Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

بیرسٹر گوہر کو سمجھ نہیں، بشریٰ بی بی نے میری ہدایت پر عمل کیا، عمران خان

یہ لائیو پیج مزید اپ ڈیٹ نہیں کیا جا رہا 

اہم نکات:

  • وزیرِاعظم شہباز شریف دو روزہ دورے پر سعودی عرب پہنچ گئے
  • فساد کو روکنا موجودہ حکومت کی ذمہ داری ہے: سپیکر پنجاب اسمبلی
  • چین کے سفیر بلاول بھٹو سے ملاقات، دوطرفہ تعلقات کے فروغ پر گفتگو
  • زندگی میں کبھی ایسی بربریت کا مظاہرہ نہیں دیکھا: مریم نواز

عمر ایوب جوڈیشل کمیشن سے مستعفی، بیرسٹر گوہر نامزد

پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف عمر ایوب نے جوڈیشل کمیشن سے استعفی دیتے ہوئے بیرسٹر گوہر کو اپنی جگہ نامزد کر دیا ہے۔
انہوں نے سپیکر قومی اسمبلی کے نام خط میں کہا ہے کہ ’میں نے جوڈیشل کمیشن سے استعفی کا فیصلہ اپنے خلاف درج ایف آئی آرز اور قانونی کیسز کے باعث کیا۔ ابھی ایف آئی آرز اور قانونی کیسز کو میری مکمل توجہ درکار ہے۔ موجودہ لیگل چیلنجز کمیشن میں موثر کارکردگی دیکھانے میں رکاوٹ ہیں۔‘
’ادارے کے مفاد میں ہے کہ میں کسی اور کو اپنی جگہ نامزد کروں جو اپنی تمام تر توجہ اس اہم رول پر ادا کر سکے۔ اس لیے میرا استعفی جلد منظور کر کے بیرسٹر گوہر کو جوڈیشل کمیشن کا رکن نامزد کیا جائے۔‘

بیرسٹر گوہر کو سمجھ نہیں، بشریٰ بی بی نے میری ہدایت پر عمل کیا: عمران خان

سابق وزیراعظم اور بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان نے کہا ہے کہ اسلام آباد میں پی ٹی آئی کے احتجاج کے لیے انہوں نے اپنی اہلیہ کو ہدایات دی تھیں اور انہوں نے اس پر عمل کیا۔
مقامی میڈیا کے مطابق منگل کو اڈیالہ جیل میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ’بشریٰ بی بی کو میں نے ہدایت دی تھی کہ احتجاج کو کس طرح اسلام آباد لے کر جانا ہے، انہوں نے جو کیا میری ہدایات کے مطابق کیا، یہ سیاست نہیں جہاد ہے۔
عمران خان نے کہا کہ ’آج مجھے مکمل تفصیلات سے فیملی نے آگاہ کیا، کل مجھے مکمل تفصیلات نہیں بتائی گئیں، آج مکمل تفصیلات سے آگاہ کیا اور بتایا کہ گولیاں چلیں، بندے مر گئے، میرے وکلا اور فیملی نے بتایا 14 لوگوں کی موت کی تفصیلات آ گئی ہیں۔
پی ٹی آئی کے چیئرمین بیرسٹر گوہر کے بارے میں انہوں نے کہا کہ ’اموات اور احتجاج کے حوالے سے پارٹی میں جو کنفیوژن ہے اس پر میں یہی کہوں گا کہ بیرسٹر گوہر خان کو یا تو چیزوں کی سمجھ نہیں یا اندازہ نہیں ہے کہ اصل میں ہمارے ساتھ اور ورکروں کے ساتھ  ہوا کیا ہے۔
’اگر یہ سمجھتے ہیں جو انہوں نے کیا ہم اس پر خاموش رہیں گے تو ایسا نہیں ہوگا، یہ جو بربریت ہوئی ہے دنیا میں کسی جگہ ایسا نہیں ہوا۔ ہم اس پر پورے زور سے ہر جگہ آواز اُٹھائیں گے، انٹرنیشنل فورمز پر جائیں گے، میری مزید مشاورت جاری ہے، میں تفصیلات اکٹھی کر رہا ہوں، ہم اس کو ایسے نہیں چھوڑیں گے۔‘

پامی نے بی ڈی ایس پروگرام میں توسیع کا نوٹیفکیشن مسترد کر دیا

پاکستان ایسوسی ایشن آف پرائیویٹ میڈیکل اینڈ ڈینٹل انسٹی ٹیوشنز (پامی) نے پی ایم ڈی سی کی طرف سے پانچ سالہ بی ڈی ایس پروگرام کے حوالے سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کو مسترد کر دیا ہے۔
پامی کی جانب سے منگل کو جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ نوٹیفکیشن طلبا، والدین، فیکلٹی اور کالجوں کے لیے پریشانی کا باعث ہے اور یہ پاکستان میں دندان سازی کے پیشے کو ختم کرنے کی کوشش ہے۔ یہ ایک حقیقت ہے کہ پاکستان میں اب بھی ڈینٹل ڈاکٹرز کی کمی ہے۔
بیان کے مطابق یہ فیصلہ کرنے سے پہلے سٹیک ہولڈرز کو آن بورڈ نہیں لیا گیا۔ ہم اس فیصلے کی مذمت کرتے ہیں اور حکومت سے درخواست کرتے ہیں کہ اس غی قانونی عمل کے خلاف کارروائی کرے اور فیصلہ واپس لیا جائے بصورت دیگر پی ایم ڈی سی کے خلاف ملک گیر احتجاج کیا جائے گا۔
خیال رہے کہ پی ایم ڈی سی نے پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل پروگرام کی مدت میں ایک سال کی توسیع کرتے ہوئے اسے پانچ سال کر دیا ہے۔

اسلام آباد ایئرپورٹ پر نجی ایئرلائن کی فلائٹ میں بم کی جعلی اطلاع

اسلام آباد ایئرپورٹ پر نجی ایئرلائن کی فلائٹ میں بم کی جعلی اطلاع پر پرواز تاخیر کا شکار ہو گئی۔
پرواز نے 2 بج کر 10 منٹ پر کراچی کے لیے اُڑان بھرنی تھی۔ جہاز میں بیٹھے ایک شخص نے دوسرے شخص کو میسج کر کے بتایا کہ جہاز میں بم ہے۔ میسج ملنے کے بعد جہاز کو پروٹوکول کے مطابق ٹیک اُف سے روک دیا گیا۔
جہاز کی کھوج رسا کتوں کی مدد سے تلاشی لی گئی اور جہاز میں بیٹھے دونوں افراد کو تحویل میں لے لیا گیا۔
جہاز میں وی آئی پیز، اراکین اسمبلی سمیت 150 افراد سوار تھے، تلاشی کے بعد بورڈنگ کا عمل دوبارہ شروع کردیا گیا۔

خیبرپختونخوا کے اوورسیز پاکستانیوں کے حقوق کے لیے قانون تیار

خیبرپختونخوا حکومت نے صوبے سے تعلق رکھنے والے اوور سیز شہریوں کے حقوق کے تحفظ کے لیے قانون تیار کیا ہے جسے اسمبلی نے پاس کر لیا ہے۔
قانون سازی کے بعد اوور سیز شہریوں کے مسائل حل کرنے کے لیے کمیشن قائم کیا جائے گا۔
گریڈ 20 یا اس سے اوپر گریڈ  کے سرکاری افسر کو اوورسیز کمیشن کا کمشنر مقرر کیا جائے گا اور وزیر اعلی اووررسیز کمیشن کے چئیر پرسن ہوں گے۔
کمشنر اورو سیز شہریوں کی شکایات کا ازالہ نہ کرنے پر سرکاری اہلکاروں کے خلاف ڈسپلنری ایکشن تجویز کریں گے۔

فساد کو روکنا موجودہ حکومت کی ذمہ داری ہے: سپیکر پنجاب اسمبلی

سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان نے پی ٹی آئی کے احتجاج کے حوالے سے کہا ہے کہ ’فساد کو روکنا موجودہ حکومت کی ذمہ داری ہے، یہ سیاسی نہیں فسادی ہیں۔ ڈنڈے اور لاٹھیاں اٹھا کر کون احتجاج کرتا ہے؟‘
ان کا کہنا تھا کہ ’رینجرز کے جوانوں کی اموات ہوئیں، آرمی چیف اور وزیر اعظم نے جا کر جنازے میں شرکت کی۔ یہ کہتے ہیں 11 لوگ ہلاک ہوئے ایک ہوا ہوگا تحریک انصاف نے گیارہ بنا دیے۔ اگر لوگ ہلاک ہوئے ہیں تو کہاں ہیں۔‘
ملک محمد احمد خان نے کہا کہ گورنر کے پی کے کی آئینی ذمہ داری ہے کہ سربراہ مملکت کو حالات سے آگاہ کرے۔
انہوں نے مزید کہا کہ سیاسی جماعتوں پر پابندی اور گورنر راج کے خلاف ہوں۔

چین کے سفیر کی بلاول بھٹو سے ملاقات، دوطرفہ تعلقات کے فروغ پر گفتگو

پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری سے چین کے سفیر جیانگ زیڈونگ کی زرداری ہاؤس اسلام آباد میں ملاقات ہوئی۔
منگل کو پیپلز پارٹی کی طرف سے جاری بیان کے مطابق بلاول بھٹو زرداری اور پاکستان میں چین کے سفیر جیانگ زیڈونگ کے درمیان دوطرفہ تعلقات کے فروغ پر بات چیت ہوئی۔ اس کے علاوہ دوطرفہ سماجی و ثقافتی رابطوں میں اضافے پر بھی گفتگو کی گئی۔

وزیرِاعظم شہباز شریف دو روزہ دورے پر سعودی عرب پہنچ گئے

سعودی دارالحکومت پہنچنے پر ریاض کے نائب گورنر شہزادہ محمد بن عبدالرحمن بن عبد العزیز نے وزیرِاعظم کا کنگ خالد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر استقبال کیا۔
اس موقع پر پاکستان کے سعودیہ میں سفیر احمد فاروق، پاکستانی و سعودی اعلی حکام بھی موجود تھے.
وزیرِ اعظم سعودی عرب، فرانس، قزاقستان اور عالمی بینک کے اشتراک سے منعقدہ ون واٹر سربراہی اجلاس میں شرکت کریں گے اور خطاب بھی کریں گے۔

زندگی میں کبھی ایسی بربریت کا مظاہرہ نہیں دیکھا: مریم نواز

پنجاب کی وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے پی ٹی آئی کے احتجاجی مظاہرے کے بارے میں کہا ہے کہ انہوں نے زندگی میں کبھی ایسی بربریت اور ظلم و تشدد کامظاہرہ نہیں دیکھا۔
منگل کو لاہور میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ’پی ٹی آئی ورکرز کی بربریت اور بے رحمانہ تشدد سے 172پولیس اہلکار زخمی ہوئے، بیشترکی حالت نازک ہے۔‘
انہوں نے کہا کہ ’سی ایم ایچ راولپنڈی میں زیر علاج زخمی اہلکاروں کی حالت دیکھ کر شرم آتی ہے کہ مارنے والے ہمارے لوگ ہیں۔ کیلوں والے ڈنڈوں اور رائفل کے بٹ سے جتھو ں نے سکیورٹی اہلکاروں کو الگ الگ کرکے مارا۔‘
مریم نواز نے کہا کہ ’پولیس کو ہدایت کی گئی تھی گولی نہیں چلانی۔‘
ان کا مزید کہنا تھا کہ ’پنجاب میں 10 ہزار تربیت یافتہ سکیورٹی اہلکاروں کی انسداد فسادات کے لیے خصوصی فورس قائم کی جائے گی۔‘

شیئر: