Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

چینی وزیراعظم کا دورہ، سی پیک کی اعلیٰ معیار کی ترقی کو آگے بڑھائیں گے: دفتر خارجہ

چین کے وزیراعظم 11 سال بعد پاکستان کا دورہ کریں گے۔ (فوٹو: اے ایف پی)
ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے چین کے وزیراعظم لی چیانگ 14 سے 17 اکتوبر تک پاکستان کا دورہ کریں گے اور ’سی پیک کی اعلیٰ معیار کی ترقی کو آگے بڑھائیں گے۔‘
اتوار کو پاکستان کے دفتر خارجہ کی ترجمان نے اپنے بیان میں کہا کہ ’دورے کے موقع پر سی پیک کے تحت تعاون اور پاکستان اور چین کے درمیان اقتصادی اور تجارتی سمیت تمام شعبوں میں تعلقات پر جامع بات چیت ہو گی۔‘
دفتر خارجہ کے مطابق چینی وزیراعظم صدر مملکت آصف علی زرداری سے ملاقات بھی کریں گے۔ وہ پارلیمانی رہنماؤں اور پاکستان کی عسکری قیادت سے بھی ملاقاتیں کریں گے۔
چینی وزیراعظم شنگھائی تعاون تنظیم کی کونسل آف دی ہیڈ ز آف گورنمنٹ (سی ایچ جی) کے اسلام آباد میں ہونے والے اجلاس میں بھی شریک ہوں گے۔
چینی وزیراعظم لی چیانگ کے ہمراہ وزیر خارجہ امور ، وزیر تجارت ، نیشنل ڈویلپمنٹ اینڈ ریفارم کمیشن اور چائنا انٹرنیشنل ڈویلپمنٹ کوآپریشن ایجنسی کے عہدیدار اور اعلیٰ حکام بھی ہوں گے۔
اس موقع پر دونوں ممالک کی قیادت کے درمیان علاقائی اور عالمی امور پر تبادلہ خیال بھی ہوگا۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق چینی وزیراعظم کا پاکستان کا یہ دورہ پاکستان اور چین کے درمیان تزویراتی شراکت داری کی اہمیت کا عکاس ہے۔
’یہ دورہ دونوں ملکوں کے درمیان باہمی مفاد کے ایشوز پر باہمی تعاون کے عزم کا اعادہ کا موقع بھی فراہم کرے گا جبکہ سی پیک کی ترقی اور اہم علاقائی اور عالمی امور پر باقاعدہ تبادلہ خیال کا موقع بھی فراہم کرے گا۔‘

شیئر: