’اسلام آباد پر لشکر کشی کی گئی، ہزاروں لوگ اسلحے سمیت آئے‘
جمعرات 28 نومبر 2024 10:51
یہ لائیو پیج اب مزید اب ڈیٹ نہیں کیا جارہا۔
اہم نکات:
-
سٹاک ایکسچینج کی تاریخی بلندی سرمایہ کاروں کے بھروسے کی عکاسی ہے، وزیراعظم شہباز شریف کی مبارکباد
-
عدالتی حکم کے باوجود اسلام آباد میں احتجاج پر پی ٹی آئی اور حکومت سے جواب طلب
-
سکیورٹی الرٹ، امریکی شہریوں کو پشاور کے ایک ہوٹل سے دور رہنے کی ہدایت
-
کوئٹہ میں بچے کا اغوا، خفیہ پیشرفت رپورٹ سپریم کورٹ کے آئینی بینچ کو پیش
-
پی ٹی آئی کا ڈی چوک پر حکومتی کارروائی کا معاملہ قومی اور بین الاقوامی دونوں فورمز پر اٹھانے کا فیصلہ
وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان تحریک انصاف کے احتجاج کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ گزشتہ دن اسلام آباد پر لشکر کشی کی گئی۔
جمعرات کو اسلام آباد میں وزیراعظم شہباز شریف نے 26ویں نیشنل سکیورٹی ورکشاپ کے شرکا سے خطاب میں کہا کہ احتجاج میں شرکت کرنے والے ہزاروں افراد نے اسلحے سمیت دارالحکومت کی جانب مارچ کیا۔
اس سے قبل امن و امان کی صورتحال سے متعلق وزیراعظم شہباز شریف کی زیرِ صدارت اجلاس ہوا جس میں ان کو گزشتہ دنوں ملک میں دھرنوں کی صورت میں احتجاج کرنے والوں کی جانب سے سرکاری املاک اور پولیس و رینجرز کے اہلکاروں پر حملے کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔
اجلاس سے خطاب میں وزیراعظم نے کہا کہ ’قانونی راستہ اپنانے کی بجائے بارہا اسلام آباد کی طرف لشکر کشی کرکے ملک بھر میں انتشار کی فضا پھیلانے کی کوشش کی گئی۔‘
وزیراعظم نے اعلٰی حکام کو ہدایت کی کہ ’اسلام آباد پر لشکر کشی کرنے والے شرپسند ٹولے کے خلاف فوری قانونی چارہ جوئی کی جائے۔‘
ان کا کہنا تھا کہ حکومت نے نام نہاد پر امن دھرنے کے مسلح افراد کو انتشار پھیلانے سے روکنے میں برداشت کا مظاہرہ کیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ ’بلوائیوں سے نمٹنے کے لیے اسلام آباد اور ملک بھر میں اینٹی رائٹس فورس قائم کی جائے۔‘
سلمان اکرم راجہ سیکریٹری جنرل پی ٹی آئی کے عہدے سے مستعفی
ثوبان افتخار راجہ، اردو نیوز اسلام آباد
پاکستان تحریک انصاف کے رہنما سلمان اکرم راجہ نے سیکریٹری جنرل کے عہدے سے استعفیٰ دے دیا ہے۔
سلمان اکرم راجہ کو بانی پی ٹی آئی نے عمر ایوب کی جگہ سیکریٹری جنرل نامزد کیا تھا۔
سلمان اکرم راجہ کا پارٹی کی جانب سے سیکریٹری جنرل کا باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری نہیں ہوا تھا۔
پی ٹی آئی ذرائع کے مطابق سلمان اکرم راجہ نے مستعفی ہونے موقع پر کہا کہ انہوں نے سیکریٹری جنرل کے عہدے سے سبکدوش ہونے کا فیصلہ کیا ہے۔
’میں بطور وکیل اور میڈیا میں اپنا حصہ ڈالتا رہوں گا۔ میں قانونی کمیٹی کے سربراہ کی حیثیت سے اپنے فرائض سرانجام دیتا رہوں گا۔ کاش یہ بات میں خود خان صاحب کے سامنے بیان کر سکتا۔ میں جمہوریت اور انسانی حقوق کی اس جنگ کے لیے پرعزم ہوں جو تحریک انصاف کر رہی ہے۔‘
عدالتی حکم کے باوجود اسلام آباد میں احتجاج، پی ٹی آئی اور حکومت سے جواب طلب
اسلام آباد ہائیکورٹ نے توہین عدالت کیس میں پاکستان تحریک انصاف کو نوٹس جاری کر کے آئندہ ہفتے جواب طلب کر لیا ہے۔
عدالت نے سیکریٹری داخلہ، چیف کمشنر، ڈپٹی کمشنر اور آئی جی اسلام آباد کو بھی نوٹس جاری کر دیا ہے۔
جمعرات کو اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس عامر فاروق نے کیس کی سماعت کی۔
اسلام آباد ایف سیون کے تاجروں کی تنظیم کے صدر نے توہینِ عدالت کی درخواست دائر کر رکھی ہے۔
درخواست میں کہا گیا ہے کہ ’ہائیکورٹ کے واضح حکم کے باوجود ہزاروں مظاہرین اسلام آباد میں داخل ہوئے، اور نظام مفلوج کر کے رکھ دیا۔‘
درخواست کے مطابق حکومت اور انتظامیہ اسلام آباد میں امن و امان برقرار رکھنے میں ناکام رہے۔
’عدالتی حکم عدولی پر فریقین کے خلاف توہینِ عدالت کی کارروائی کی جائے۔‘
گورنر پنجاب کو اتنی ہمدردی ہے تو پیپلز پارٹی چھوڑ کر تحریک انصاف جوائن کر لیں: عظمی بخاری
رائے شاہنواز، اردو نیوز لاہور
پنجاب حکومت کی وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری نے لاہور میں جمعرات کے روز جاری ایک بیان میں کہا ہے کہ گورنر پنجاب کو تحریک انصاف سے اتنی زیادہ ہمدردی ہے تو وہ گورنر شپ سے استعفی دے کر پی ٹی آئی جوائن کر لیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ’تحریک انصاف کے لوگ خود اپنی قیادت پر تنقید کر رہے ہیں لیکن گورنر پنجاب کو اب ان سے ہمدردی ہو رہی ہے۔‘
وزیر اطلاعت پنجاب عظمیٰ بخاری نے یہ بیان گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر کی لاہور میں صحافیوں سے ملاقات کے درمیان ہونے والی گفتگو کے تناظر میں دیا ہے۔
حج درخواستوں کی وصولی کے لیے نامزد بینکوں کو ہفتہ اور اتوار کو کھلے رکھنے کا فیصلہ
حج درخواستوں کی وصولی کے لیے نامزد بینکوں کو ہفتہ اور اتوار کو کھلے رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
سٹیٹ بینک آف پاکستان نے نامزد بینکوں کو ہفتہ اور اتوار (30 نومبر اور یکم دسمبر) کو بینک کھلے رکھنے کے احکامات جاری کر دیے۔
وزارت مذہبی امور کی درخواست پر عازمین حج کی آسانی کے لیے بینک دن ڈھائی بجے تک کھلے رہیں گے۔
ترجمان مذہبی امور کے مطابق نامزد بینک تین دسمبر تک بلاتعطل حج درخواستوں کی وصولی جاری رکھیں گے۔
اسلام آباد سمیت ملک کے مختلف حصوں 5 اعشاریہ 2 شدت کا زلزلہ
اسلام آباد سمیت ملک کے مختلف حصوں میں بدھ کو زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔
زلزلہ پیما مرکز کے مطابق زلزلے کی شدت 5 اعشاریہ 2 ریکارڈ کی گئی، اور گہرائی 212 کلومیٹر تھی۔
زلزلہ کوہ پیما مرکز نے کہا ہے کہ زلزلے کا مرکز افغانستان تاجکستان بارڈر تھا۔
انسداد دہشت گردی عدالت نے صحافی مطیع اللہ جان کا دو دوزہ جسمانی ریمانڈ منظور کر لیا
اسلام آباد میں انسداد دہشت گردی کی ایک عدالت نے صحافی اور اینکر پرسن مطیع اللہ جان کا دو روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کرتے ہوئے اسلام آباد پولیس کے حوالے کر دیا ہے۔
صحافی اور نجی نیوز چینل سے منسلک اینکر مطیع اللہ جان کو گزشتہ رات اسلام آباد کے پمز ہسپتال کی پارکنگ سے اغوا کیا گیا۔
جمعرات کو انسداد دہشت گردی کی عدالت میں جج طاہر جاوید سپرا نے مقدمے کی سماعت کرتے ہوئے مطیع اللہ جان کو 30 نومبر کو عدالت میں دوبارہ پیش کرنے کا حکم دیا ہے۔
مطیع اللہ جان کے خلاف اسلام آباد کے تھانہ مارگلہ میں درج مقدمے میں انسداد دہشت گردی ایکٹ کی دفعات بھی شامل کی گئی ہیں۔ درج مقدمے میں الزام عائد کیا گیا ہے کہ صحافی مطیع اللہ سے 246 گرام آئس برآمد ہوئی جبکہ انھوں نے پولیس اہلکاروں کو جان سے مارنے کی کوشش کی ہے۔
اسلام آباد میں موبائل ڈیٹا سروس تاحال معمول پر نہیں آ سکی
بشیر چوہدری، اردو نیوز اسلام آباد
پاکستان تحریک انصاف کے احتجاج کے ختم ہونے کے بعد اسلام آباد، لاہور اور پشاور سمیت دیگر شہروں میں معمولات زندگی تو بحال ہو چکے ہیں، لیکن اس دوران مختلف علاقوں میں بند کی گئی موبائل انٹرنیٹ سروسز تاحال معمول پر نہیں آ سکیں۔
اس وقت بھی موبائل ڈیٹا پر سوشل میڈیا ایپس سمیت واٹس ایپ نہیں چل رہے، اور اگر ٹیکسٹ میسج جا بھی رہے ہیں تو ویڈیو، تصاویر اور وائس میسج اپ لوڈ اور ڈاؤن لوڈ نہیں ہو رہے۔
کوئٹہ میں بچے کا اغوا، خفیہ پیشرفت رپورٹ سپریم کورٹ کے آئینی بینچ کو پیش
سپریم کورٹ کے آئینی بینچ نے کوئٹہ میں بچے کے اغوا پر ازخود نوٹس لینے کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ وفاق سے اگر کوئی معاونت درکار ہو تو فراہم کرے۔
جسٹس امین الدین خان کی سربراہی میں پانچ رکنی آئینی بنچ نے سماعت کی۔
اٹارنی جنرل منصور عثمان اعوان نے کہا ہے کہ مغوی بچے سے متعلق ایک خفیہ پیشرفت رپورٹ جائزہ کے لیے آئی ہے۔
انہوں نے استدعا کی کہ آئینی بینچ چیمبر میں رپورٹ کا جائزہ لے۔ ’بچے کی بازیابی کے لیے مشترکہ جے آئی ٹی قائم کرنے پر پیشرفت ہو رہی ہے۔‘
جسٹس جمال خان مندوخیل نے کہا کہ ’یہ تاثر نہ لیا جائے کہ آئینی بینچ نے ازخود نوٹس لیا ہے۔‘
جسٹس جمال مندوخیل نے بچے کے والد کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ’ہر طرف سے تعاون ہو گا، ہم سب آپ کے لیے پریشان ہیں۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ ’میڈیا اس کیس کی زیادہ تشہیر نہ کرے بچے کی زندگی کو خطرہ ہو سکتا ہے۔‘
ایڈووکیٹ جنرل بلوچستان کا کہنا تھا کہ ’دھرنا ختم کریں یہ ہماری درخواست ہے، دھرنے سے معاملہ حل ہوتا تو ہم بھی بیٹھنے کے لیے تیار ہیں۔‘
24 نومبر کا احتجاج، راولپنڈی ریجن میں 1151 مظاہرین گرفتار
راولپنڈی پولیس نے کہا ہے کہ 24 نومبر کے احتجاج میں کم سے کم 1151 مظاہرین کو گرفتار کیا گیا ہے۔
آر پی او اور سی پی او راولپنڈی نے ڈی پی او اٹک کے ساتھ پریس کانفرنس کے کرتے ہوئے کہا کہ مظاہرین کی جانب سے ہکلہ کے مقام پر پولیس پر سیدھی فائرنگ کی گئی۔
آر پی او راولپنڈی بابر سرفراز الپا نے کہا کہ 32 کیسز رجسٹرڈ اور 1151 گرفتار کیے گئے، جن میں 64 افغان شہری ہیں۔
انہوں نے کہا کہ 170 پولیس اہلکار و افسران زخمی ہوئے، اور 25 کی حالت نازک ہے۔
سکیورٹی الرٹ، امریکی شہریوں کو پشاور کے ایک ہوٹل سے دور رہنے کی ہدایت
پاکستان میں امریکی سفارت خانے نے بدھ کے روز ایک سکیورٹی الرٹ جاری کیا، جس میں پشاور کے ایک ہوٹل کو ممکنہ خطرے کی وارننگ دی گئی ہے۔
امریکی سفارت خانے کی جانب سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ امریکی شہریوں کو 16 دسمبر تک سرینا ہوٹل اور آس پاس کے علاقے سے دور رہنے کا مشورہ دیا ہے۔
سفارتخانے نے کہا کہ ممکنہ خطرے سے متعلق مصدقہ معلومات موصول ہوئی ہیں۔
سفارتخانے نے امریکی اہلکاروں کو ہدایت کی ہے کہ ’وہ صوبہ خیبرپختونخوا میں پشاور گالف کلب کے قریب خیبر روڈ پر واقع ہوٹل سے نکل جائیں۔‘
خیبر پختونخوا میں دہشت گردی کے واقعات میں اضافہ رپورٹ ہوا ہے، جہاں سکیورٹی حکام باقاعدگی سے خطرات سے متعلق خبردار کرتے رہتے ہیں۔
پاکستانی حکام نے ابھی تک اس خطرے کی نوعیت یا علاقے کو محفوظ بنانے کے لیے کیے جانے والے اقدامات کے بارے میں کوئی تبصرہ نہیں کیا ہے۔
’اسلام آباد میں جو کچھ ہوا، اس کی ذمہ دار وفاقی حکومت ہے‘
زین الدین احمد، اردو نیوز کوئٹہ
پشتونخوا میپ کے سربراہ محمود خان اچکزئی نے ڈی چوک میں پی ٹی آئی مظاہرین کے خلاف حکومتی کارروائی کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف فوری طور پر استعفیٰ دیں۔
جمعرات کو کوئٹہ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے محمود خان اچکزئی نے کہا کہ اسلام آباد میں جو کچھ ہوا اس کی ذمہ دار وفاقی حکومت ہے۔
’ڈی چوک میں پاکستان تحریک انصاف کے کارکنوں کی ہلاکت کے ذمہ داروں کے خلاف کارروائی ہونی چاہیے۔‘
ان کا کہنا تھا کہ ’بلوچستان اسمبلی کی پی ٹی آئی پر پابندی سے متعلق کوئی حیثیت نہیں ہے، یہ اسمبلی زر و زور پر بنی ہے۔‘
پاکستان کو ڈیفالٹ سے بچانے کے لیے اپنی سیاست کی قربانی دی، وزیراعظم
وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان سٹاک ایکسچینج کے 100 انڈیکس کے ایک لاکھ پوائنٹس سے تجاوز پر پوری قوم کو مبارکباد دی ہے۔
جمعرات کو ایک بیان میں وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ سٹاک ایکسچینج کا تاریخ میں پہلی مرتبہ ایک لاکھ پوائنٹس سے تجاوز کرنا حکومتی پالیسیوں پر کاروباری برادری اور سرمایہ کاروں کے بھروسے کی عکاسی کرتا ہے۔
’اس سنگ میل کو عبور کرنے کے لیے حکومتی معاشی ٹیم اور ملک میں سرمایہ کاری کے فروغ کیلئے مصروف عمل حکام لائق تحسین ہیں۔‘
ان کا کہنا تھا کہ ’پاکستان کو ڈیفالٹ سے بچانے کے لیے اپنی سیاست کی قربانی دی، اللہ کے فضل و کرم سے قربانی رائیگاں نہیں گئی۔‘
دوسری جانب وزیراعلٰی پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) کی قیادت میں ملک ترقی کی راہ پر گامزن ہے۔ ’مسلم لیگ ن نے سٹاک مارکیٹ میں سیاسی نعرے نہیں لگوائے بلکہ موثر پالیسی سے ایک لاکھ پوائنٹس عبور کرایا۔‘
ورلڈ بینک اور سی ڈی اے کی مشترکہ ٹیم انسداد سموگ پلان تیار کرے گی
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی سے ورلڈ بینک کے کنٹری ڈائریکٹر ناجے بن حسین نے ملاقات کی ہے۔
وزارت داخلہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ملاقات میں سموگ کے مسئلے پر باہمی تعاون سے قابو پانے پر اتفاق کیا گیا۔
اس ضمن میں ورلڈ بینک اور سی ڈی اے کی مشترکہ ٹیم انسداد سموگ پلان تیار کرے گی۔
ملاقات میں پاکستان میں پائیدار ترقی کے اہداف اور باہمی دلچسپی کے امور پر گفتگو کی گئی، الیکٹرک بسوں، صاف پانی، نکاسی آب اور کچی آبادیوں کی ترقی کے لیے معاونت پر بات چیت کی گئی۔
’حقیقی آزادی کی خاطر قربانی دینے والوں کے خون کا پورا پورا حساب لیا جائے گا‘
وزیراعلٰی خیبر پختونخوا کے مشیر برائے اطلاعات بیرسٹر سیف نے کہا ہے کہ ڈی چوک میں پی ٹی آئی کارکنوں کے خلاف حکومتی کارروائی کو قومی اور بین الاقوامی فورم پر اٹھایا جا رہا ہے۔
جمعرات کو ایک بیان میں بیرسٹر سیف نے کہا کہ ’انسانی حقوق کی تمام بین الاقوامی تنظیموں کے ساتھ بربریت کے اس واقعے کو اٹھایا جا رہا ہے۔ حقیقی آزادی کی خاطر قربانی دینے والوں کے خون کا پورا پورا حساب لیا جائے گا۔‘
ان کا کہنا تھا کہ ’ن لیگ کا ہر دور ظلم وبربریت کے داستانوں سے بھرا پڑا ہے۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ ’ڈی چوک میں نہتے کارکنوں پر گولیاں برسائی گئیں۔‘
بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کے خلاف 190 ملین پاؤنڈ کیس کی سماعت بغیر کارروائی ملتوی
پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کی اہلیہ کے خلاف 190 ملین پاؤنڈ کیس کی سماعت بغیر کارروائی ملتوی کی گئی۔
190 ملین پاؤنڈ کیس کی سماعت دو دسمبر تک ملتوی کر دی گئی۔
سماعت احتساب عدالت کے جج ناصر جاوید رانا کی عدم دستیابی کے باعث ملتوی کی گئی۔
آج بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کا 342 کا بیان اڈیالہ جیل میں ریکارڈ ہونا تھا۔
عمران خان کی اہلیہ کو اسلام آباد کے احتجاج سے زبردستی ہٹایا گیا، بہن کا دعویٰ
پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ اور سابق وزیراعظم عمران خان کی اہلیہ کی بہن نے الزام عائد کیا ہے کہ ان کی بہن کو احتجاج سے زبردستی ہٹا دیا گیا تھا اور اب ان کا ٹھکانہ معلوم نہیں ہے۔
اسلام آباد سے نکلنے کے بعد منگل کو مانسہرہ میں وزیراعلٰی خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور کارکنوں سے خطاب کرتے نظر آئے، جبکہ وہاں عمران خان کی اہلیہ نظر نہیں آئیں۔
مقامی میڈیا چینل کے ایک پروگرام میں ان کی بہن مریم ریاض وٹو نے الزام لگایا کہ بشریٰ بی بی کو خیبر پختونخوا کی انتظامیہ نے حراست میں لے لیا، اور نہیں معلوم کہ ان کو کہاں رکھا گیا۔‘
رحیم یار خان میں 22 سنگین مقدمات کا ریکارڈ یافتہ خطرناک ڈاکو ہلاک، پنجاب پولیس
پنجاب پولیس کے ترجمان نے کہا ہے کہ رحیم یار خان میں درجنوں سنگین مقدمات کا ریکارڈ یافتہ خطرناک ڈاکو پولیس مقابلے میں ہلاک ہو گیا ہے۔
پولیس ترجمان کے مطابق خطرناک ہلاک ڈاکو اغوا، ڈکیتی اور چوری جیسے 22 سنگین مقدمات کا ریکارڈ یافتہ تھا۔
ہلاک ڈاکو نے کچھ عرصہ قبل ڈاکٹر خالد محمود کو سندھ جاتے ہوئے اغوا کیا تھا، جنہیں پولیس نے کامیاب آپریشن کے بعد بحفاظت بازیاب کروا لیا تھا۔