Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

چیمپئنز ٹرافی کا تنازع: ہائبرڈ ماڈل نہیں، فیصلہ برابری کی بنیاد پر ہی ہو گا: پی سی بی

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین محسن نقوی نے کہا ہے کہ چیمپئنز ٹرافی 2025 سے متعلق فیصلہ برابری کی بنیاد پر ہو گا۔
چیئرمین پی سی بی نے سنیچر کو دبئی میں انڈر 19 ایشیا کپ میں پاکستان کی انڈیا کے خلاف جیت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ’چیمپئنز ٹرافی کے معاملات چل رہے ہیں، کوشش کریں گے جو پاکستان کے لیے بہترین ہو، حاصل کیا جائے۔
ہائبرڈ فارمولے پر رضامند ہونے کے سوال پر محسن نقوی کا کہنا تھا کہ ہائبرڈ فارمولا تو نہیں لیکن اب جو بھی ہو گا برابری کی بنیاد پر ہی ہو گا، یہ میرا وعدہ ہے۔ اب جو بھی فارمولا بنے گا، وہ مستقبل کے لیے مثال بنے گا۔ یہ معاملہ صرف چیمپیئنز ٹرافی تک محدود نہیں۔‘
خیال رہے کہ اس سے قبل انڈین میڈیا نے دعویٰ کیا تھا کہ پاکستان نے چیمپئنز ٹرافی سے متعلق ہاہبرڈ ماڈل پر مشروط رضامندی کا اظہار کیا ہے اور موقف اپنایا ہے کی اگر انڈیا فائنل میں پہنچنے میں کامیاب نہ ہوا تو چیمپئنز ٹرافی کا فائنل لاہور میں ہو گا،
انہوں نے کہا کہ ’پاکستان چیمپئنز ٹرافی ٹورنامنٹ کے لیے پوری طرح تیار ہے۔ سکیورٹی سمیت تمام انتظامات کو حتمی شکل دی جا چکی ہے۔ ہم پرامن ملک ہیں اور پاکستانی قوم کرکٹ کے کھیل سے محبت کرتی ہے۔‘
’ کرکٹ شائقین چیمپئنز ٹرافی کے بڑے مقابلے کے لیے بے تاب ہیں، تمام ممالک کو سرکاری مہمانوں کا پروٹوکول اور سکیورٹی دی جائے گی۔ کرکٹ اور سیاست کو الگ الگ رکھنا ہے۔ ہم ہر ٹیم کو کھلے دل سے خوش آمدید کہتے ہیں۔‘
آئی سی سی کے ساتھ جاری مشاورت کا حوالہ دیتے ہوئے محسن نقوی نے کہا کہ ’چیمپئنز ٹرافی سے متعلق پاکستان اور انڈیا نے اپنی تجاویز آئی سی سی کے سامنے رکھ دیں ہیں۔ اگر ہائبرڈ ماڈل کے علاوہ کوئی اور ماڈل بنا تو فیصلہ برابری کی بنیاد پر ہو گا۔ یہ نہیں ہو سکتا کہ ہم انڈیا جائیں اور انڈیا پاکستان نہ آئے۔‘

شیئر: