جدہ ۔۔۔۔۔ رمضان المبارک کے دوران سعودی عرب میں پیش کئے جانے والے معروف مزاحیہ ٹی وی پروگرام ’’سیلفی‘‘ کی 25ویں قسط قطر اور اسکی قیادت کے موضوع پر پیش کی گئی۔ معروف فنکار ناصر القصبی نے خطے میں قطری نظام کے تخریبی کردار کو 45منٹ تک اپنا موضوع بنائے رکھا۔ انہوں نے واضح کیا کہ قطری حکومت 21برس سے دہشتگردی کی سرپرستی کررہی ہے۔ مذکورہ پروگرام کا عنوان ’’المؤذی‘‘ رکھا گیا۔ اس کے معنی ’’اذیت دینے والے‘‘ کے ہوتے ہیں۔ اس میں باپ بیٹے اور پھر ہمسایوں کے ساتھ کشمکش دکھائی گئی۔ واضح کیا گیا کہ قطر کی قیادت غداری اور سازشوں میں مصروف ہے۔ ایک زرعی فارم کے حوالے سے یہ کہانی دکھائی گئی۔ اسکا منتظم باغی بیٹا تھا۔ جسے باپ نے بیدخل کردیا تھا۔ اس نے مختلف ممالک کے سزا یافتہ مجرموں کو طلب کرکے زرعی فارم بلالیا ۔ طرح طرح کی سازشیں تیار کیں۔ ان کی مالی مدد کی۔ اس قسط میں ایک الیکٹرانک عزمی کا کردار بھی اجاگر کیا گیا جسے اقامہ دینے کی پیشکش کی گئی لیکن عزمی اپنا اسرائیلی پاسپورٹ سے دستبردار ہونے پر راضی نہ ہوا۔ زرعی فارم کے مالک نے بھاری دولت لگا کر جرائم پیشہ عناصر کی سرپرستی شروع کردی۔ یہ آپس میں ایک دوسرے کیلئے ثالثی کا کام بھی کرتے تھے۔ سیریل میں الجزیرہ چینل کی فتنہ انگیزی کو بھی اجاگر کیا گیا۔