Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

آپریشن مکمل، علی امین اور بشریٰ بی بی ابھی تک فرار ہیں: محسن نقوی

یہ لائیو پیج اب مزید اپ ڈیٹ نہیں ہو رہا ہے
پولیس اور رینجرز نے ڈی چوک اور بلیو ایریا کو  پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے مظاہرین سے مکمل خالی کرا لیا ہے۔
منگل اور بدھ کی درمیانی شپ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے محسن نقوی نے کہا کہ بلیو ایریا آپرشین مکمل ہوگیا ہے امید ہے کل ایک نیا سورج نئی سوچ کے ساتھ طلوع ہو گا۔ 
رینجرز اور پولیس نے رات گئے کیے جانے والے آپریشن کے دوران ڈی چوک، چائنا چوک اور جناح ایونیو سے متعدد افراد کو گرفتار کیا۔ ۔جناح ایونیو پر رینجرز اور مظاہرین میں جھڑپیں بھی ہوئی ہیں۔ 
پی ٹی آئی رہنما زلفی بخاری کے مطابق علی امین اور بشریٰ بی بی احتجاجی کاررواں چھوڑ کر چلے گئے ہیں۔
رات گئے بشریٰ بی بی اور علی امین  کے کنٹینر میں آگ لگ گئی۔ آگ لگنے کی وجہ معلوم نہیں ہوسکی۔
منگل کی شام کے بعد انتظامیہ نے ڈی چوک کے اطراف جی سکس، آبپارہ، میلوڈی، بلیو ایریا، جی سیون کے بازار بند کرا دیے تھے۔

علی امین اور بشریٰ بی بی ابھی تک تو فرار ہیں: محسن نقوی

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ علی امین گنڈاپور اور بشریٰ بی بی فرار ہوگئے ہیں۔
رات گئے ڈی چوک میں  میڈیا سے گفتگو کے دوران جب ان سے پوچھا گیا کہ علی امین گنڈاپور اور بشریٰ بی بی گرفتار ہوئے ہیں یا فرار، تو ان کا جواب تھا کہ ’ابھی تک وہ فرار ہیں۔‘
محسن نقوی نے کہا کہ اس وقت ضروری ہے کہ سڑکیں فوری طور پر کھول دی جائیں۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ سکول پرسوں سے کھل جائیں گے اور موبائل انٹرنیٹ بھی بحال کیا جائے گا۔
’ہم نے دو دفعہ ان کو کہا کہ سنگجانی میں جلسہ کریں۔‘
وزیرداخلہ نے کہا کہ امید ہے کل کا دن نئی سوچ کے ساتھ طلوع ہوگا۔

علی امین اور بشری بی بی احتجاجی کاررواں چھوڑ کر چلے گئے، زلفی بخاری

اسلام آباد پولیس اور رینجرز کی جانب سے کارروائی کے بعد بلیو ایریا کو پاکستان تحریک انصاف کے کارکنان سے کلیئر کراوا لیا گیا ہے۔
پولیس کارروائی کے بعد تحریک انصاف کے کارروان کی قیادت کرنے والے وزیراعلی کے پی علی امین گنڈاپور  اور بشریٰ بی بی جناح ایونیو چھوڑ کر چلے گئے۔
پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی  رہنما زلفی بخاری نے عرب نیوز کو بتایا کہ علی امین اور بشری بی بی احتجاجی کاررواں کو چھوڑ کر چلے گئے ہیں۔
تاہم انہوں نے یہ نہیں بتایا کہ وہ کہاں چلے گئے، البتہ ان کا کہنا تھا کہ دونوں محفوظ ہیں۔

بلیو ایریا کو مظاہرین سے خالی کروا لیا گیا
اسلام آباد پولیس اور رینجرز نے وفاقی دارالحکومت کے بلیو ایریا کو مظاہرین سے خالی کروا لیا ہے۔
سکیورٹی ذرائع کے مطابق بلیو ایریا اس وقت مکمل طور پر کلیئر کروا لیا گیا ہے۔
پولیس اور رینجرز نے کارروائی کے دوران کئی مظاہرین کو گرفتار کر لیا ہے۔
علاقہ کلیئر کروانے کے بعد اس وقت وہاں  کوئی آپریشن نہیں کیا جا رہا ہے۔

دھرنے میں موجود مرکزی کنٹینر میں آگ لگ گئی

پاکستان تحریک انصاف کے دھرنے میں موجود مرکزی کنٹینر میں آگ لگ گئی ہے۔
پاکستان تحریک انصاف کے رہنما زلفی بخاری نے جلتے ہوئے کنٹینر کی تصویر شیئر کی ہے۔
کنٹینر میں بشری بی بی اور علی امین گنڈاپور موجود تھے۔
اس وقت دونوں خیبر پلازہ کے قریب موجود ہیں۔
بشری بی بی اور علی امین گنڈا پور کو کارکنان نے اپنے حصار میں لیا ہوا ہے۔ کارکنان نے قیادت کو گرفتاری سے بچانے کے لیے حصار میں لیا ہوا ہے۔

پی ٹی آئی کے کسی رہنما یا ترجمان سے بات نہیں ہوگی: عطا تارڑ

وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے کہا کہ کسی کو ریڈ زون آنے نہیں دیں گے، انہیں پیچھے دکھیل دیں گے۔
رات گئے جاری ویڈیو بیان میں عطا تارڑ کا کہنا تھا کہ  پی ٹی آئی کے کسی رہنما یا ترجمان سے بات نہیں ہوگی۔
وزیر اطلاعات نے کہا کہ ایکسپریس ہائی وے پر چند گھنٹے پہلے نقاب پوش افراد دیکھے گئے جو جدید اسلحہ سے لیس ہیں۔
’یہ افراد آنسو گیس کے شیل چلاتے ہوئے دیکھے جا سکتے ہیں۔ کیا آنسو گیس چلانے والی گن یا شیل مارکیٹ میں دستیاب ہوتے ہیں؟‘
عطا تارڑ نے کہا کہ خیبر پختونخوا حکومت کے وسائل کا بے دریغ استعمال کیا جا رہا ہے۔
شرپسند عناصر کو سی سی ٹی وی فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے۔‘

 ترجمان خیبرپختونخوا حکومت بیرسٹر سیف کا عمران خان سے رابطہ
خیبرپختونخوا حکومت کے ترجمان بیرسٹر سیف اور تحریک انصاف کے بانی چیئرمین عمران خان کے درمیان رابطہ ہوا ہے۔
ذرائع کی مطابق منگل کی شام بیرسٹر سیف کی عمران خان  سے اسلام آباد احتجاج سے متعلق گفتگو ہوئی، بیرسٹر سیف نے بانی پی ٹی آئی کو احتجاج سے متعلق تفصیلات سے آگاہ کیا۔
بیرسٹر سیف حکمت عملی سے متعلق علی امین گنڈاپور اور دیگر قیادت کو آگاہ کریں گے۔

اسلام آباد احتجاج: جھڑپوں میں بلوچستان سے تعلق رکھنے والے دو پی ٹی آئی کارکنوں کی موت

اسلام آباد میں جھڑپوں کے دوران  بلوچستان سے تعلق رکھنے والے پی ٹی آئی  کے دو کارکنوں کی موت ہوئی ہے- 
پی ٹی آئی بلوچستان کے ڈپٹی جنرل سیکریٹری عارف کاکڑ نے بتایا کہ کارکنوں کا تعلق قلعہ عبداللہ اور پشین تھا۔ 
عارف کاکڑ نے بتایا کہ مرنے والے کارکنوں کی میتیں اسلام اباد سے کوئٹہ روانہ کردی گئی ہیں-

بشریٰ بی بی نے ڈی چوک کے علاوہ کہیں بھی احتجاج سے انکار کر دیا ہے: بیرسٹر سیف
وزیر اعلٰی خیبرپختونخوا کے مشیر برائے اطلاعات اور صوبائی حکومت کے ترجمان بیرسٹر سیف نے کہا ہے کہ ’بشریٰ بی بی نے ڈی چوک کے علاوہ کہیں بھی احتجاج سے انکار کر دیا ہے۔‘
منگل کی شام بیرسٹر سیف نے نجی ٹی وی سما نیوز کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ’عمران خان سنگجانی میں دھرنے پر آمادہ تھے لیکن بشریٰ بی بی نے جگہ کی تبدیلی کے حوالے سے انکار کر دیا۔‘
انہوں نے کہا کہ ’ہمارا مطالبہ تھا کہ عمران خان کو رہا کیا جائے لیکن ابھی تک اس معاملے میں کوئی ٹھوس پیش رفت نہیں ہوئی ہے۔‘
’عمران خان کی رہائی قانونی طریق کار سے ہونی ہے لیکن اس پروسیجر کا بٹن حکومت کے پاس ہے۔ کیونکہ یہ مقدمات حکومت ہی کی جانب سے درج کرائے گئے ہیں۔‘

منگل شام 6 بج کر 14 منٹ

مظاہرے میں جان سے جانے والے3 رینجرز اہلکاروں کی نمازِ جنازہ ادا

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کا کہنا ہے کہ ’اسلام آباد میں مظاہرے کے دوران شہید رینجرز کے جوانوں کی نماز جنازہ ادا کر دی گئی ہے۔‘
آئی ایس پی آر کے مطابق ’شہید رینجرز اہلکاروں کی نماز جنازہ  چکلالہ گیریژن راولپنڈی میں ادا کی گئی۔‘
 نمازجنازہ میں وزیراعظم شہبازشریف، نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے شرکت کی۔
اس موقع پر وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ’سیاسی مفادات کے حصول کے لیے پاکستان کسی فساد اور خونریزی کا متحمل نہیں ہو سکتا۔‘

منگل شام 8 بج کر تین منٹ
اسلام آباد میں تمام سرکاری اور نجی تعلیمی ادار بدھ کو بند رہیں گے
ضلعی انتظامیہ نے وفاقی دارالحکومت میں تیسرے روز بھی تمام تعلیمی ادارے بند رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔
ضلعی انتظامیہ کے مطابق شہر بھر میں تمام نجی و سرکاری تعلیمی ادارے بدھ کو بھی بند رہیں گے۔
تعلیمی اداروں کی بندش کا فیصلہ موجودہ صورتحال کے پیش نظر کیا گیا۔
ضلعی انتظامیہ کے مطابق فیصلے کا اطلاق وفاقی دارالحکومت کے تمام تعلیمی اداروں پر ہو گا۔

منگل شام 7 بج کر 30 منٹ
پاکستان تحریک انصاف کے مظاہرین کے خلاف پولیس کے ممکنہ کریک ڈاؤن کے پیش نظر  بلیو ایریا اور اس کے اطراف رہائشی سیکٹرز میں رینجرز نے پیٹرول پمپس بند کروانا شروع کر دیے ہیں۔ 
میلوڈی پیٹرول پمپ، بلیو ایریا ،کھڈا مارکیٹ،ایف سکس میں موجود پیٹرول پمپس رینجرز اہلکاروں نے بند کرا دیے۔

اہم نکات:

  • آئی جی اسلام آباد علی ناصر رضوی نے کہا ہے کہ شرپسندوں سے اسلام آباد آج ہی خالی کروایا جائے گا
  • قانون نافذ کرنے والے اداروں نے ڈی چوک کا کنٹرول سنبھال لیا ہے۔
  • جو اب تک نہیں پہنچ پائے وہ بھی ڈی چوک پہنچیں: عمران خان
  • مظاہرے میں جان سے جانے والے3 رینجرز اہلکاروں کی نمازِ جنازہ ادا

منگل شام 7 بجے

اسلام آباد شرپسندوں سے آج ہی خالی کروایا جائے گا: آئی جی اسلام آباد

آئی جی اسلام آباد علی ناصر رضوی نے کہا ہے کہ شرپسندوں سے اسلام آباد آج ہی خالی کروایا جائے گا۔
آئی جی اسلام آباد نے سکیورٹی فورسز کے تازہ دم دستے ڈی چوک بھیج  دیے ہیں۔
راولپنڈی ڈویژن کی تمام نفری اسلام آباد طلب کر لی گئی ہے۔ آئی جی پنجاب، سی پی او راولپنڈی ،ڈی پی او اٹک سمیت اہم افسران کو بھی طلب کیا گیا ہے۔
دوسری جانب اسلام آباد انتظامیہ نے ملحقہ سیکٹرز میں مارکیٹیں بند کرانا شروع کر دی ہیں۔

منگل شام 6 بج کر 40 منٹ

پی ٹی آئی کا احتجاج، ڈی چوک میں اس وقت کیا ہو رہا ہے؟

قانون نافذ کرنے والے اداروں نے ڈی چوک کا کنٹرول سنبھال لیا ہے۔
وزیراعلٰی علی امین گنڈا پور اور عمران خان کی اہلیہ کا کنٹینر ابھی ڈی چوک تک نہیں پہنچا۔ پولیس کی جانب سے کنٹینر کو سیونتھ ایونیو کی جانب دھکیل دیا گیا ہے۔
پی ٹی آئی کارکنوں نے عمران خان کی اہلیہ اور وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور کے بغیر آگے بڑھنے سے انکار کر دیا ہے۔
پی ٹی آئی کے کارکنان نے ڈی چوک سے کنٹینر ہٹانے کی کوشش کی تھی جس کے بعد پولیس نے علاقہ خالی کرا لیا اور اس وقت وقفے وقفے سے فائرنگ کی آوازیں سُنی جا رہی ہیں۔

منگل سہ پہر 4 بج کر 53 منٹ

پولیس نے ڈی چوک خالی کرا لیا، جناح ایونیو پر شیلنگ

پولیس نے ڈی چوک کو مکمل خالی کرا لیا ہے اور مظاہرین کو ارجینٹینا پارک کی جانب دھکیل دیا ہے۔
مظاہرین نے ڈی چوک سے کنٹینرز ہٹانے کی کوشش کر رہے تھے جس پر پولیس کی جانب سے شیلنگ کر کے انہیں روکنے کی کوشش کی گئی۔
اُدھر جناح ایونیو پر بھی پولیس کی جانب سے آنسو گیس کی شیلنگ کر کے مظاہرین کو منتشر کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔

شیئر: