اس جتھے کو ملکی حساس عمارتوں کے قریب پھٹکنے نہیں دیا جائے گا۔ ہمارا لاہور میں آنے کا شیڈول پہلے دے طے تھا۔ اس لیے ہمیں کسی بھی قسم کی فکر نہیں ہے۔ ہم اپنے ملک کے لئے دن رات کام کر رہے ہیں۔ اور ہمارا سارا فوکس اسی پر ہے۔‘
انہوں کا مزید کہنا تھا کہ ’اسلام آباد کی سکیورٹی کو کسی قسم کا کوئی خطرہ نہیں ہے۔ اور ہمارے تمام ادارے اپنے کام کو بخوبی سر انجام دے رہے ہیں۔‘
 

شیئر: