لائیو: محکمہ موسمیات کی اگلے ہفتے شدید سردی کی لہر کی پیش گوئی
(یہ لائیو پیج مزید اپ ڈیٹ نہیں کیا جا رہا۔)
اہم نکات
-
تحریک انصاف کے رہنما عمر ایوب اور راجہ بشارت رہا
-
وکلا ایکشن کمیٹی کی جسٹس منصور شاہ کے خط کی حمایت
-
پنجاب میں صارفین کے لیے فری سولر پینل سکیم کا آغاز
-
عمران خان کا مطالبات پورے نہ ہونے پر سول نافرمانی کی تحریک کا عندیہ
محکمہ موسمیات کی اگلے ہفتے شدید سردی کی لہر کی پیش گوئی
پاکستان میں محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ اگلے ہفتے ملک میں شدید سردی پڑنے کا امکان ہے۔
جمعے کو جاری کی گئی ایڈوائزری میں محکمہ موسمیات نے بتایا کہ سات دسمبر سے مغربی ہوائیں ملک کے بالائی علاقوں میں داخل ہوں گی۔
محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کی ہے کہ 8 سے 14 دسمبر کے دوران سردی کی شدید لہر آنے کا امکان ہے۔
’پنجاب، خیبر پختونخوا اور کشمیر میں درجہ حرارت 4 سے 6 ڈگری معمول سے کم ہو گا۔‘
محکمہ موسمیات کے مطابق میدانی علاقوں میں کہرا پڑنے کا امکان ہے جبکہ چترال، سوات، ایبٹ آباد، مانسہرہ، وادی نیلم، مظفر آباد، راولاکوٹ میں گرج چمک کے ساتھ بارش اور پہاڑوں پر برفباری ہو سکتی ہے۔
’سات اور 8 دسمبر کے دوران مری، گلیات، اسلام آباد، راولپنڈی، لاہور میں بھی گرج چمک کے ساتھ بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے۔‘
محکمہ موسمیات نے کسانوں کو موسم کی صورتحال کے باعث اپنے معمولات ترتیب دینے اور سیاحوں کو بھی غیرضروری سفر سے گریز کرنے کی ہدایت کی ہے۔
بلوچستان کے ضلع نوشکی سے اغوا کیے گئے چھ مزدور بازیاب
بلوچستان میں حکام نے کہا ہے کہ عسکریت پسندوں کی جانب سے اغوا کیے گئے چھ مزدوروں کو چھوڑ دیا گیا ہے۔
جمعے کو ایک بیان میں کہا گیا کہ بلوچستان کے ضلع نوشکی میں ایک ڈیم پر کام کرنے والے چھ مزدوروں کو گزشتہ ہفتے اغوا کیا گیا تھا جن کو چھوڑ دیا گیا اور اب یہ پیراملٹری فورسز کی تحویل میں ہیں۔
گزشتہ ماہ 30 نومبر کو بلوچستان لبریشن آرمی نے دعویٰ کیا تھا کہ اُس نے چھ مزدوروں کو اغوا کر لیا ہے۔
مدارس بِل پر وزیراعظم اور مولانا فضل الرحمان کا ٹیلیفونک رابطہ
پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف اور جے یو آئی کے سربراہ مولانافضل لرحمان کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ ہوا ہے۔
جمعے کو جمعیت علمائے اسلام کے میڈیا سیل سے جاری کیے گئے بیان کے مطابق مولانا فضل الرحمان نے وزیراعظم کو مدارس رجسٹریشن بل پر اپنے تحفظات سے آگاہ کیا۔
جے یو آئی کے ترجمان اسلم غوری نے کہا ہے کہ وزیراعظم نے بل پر تمام تحفظات کو دور کرنے کی یقین دہانی کرائی۔
گوادر انٹرنیشنل ایئرپورٹ رواں ماہ کے آخر میں آپریشنل ہو گا
پاکستان میں ایئرپورٹس اتھارٹی نے کہا ہے کہ نیو گوادر انٹرنیشنل ایئرپورٹ کو آپریشنل کرنے کی تیاریاں آخری مراحل میں داخل ہو گئی ہیں۔
جمعے کو اتھارٹی کی جانب سے جاری کیے گئے بیان کے مطابق نیو گوادر انٹرنیشنل ایئرپورٹ کو رواں ماہ کے آخر تک آپریشنل کر دیا جائے گا۔
پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی کے قائم مقام ڈی جی ذیشان سعید نے نیو گوادر انٹرنیشنل ایئرپورٹ کا دورہ کیا۔
اتھارٹی کے مطابق جدید سہولیات سے لیس ایئرپورٹ پر چینی گرانٹ سمیت 246 ملین ڈالر لاگت آئی ہے۔
پنجاب میں ایک لاکھ صارفین کے لیے فری سولر پینل سکیم کا آغاز
صوبہ پنجاب کی حکومت نے بجلی استعمال کرنے والے ایک لاکھ صارفین کے لیے فری سولر پینل سکیم کا آغاز کیا ہے۔
جمعے کو وزیراعلٰی مریم نواز نے ’سی ایم پنجاب فری سولر پینل سکیم‘ کا باقاعدہ افتتاح کیا۔
سکیم کے تحت بجلی کے 100 یونٹ ماہانہ استعمال کرنے والے 52 ہزار صارفین کو 550 واٹ کا سولر سسٹم مفت دیا جائے گا جبکہ 200 یونٹ تک ماہانہ بجلی صرف کرنے والے صارفین کو 1100 واٹ کا سولر سسٹم مفت ملے گا۔
پنجاب کے صارفین ایس ایم ایس یا آن لائن پورٹل کے ذریعے سکیم کے لیے اپلائی کر سکتے ہیں۔
عمر ایوب اور راجہ بشارت ضمانت پر رہا
راولپنڈی کی انسداد دہشت گردی کی عدالت نے قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر عمر ایوب اور تحریک انصاف کے رہنما راجہ بشارت کی ضمانت بعد از گرفتاری منظور کر لی ہے۔
جمعے کو عدالت سے ضمانت ملنے کے بعد دونوں رہنماؤں کو رہا کر دیا گیا۔
عمر ایوب اور راجہ بشارت کو جمعرات کی شام اڈیالہ جیل کے باہر سے حراست میں لیا گیا تھا۔
ڈی چوک پر سب نے اکیلا چھوڑ دیا تھا: اہلیہ عمران خان
عمران خان کی اہلیہ بشری بی بی نے کہا ہے کہ اُن کو اسلام آباد میں احتجاج کے دوران آدھی رات کے وقت ڈی چوک پر اکیلا چھوڑ دیا گیا تھا۔
جمعے کو چارسدہ میں پی ٹی آئی کے ایک کارکن کے گھر تعزیت کے موقع پر میڈیا سے گفتگو میں بشریٰ بی بی نے کہا کہ اُن کو سب نے ڈی چوک پر اکیلا چھوڑ دیا تھا۔
’میں جب جا رہی تھی تو گاڑی پر سیدھی فائرنگ کی گئی۔‘
وکلا ایکشن کمیٹی کی جسٹس منصور علی شاہ کے خط کی حمایت
پاکستان بھر کے وکلا نے عدلیہ کی آزادی اور آئینی بالادستی کے حق میں جسٹس منصور علی شاہ کے خط کی حمایت کی ہے،
جمعے کو جاری کیے گئے ایک بیان میں آل پاکستان وکلا ایکشن کمیٹی نے کہا کہ آئینی بالادستی اور عدلیہ کی آزادی کی بحالی کے لیے سپریم کورٹ کے سینیئر ترین جسٹس منصور علی شاہ کے 4 دسمبر 2024 کے خط میں بیان کیے گئے اصولی مؤقف کی مکمل حمایت کرتی ہے۔
ایکشن کمیٹی کے مطابق ’اس خط میں 26ویں آئینی ترمیم کی غیر قانونی اور دھوکہ دہی پر مبنی منظوری سے پیدا ہونے والی آئینی خلاف ورزیوں کو نمایاں کیا گیا ہے، جس نے عدلیہ کی آزادی کو مجروح کیا اور پاکستان کے آئین کے بنیادی اصولوں کو پامال کیا۔‘
لاہور ہائیکورٹ میں سموگ کے تدارک کے کیس کی سماعت
لاہور ہائیکورٹ جسٹس شاہد کریم نے صوبائی دارالحکومت میں مارکیٹس کے اوقات دس بجے کرنے پر ناراضی ظاہر کرتے ہوئے حکومت سے پوچھا ہے کہ رپورٹ جمع کروائے بغیر وقت کیسے تبدیل ہو گیا۔
جسٹس شاہد کریم نے ایڈووکیٹ جنرل پنجاب سے کہا کہ ’سورج کی روشنی کا فائدہ اُٹھانا چاہیے۔ ہمیں اسے ضائع نہیں کرنا یہ نہ ہو کہ سموگ واپس آ جائے۔ یہاں بہت سے پریشر گروپ اور مافیاز ہیں۔ مارکیٹس کا وقت تبدیل کرنے کا عمل بھی ایسا ہی لگتا ہے۔
پنجاب کے ایڈووکیٹ جنرل نے عدالت کو بتایا کہ اُن کو ابھی اس بات کا علم ہوا ہے اور وہ معاملے کو فوری طور پر دیکھیں گے۔
جسٹس شاہد کریم نے کہا کہ افسران کی سمجھنا ہوگا کہ سموگ بہت اہم معاملہ ہے۔
عدالت نے لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی کو سڑکوں پر ریڑھی لگانے والوں کے حوالے سے پالیسی بنانے کی ہدایت بھی کی۔
مطالبات پورے نہ ہوئے تو سول نافرمانی کی تحریک: عمران خان
سابق وزیراعظم عمران خان کے آفیشل ایکس اکاؤنٹ سے جاری پیغام میں 9 مئی اور 26 نومبر کے واقعات کی شفاف تحقیقات کے لیے جوڈیشل کمیشن کے قیام اور سیاسی قیدیوں کی رہائی کا مطالبہ کیا گیا ہے۔
بیان میں خبردار کیا گیا ہے کہ ’اگر مطالبات پورے نہ ہوئے تو 14 دسمبر سے سول نافرمانی کی تحریک شروع کی جائے گی۔‘
پنجاب یونیورسٹی کے طالب علم کے قتل کا مقدمہ درج
پنجاب یونیورسٹی میں طالب علم کے قتل کا مقدمہ مقتول کے والد کی مدعیت میں لاہور کے تھانہ مسلم ٹاؤن میں درج کر لیا گیا ہے۔
ایف آئی آر کے مطابق واقعہ پنجاب یونیورسٹی کے جمنازیم کے قریب ڈھابے پر پیش آیا۔
مقتول طالب علم کے والد نے مقدمے میں الزام عائد کیا ہے کہ اُن کے بیٹے پر حذیفہ اور دلاور حسن نامی طالب علموں نے فائرنگ کی۔