لائیو: سب میرین کیبل میں خرابی، پاکستان میں انٹرنیٹ اور براڈبینڈ سروسز متاثر
اہم نکات:
-
حکومت اور پاکستان تحریک انصاف کے درمیان مذاکرات کا دوسرا دور آج
-
فوج کا 9 مئی کے 19 مجرمان کی سزاؤں میں معافی کا اعلان
-
دھند کے باعث لاھور، فیصل آباد، ملتان اور سیالکوٹ کے لیے پی آئی اے کی پروازیں متاثر
-
منصب سنبھالنے کے بعد روایتی کی بجائے معاشی سفارت کاری پر زور دیا، اسحاق ڈار
سب میرین کیبل میں خرابی، پاکستان میں انٹرنیٹ اور براڈبینڈ سروسز متاثر
پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) کا کہنا ہے کہ قطر کے قریب سب میرین کیبل AAE-1 (پاکستان کو بین الاقوامی انٹرنیٹ ٹریفک کے لیے جوڑنے والی سات زیرِ سمندر کیبلز میں سے ایک) میں خرابی کی اطلاع موصول ہوئی ہے۔
پی ٹی اے کی جانب سے جمعرات کو جاری ہونے والے بیان کے مطابق ’اس صورتِ حال کے باعث پاکستان بھر میں انٹرنیٹ اور براڈبینڈ صارفین کو مسائل کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔‘
پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی کی جانب سے مزید بتایا گیا ہے کہ ’متعلقہ ٹیمیں خرابی دُور کرنے کی کوشش کر رہی ہیں۔‘
’پی ٹی اے صورتِ حال کی نگرانی کر رہی ہے اور ٹیلی کام صارفین کو وقتاً فوقتاً صورتِ حال سے آگاہ کیا جاتا رہے گا۔‘
فوج کا 9 مئی کے 19 مجرمان کی سزاؤں میں معافی کا اعلان
پاکستان کی فوج نے 9 مئی کے 19 مجرمان کی سزاؤں میں معافی کا اعلان کیا ہے۔
جمعرات کو ایک بیان میں پاکستان فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) نے کہا ہے کہ مجموعی طور پر 67 مجرمان نے رحم کی پٹیشنز دائر کیں۔
’سانحہ 9 مئی کی سزاؤں پر عمل درآمد کے دوران، مجرمان نے قانونی حق استعمال کرتے ہوئے رحم اور معافی کی پٹیشنز دائر کیں۔‘
بیان میں کہا گیا ہے کہ 48 پٹیشنز کو قانونی کارروائی کے لیے ’کورٹس آف اپیل‘ میں نظرثانی کے لیے ارسال کیا گیا۔
حکومت اور تحریک انصاف کے درمیان مذاکرات کا دوسرا دور شروع
صالح سفیر عباسی، اردو نیوز اسلام آباد
حکومت اور پاکستان تحریک انصاف کے درمیان مذاکرات کا دوسرا دور شروع ہو گیا ہے۔
مذاکراتی کمیٹیوں کے اجلاس کی صدارت سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کر رہے ہیں۔
خیبر پختونخوا کے وزیراعلٰی علی امین گنڈاپور بھی اجلاس میں شرکت کر رہے ہیں۔
آج کے اجلاس میں تحریک انصاف اپنا چارٹر آف ڈیمانڈ پیش کرے گی، جبکہ حکومت چارٹر آف ڈیمانڈ کی روشنی میں اپنا لائحہ عمل دے گی۔
تحریک انصاف بانی چیئرمین کی رہائی سمیت دیگر قیدیوں کی رہائی کا معاملہ اٹھائے گی۔
9 مئی اور 26 نومبر کے واقعات کی تحقیقات کے لیے عدالتی کمیشن کا مطالبہ کیا جائے گا۔
معاشی استحام سیاسی استحکام سے جڑا ہوا ہے، وزیراعظم شہباز شریف
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ معاشی استحام سیاسی استحکام سے جڑا ہوا ہے۔
جمعرات کو خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل (ایس آئی ایف سی) کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ سعودی عرب، متحدہ عرب امارات اور قطر کے ساتھ کئی شعبوں میں معاہدے پروان چڑھ رہے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ زرمبادلہ کے ذخائر چار ارب ڈالر سے بڑھ کر 12 ارب ڈالر سے بھی تجاوز کر گئے ہیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ حکومت کو اندرونی اور بیرونی چیلنجز کا سامنا کرنا پڑا، لیکن باہمی تعاون سے مقابلہ کیا۔
’ترقی کے کا سفر اسی وقت ہوگا جب سیاسی استحکام ہوگا اگر یہ ہوگا تو معاشی استحکام ہوگا۔‘
اپوزیشن اور حکومت کی طرف سے مثبت فیڈ بیک آ رہا ہے: سردار ایاز صادق
سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا ہے ان کی کوشش ہے کہ حکومت اور اپوزیشن کے مذاکرات کامیاب ہوں۔
جمعرات کو پارلیمان میں میڈیا سے گفتگو میں سردار ایاز صادق کا کہنا تھا کہ مذاکرات کے حوالے سے اپوزیشن اور حکومت کی طرف سے مثبت فیڈ بیک آرہا ہے۔
’ہمیں ایک دوسرے کے ساتھ تلخیاں ختم کرنی چاہیے، جس سے ماحول بہتر ہوگا۔‘
دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین بیرسٹر گوہر نے کہا ہے کہ ملک کی بہتری کے لیے مذاکرات کامیاب ہونے چاہییں۔
’سب جماعتیں مل جل کر عوام اور ملک کے وسیع تر مفاد میں بیٹھیں۔‘
’ہم سٹار لنک سے بات کر رہے ہیں تاکہ پاکستان میں سیٹلائٹ انٹرنیٹ لایا جا سکے‘
صالح سفیر عباسی، اردو نیوز اسلام آباد
پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی کے چیئرمین میجر جنرل ریٹائرڈ حفیظ الرحمان نے کہا ہے کہ ’گزشتہ 10 برسوں میں ایک سب میرین کیبل پاکستان نہیں آئی، پاکستان میں کیبل لانا ہمارا نہیں حکومت کا کام ہے۔‘
جمعرات کو قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی کا اجلاس چیئرمین سید امین الحق کی زیر صدارت ہوا۔
قائمہ کمیٹی کے اجلاس کو وزیر مملکت برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی شزہ فاطمہ نے بتایا کہ ہم سٹار لنک سے بات کر رہے ہیں تاکہ پاکستان میں سیٹلائٹ انٹرنیٹ لایا جا سکے۔
قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی کے آئندہ اجلاس میں سیکریٹری داخلہ، سیکریٹری قانون اور چیئرمین پاشا کو انٹرنیٹ کے معاملے پر طلب کر لیا گیا ہے۔
کمیٹی کی رکن شرمیلا فاروقی نے کہا کہ ’سکیورٹی کے ایشوز ہیں تو سچ بتا دیں۔‘
جبکہ اپوزیشن لیڈر عمر ایوب کا کہنا تھا کہ ’ای سی ایل پر وفاقی حکومت نام ڈالتی ہے، تو یہاں انٹرنیٹ بند کرنے کا ذمہ دار کون ہوتا ہے؟‘
کوئٹہ: نایاب نسل کے ’سلیمان‘ مارخور کا شکار، پولیس اہلکار سمیت 3 شکاری گرفتار
زین الدین احمد، اردو نیوز کوئٹہ
کوئٹہ کے قریب قیمتی اور نایاب نسل کے ’سلیمان‘ مار خور کا شکار کرنے والے تین ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا ہے- ملزمان سے شکار کیا ہوا مارخور، اسلحہ اور گاڑی بھی برآمد کی گئی ہے۔
حکام کے مطابق مار خور کا شکار ضلع پشین کے علاقے بوستان کی حدود میں کوئٹہ اور پشین کے درمیان پہاڑی علاقے تکتو میں کیا گیا جسے سرکاری سطح پر محفوظ قرار دیا گیا ہے۔
اسلام آباد سمیت ملک کے مختلف علاقوں میں ہلکی بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان
آج اسلام آباد سمیت خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان، شمالی بلوچستان اور گلگت بلتستان سمیت پاکستان کے زیر انتظام کشمیر میں ہلکی بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق پنجاب کے زیادہ تر میدانی علاقوں اور بالائی سندھ میں درمیانے سے شدید دُھند چھائی رہے گی۔
گذشتہ 24 گھنٹے کا موسم ملک کے بیشتر علاقوں میں سرد اور خشک جبکہ پہاڑی علاقوں میں شدید سرد رہا۔
تاہم بالائی خیبر پختونخوا، پاکستان کے زیر انتظام کشمیر، گلگت بلتستان، شمالی بلوچستان اور مری میں چند مقامات پر ہلکی بارش جبکہ بالا ئی خیبر پختونخوا اور گلگت بلتستان میں چند مقامات پر برفباری ہوئی۔
دھند کے باعث پی آئی اے کا فضائی آپریشن متاثر
زین علی، اردو نیوز کراچی
ترجمان پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائنز (پی آئی اے) نے کہا ہے کہ ملک میں دھند کے باعث فضائی آپریشن متاثر ہوا ہے۔
دھند کی وجہ سے لاھور، فیصل آباد، ملتان، اور سیالکوٹ کے لیے پی آئی اے کی پروازیں متاثر ہو رہی ہیں۔
پی آئی اے نے مسافروں سے درخواست کی ہے کہ ’پرواز کے لیے بکنگ کے وقت ایئر لائن کی جانب سے رابطے کے لیے درست اور فعال نمبر کا اندراج لازمی کروائیں۔‘
حکام کے مطابق پروازوں کی تاخیر کے نتیجے میں مسافروں کی طرف سے عملے کے ساتھ عدم تعاون پرواز کی روانگی میں مزید تاخیر کا سبب بن سکتا ہے۔
’منصب سنبھالنے کے بعد روایتی کی بجائے معاشی سفارت کاری پر زور دیا‘
پاکستان کے نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت نے دوطرفہ اور کثیر الجہتی سطح پر سرگرم سفارت کاری کے ذریعے بین الاقوامی سطح پر پاکستان کے تنہا رہ جانے کے تاثر کو ختم کر دیا ہے۔
جمعرات کو وزارت خارجہ میں میڈیا سے گفتگو میں اسحاق ڈار نے کہا کہ منصب سنبھالنے کے بعد روایتی کی بجائے معاشی سفارت کاری پر زور دیا۔
انہوں نے کہا کہ سعودی عرب کے وفد کا دورہ پاکستان مفید رہا اور چین سمیت مختلف ممالک کے اعلٰی حکام اور وفود نے کامیاب دورے کیے۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان سفارتی تعلقات مضبوط ہونے جا رہے ہیں۔
اسحاق ڈار نے مزید کہا کہ ملائیشیا کے بعد اب ڈھاکہ کا دورہ بھی کریں گے۔
حکومت نے وسیع تر قومی مفاد میں پی ٹی آئی سے بات چیت کا عمل شروع کیا، خواجہ آصف
وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ حکومت نے وسیع تر قومی مفاد میں پی ٹی آئی کے ساتھ بات چیت کا عمل شروع کیا۔
ریڈیو پاکستان کے مطابق ایک نجی ٹیلی ویژن چینل سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے پاکستان تحریک انصاف کے رہنماؤں پر زور دیا ہے کہ وہ قومی مفاد کے لیے کام کریں۔
ان کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف 9 مئی کے فسادات میں ملوث پائی گئی ہے، اور مستقبل میں اس طرز عمل کو روکنا چاہیے۔
پاکستان کے اندرونی معاملات میں غیرملکی مداخلت کے بارے میں پوچھے گئے سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پاکستان کو دفاعی ضروریات پوری کرنے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لانے کا پورا حق ہے۔