Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

انڈیا: تیسری بیٹی کو جنم دینے پر شوہر نے بیوی کو جلا کر مار ڈالا

خاتون کی بہن نے کہا کہ ملزم تین بیٹیوں کو جنم دینے پر بیوی کو طعنے دیتا تھا (فوٹو: پکسابے)
انڈین ریاست مہاراشٹر میں ایک شخص نے تیسری بیٹی کو جنم دینے پر اپنی بیوی کو مبینہ طور پر آگ لگا دی جس کے باعث وہ ہلاک ہو گئی۔
ہندوستان ٹائمز کے مطابق پولیس نے کہا کہ ملزم کی شناخت 32 سالہ کنڈلک اتم کالے کے طور پر کی گئی ہے اور اس نے جمعرات کی رات ممبئی سے تقریباً 520 کلومیٹر دور گنگا کھیڈ نکہ میں اپنی بیوی مینا پر پٹرول چھڑک دیا۔
متاثرہ خاتون کی بہن نے ممبئی پولیس کو دی گئی تحریری شکایت میں کہا کہ ملزم تین بیٹیوں کو جنم دینے پر بیوی کو طعنے دیتا تھا اور اس معاملے پر اکثر اس کے ساتھ جھگڑا کرتا تھا۔
شکایت میں کہا گیا ہے کہ جمعرات کی رات ایسی ہی ایک بحث کے دوران اس نے مبینہ طور پر اس پر پیٹرول چھڑکا اور آگ لگا دی۔ خاتون علاج کے لیے ہسپتال لے جانے کے دوران دم توڑ گئی۔
پولیس اہلکار نے کہا کہ ’جمعرات کی رات ایسی ہی ایک بحث کے بعد اس نے اس پر پیٹرول چھڑک کر اسے آگ لگا دی۔ وہ چیختے ہوئے گھر سے باہر بھاگی جہاں لوگوں نے آگ بجھانے کی کوشش کی، تاہم تب تک وہ بری طرح جھلس چکی تھی اور ہسپتال لے جانے کے دوران ہی دم توڑ گئی تھی۔‘
گنگا کھیڈ پولیس سٹیشن کے اہلکار نے بتایا کہ کالے کو قتل کے الزام میں گرفتار کیا گیا ہے۔
اسی ہفتے کے شروع میں مہاراشٹر میں ایک واقعہ سامنے آیا جب پونے میں ایک 54 سالہ شخص نے مبینہ طور پر 8 اور 9 سال کی دو نابالغ بہنوں کو جنسی زیادتی کا نشانہ بنایا اور قتل کر دیا۔
پولیس افسر نے بتایا کہ ملزم اجے داس، جس کا تعلق مغربی بنگال سے ہے اور راج گرو نگر پولیس سٹیشن کے دائرہ اختیار میں ایک چھوٹے سے کھانے پینے کی جگہ میں باورچی کے طور پر کام کرتا تھا، نے بدھ کے روز مبینہ طور پر اس جرم کا ارتکاب کیا۔

شیئر: