Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستان کی سعودی کرکٹ ٹیم کو پاکستان آکر میچز کھیلنے کی پیشکش

سعودی عریبین کرکٹ فیڈریشن پلیئرز کی ڈیویلپمنٹ پر کام کر رہی ہے (فوٹو: ایکس اکاونٹ)
سعودی عرب میں پاکستان کے سفیر احمد فاروق نے کہا ہے کہ’ سعودی کرکٹ ٹیم کو پاکستان  آکر میچز کھیلنے کی پیشکش کی ہے تاکہ ان کا تجربہ بڑھے۔ ہم چاہتے ہیں کہ سعودی عرب میں کرکٹ کو فروغ ملے۔‘
جدہ میں اردونیوز سے خصوصی گفتگو میں انہوں نے سعودی عرب میں کرکٹ کے فروغ کے لیے پاکستان کے کردار کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ’سعودی عرب میں مختلف سپورٹس کی طرف فوکس ہے جس میں کرکٹ بھی ہے۔‘
’سعودی کرکٹ فیڈریشن کے چیئرمین سے ملاقات میں پاکستان کے وزیر داخلہ اور پی سی بی کے چیئرمین محسن نقوی نے پاکستان کی جانب سے مکمل تعاون کی پیشکش کی ہے۔ جس میں ٹریننگ سے لے کر سٹیڈیم کی تعمیر، سٹیڈیم کا ڈیزائن، کوچز اور ایمپائرز کی ٹریننگ شامل ہے۔‘
انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ بہت جلد ایشیا کی جو ٹاپ چار سے پانچ ٹیمیں ہیں ان میں سعودی عرب کا بھی شمار ہوگا۔
ایک سوال پر انہوں نے کہا’ آئی پی ایل کی طرح پی ایس ایل کے کھلاڑیوں کی نیلامی سعودی عرب میں رکھنے کی ابھی کوئی تجویز نہیں۔‘
’اس سال تو پی ایس ایل کے کھلاڑیوں کی نیلامی پاکستان میں ہورہی ہے تاہم آنے والے دنوں میں ہم اس معاملے کو دیکھیں گے۔‘
یاد رہے کرکٹ جسے عام طور پر جنوبی ایشیا میں عوام کو متحد کر نے والی ایک طاقت کے طور پر دیکھا جاتا  ہے، اب سعودی عرب میں بھی اپنا گھر بنا چکا ہے۔

 سعودی عریبین کرکٹ فیڈریشن کے چیئرمین کو چیمپیئنز ٹرافی کے میچز دیکھنے کی دعوت دی گئی ہے۔( فوٹو: ایکس کاونٹ)

سعودی عریبین کرکٹ فیڈریشن پلیئرز کی ڈیویلپمنٹ پر کام کر رہی ہے۔ ایک اندازے کے مطابق سعودی عرب میں کرکٹ کے تقریباً 18 ہزار کھلاڑی ہیں۔ سعودی ٹیم نے حال ہی میں ایشین کرکٹ کونسل کا چیلنج کپ بھی جیتا ہے۔
وزارت داخلہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق سعودی عربین کرکٹ فیڈریشن کے چیئرمین شہزادہ سعود بن مشعل سے پاکستانی وزیر داخلہ اور پی سی بی کے چیئرمین محسن نقوی کی ملاقات کے دوران سعودی عرب میں کرکٹ کے فروغ اور کھلاڑیوں کی صلاحیتوں میں اضافے پر تبادلہ خیال کیا گیا تھا۔
محسن نقوی نے سعودی عریبین کرکٹ فیڈریشن کے چیئرمین کو چیمپیئنز ٹرافی ٹورنامنٹ کے میچز دیکھنے کے لیے پاکستان کے دورے کی دعوت دی ہے۔

شیئر: