Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

لائیو: عمران خان سے ملاقات نہ کرائی گئی تو کل اسلام آباد میں احتجاج ہوگا، علی امین

وزیراعلی خیبر پختونخوا علی امین خان گنڈاپور نے کہا ہے کہ اگر عمران خان کے ساتھ ان کی بہن، ڈاکٹرز یا پارٹی قائدین کی ملاقات نہ کرائی گئی تو کل اسلام آباد احتجاج کے لیے مارچ کیا جائے گا۔
پیر کو وزیراعلی خیبر پختونخوا کی زیرصدارت وزیراعلی ہاؤس پشاور میں پی ٹی آئی پارلیمانی پارٹی کا اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں صوبے کے چاروں ریجنز سے تعلق رکھنے والے تحریک انصاف کے قومی و صوبائی اسمبلی نمائندگان اور دیگر پارٹی قائدین نے شرکت کی۔
اجلاس میں کل 15 اکتوبر کو اسلام آباد احتجاج کے انتظامات اور تیاریوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ احتجاج میں زیادہ سے زیادہ لوگوں کی شرکت یقینی بنانے کے لیے حکمت عملی کو حتمی شکل دی گئی۔
اس مقصد کے لیے پارٹی قائدین اور منتخب عوامی نمائندوں کو ذمہ داریاں بھی تفویض کی گئی۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

آئینی ترمیم کے حکومتی مسودے سے عدلیہ کمزور ہو جاتی: مولانا فضل الرحمان

جمیعت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ ’آئینی ترمیم سے متعلق مشاورت جاری ہے۔ میں کل کراچی جاؤں کا جہاں بلاول بھٹو زرداری سے ملاقات ہوگی، اس کے بعد لاہور میں نواز شریف اور اسلام آباد میں پی ٹی آئی کی قیادت سے ملاقات ہو گی۔‘
مولانا فضل الرحمان نے پیر کو ٹنڈوالہ یار میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ’آئینی ترمیم کے مسودے پر اتفاق نہ ہوا تو اس کو مسترد کر دیں گے۔ ہم بڑی کوششوں کے بعد اتفاق رائے کے قریب پہنچ چکے ہیں۔‘
انہوں نے کہا کہ ’ہم اس آئینی ترمیم میں ان چیزوں کو ترجیح دیں گے جن کی ضرورت ہے۔ اسمبلی اس لیے نہیں کہ اس میں عوام کے مفاد کے خلاف قانون سازی ہو۔ تمام اداروں کے درمیان توازن پیدا کرنا اہم ہے۔‘
مولانا فضل الرحمان نے مزید کہا کہ ’آج کیا مسئلہ ہے کہ ہم پر جلدی مسلط کی گئی۔ اس مسودے سے عدلیہ کمزور ہو جاتی اور شخصی حقوق متاثر ہو جاتے، اس لیے ہم نے یہ مسودہ مسترد کر دیا تھا۔‘
انہوں نے کہا کہ ’اس سے قبل 18ویں ترمیم پر بھی نو ماہ کا عرصہ لگ گیا تھا۔ ملک میں شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس کے دوران کوئی منفی پیغام نہیں جانا چاہیے۔‘
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

پاکستان کی معیشت مثبت سمت میں گامزن ہے: وزیر اطلاعات

پاکستان کے وفاقی وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ پاکستان کی معیشت مثبت سمت میں گامزن ہے۔
پیر کو اسلام آباد میں نیوز کانفرنس میں وفاقی وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ ’چین کے وزیراعظم کا 11 برس بعد پاکستان آنا انتہائی خوش آئند ہے۔ آپ پاکستان اور چین کے وزرائے اعظم ایک بڑے پروجیکٹ کا افتتاح کریں گے۔ چینی قیادت کا کہنا ہے کہ انہیں پاکستان سے بہت محبت ہے۔‘
وزیر اطلاعات نے کہا کہ ’پاکستان کی معیشت مثبت سمت میں گامزن ہے۔ ابھی چند دن قبل اعلیٰ سطح کا سعودی وفد پاکستان کے دورے پر آیا تھا۔ اس سے قبل ملائیشیا کے وزیراعظم بھی پاکستان کا دورہ کرکے گئے ہیں۔‘
’دنیا میں پاکستان کو ایک ابھرتی ہوئی معیشت کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔‘
انہوں نے کہا کہ ’ہمارا دارالحکومت اسلام آباد دنیا کے خوب صورت ترین دارالحکومتوں میں سے ہے۔ ہمیں امید ہے کی شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس لیے آںے والے مہمانوں کو یہ شہر بھی بہت پسند آئے گا۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
خیبرپختونخوا کے ضلع بنوں میں پولیس لائن پر دہشت گردوں نے حملہ کر دیا ہے اور اب تک کی اطلاعات کے مطابق ایک اہلکار ہلاک جبکہ پانچ زخمی ہو گئے ہیں۔ 
پولیس ترجمان کے مطابق مسلح افراد نے بنوں پولیس لائن میں داخل ہونے کی کوشش کی اور اس وقت فائرنگ کا تبادلہ جاری ہے۔
پولیس لائن کے اطراف سڑکیں بند کر دی گئی ہیں جبکہ سکیورٹی فورسز کے اہلکار بھی موقع پر پہنچ گئے ہیں۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

چینی وزیراعظم لی چیانگ چار روزہ دورے پر پاکستان پہنچ گئے

وزیراعظم شہبازشریف کی دعوت پر چین کے وزیراعظم لی چیانگ چار روزہ دورے پر پاکستان پہنچ گئے ہیں۔
چینی وزیراعظم کے طیارے نے پیر کو ساڑھے 12 بجے نور خان ائیربئیس پر لینڈنگ کی۔ پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف اپنی کابینہ کے ارکان کے ساتھ چینی ہم منصب کا استقبال کیا۔ 
پاکستان کے سرکاری میڈیا کے مطابق چینی وزیراعظم پاکستان کی سول اور فوجی قیادت کے ساتھ اقتصادی و تجارتی تعلقات پر تبادلہ خیال کریں گے اور شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہی اجلاس میں شرکت کریں گے۔
ترجمان دفتر خارجہ نے ایک روز قبل اتوار کو بتایا تھا کہ چین کے وزیراعظم لی چیانگ 14 سے 17 اکتوبر تک پاکستان کا دورہ کریں گے اور ’سی پیک کی اعلیٰ معیار کی ترقی کو آگے بڑھائیں گے۔‘
دفتر خارجہ کے مطابق چینی وزیراعظم کے وفد میں وزارت خارجہ اور تجارت، نیشنل ڈویلپمنٹ اینڈ ریفارم کمیشن اور چائنا انٹرنیشنل ڈویلپمنٹ کوآپریشن ایجنسی کے وزراء اور حکام شامل ہوں گے۔
بیان میں کہا گیا تھا کہ ’دورے کے موقع پر سی پیک کے تحت تعاون اور پاکستان اور چین کے درمیان اقتصادی اور تجارتی سمیت تمام شعبوں میں تعلقات پر جامع بات چیت ہو گی۔‘
دفتر خارجہ کے مطابق چینی وزیراعظم صدر مملکت آصف علی زرداری سے ملاقات بھی کریں گے۔ وہ پارلیمانی رہنماؤں اور پاکستان کی عسکری قیادت سے بھی ملاقاتیں کریں گے۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

شنگھائی تعاون تنظیم کا سربراہی اجلاس، روٹ لگائے جا رہے ہیں: ٹریفک پولیس

اسلام آباد پولیس کا کہنا ہے کہ اسلام آباد ٹریفک پولیس کے جاری کردہ پلان کے مطابق مکمل روٹ لگائے جا رہے ہیں۔
پیر کو ایکس پر جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ’شہریوں سے گزارش ہے کسی بھی سفری دشواری سے بچنے کے لیے ایکسپریس ہائی وے کی طرف غیر ضروری سفر سے اجتناب کریں اور اسلام آباد ٹریفک پولیس کے جاری کردہ ٹریفک پلان کے مطابق متبادل راستوں کا انتخاب کریں۔‘
چیف ٹریفک آفیسر اسلام آباد کا کہنا ہے کہ ’کامیاب ایس سی او کے انعقاد میں ہمارے معاون بنیں۔‘
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

چینی وزیراعظم گوادر ایئرپورٹ کا افتتاح کر سکتے ہیں: وزیر اطلاعات

پاکستان کے وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے اتوار کو صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ چین کے وزیراعظم لی کیانگ آنے والے ہفتے میں اپنے دورہ پاکستان کے دوران صوبہ بلوچستان میں چینی سرمایہ کاری سے بننے والے ایئرپورٹ کا افتتاح کر سکتے ہیں۔
برطانوی خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق حکومت اور ایوی ایشن کے ذرائع نے بتایا کہ 20 کروڑ ڈالر کے گوادر انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے افتتاح کو اگست میں علیحدگی پسند عسکریت پسندوں کے اس علاقے میں مہلک حملوں کے بعد سیکورٹی کا جائزہ لینے کے لیے روک دیا گیا تھا۔
پاکستان کی سول ایوی ایشن اتھارٹی کے مطابق نئے ایئرپورٹ سے اندرون ملک اور بین الاقوامی پروازوں چلیں گی اور یہ ملک کے بڑے ایئرپورٹس میں سے ایک ہو گا۔
پاکستانی حکام کا کہنا تھا کہ ابتدائی منصوبے میں وزیراعظم شہباز شریف نے چینی حکام کے ساتھ مل کر 14 اگست کو ایئرپورٹ کا افتتاح کرنا تھا، لیکن ایک بلوچ گروہ کے احتجاج کے بعد اسے منسوخ کر دیا گیا۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

شیئر: