Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاک سعودی تعلقات اور سفارت خانہ کی سہولیات کے حوالے سے پریس بریفنگ

پاکستان کے سفیر احمد فاروق نے کہا کہ سرمایہ کاری اور تجارتی سرگرمیوں کی بدولت پاک سعودی تعلقات کا نیا دور شروع ہوا ہے۔
انہوں نے کہا کہ سرکاری اور پرائیویٹ سیکٹر میں دو طرفہ تعاون اور نئے کاروباری معاملات کو بہتر بنایا جا رہا ہے جس سے پاکستان کی معیشت پر مثبت نتائج برآمد ہو رہے ہیں۔
سفارت خانہ پاکستان میں سفیر احمد فاروق نے صحافیوں کو پاک سعودی تعلقات اور سفارت خانہ کی جانب سے فراہم کردہ سہولیات سمیت دیگر امور کے حوالے سے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ سعودی عرب پاکستان میں توانائی، معدنیات، زراعت اور ٹیکنالوجی سمیت دیگر شعبوں میں سرمایہ کاری کر رہا ہے جبکہ پرائیویٹ سیکٹر میں چاول، ریڈمیٹ اور ٹیکسٹائل سمیت دیگر اشیاء کی ایکسپورٹ میں 40 فیصد اضافہ ہوا ہے جبکہ پاکستانی آئی ٹی کمپنیاں سعودی عرب میں فروغ پا رہی ہیں جن سے 50 فیصد ریونیو میں اضافہ ہوا ہےاور ہماری کوشش ہے کہ زیادہ سے زیادہ آئی ٹی کمپنیاں سعودی مارکیٹ سے فائدہ اٹھائیں۔
سفیر پاکستان احمد فاروق کا کہنا تھا کہ سپورٹس، سرجیکل، بلڈنگ میٹریل،ماربل،کیبلز سمیت دیگر پرائیویٹ سیکٹر کی مصنوعات کو سعودی مارکیٹ میں وسعت دینے کے لیے بھی اقدامات کیے جا رہے تاکہ ان اشیاء کی براہ راست ایکسپورٹ کو یقینی بنایا جاسکے اور ہنر مند افرادی قوت کو بڑھانے پر بھی توجہ دی جا رہی ہے کیونکہ سعودی عرب میں ہنر مند افراد کی طلب کو دیکھتے ہوئے افرادی قوت میں بھی اضافہ کر رہے ہیں اور گزشتہ سال سعودی عرب میں مقیم لاکھوں پاکستانیوں نے زرمبادلہ کی مد میں سات ارب ڈالرز پاکستان بھجوائے۔
حالیہ سعودی وفد کے دورہ پاکستان کو کامیاب قرار دیتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ پہلی مرتبہ سعودی عرب کی نامور کمپنیاں سابک،آرمکو، البیک سمیت 50 بڑی کمپنیوں کے وفد نے پاکستان کا دورہ کیا جہاں 27 ایم او یو سائن ہوئے جس سے پاکستان میں دو ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کو ممکن بنایا جائے گا اور ہماری کوشش ہے کہ پبلک ڈپلومیسی کے ذریعے مختلف پاک سعودی تعلقات کو مزید فروغ دیا جائے جس کے لیے ثقافت،ادب،فلم،ٹی وی اور دیگر باہمی امور کو بڑھایا جا رہا ہے۔

شیئر: