Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’بس بہت ہو گیا‘، شاہ رخ خان اور ابھیجیت کے درمیان جھگڑے کی وجہ کیا ہے؟

اداکار اور گلوکار میں تنازع غیرملکی سنگر دعا لیپا کے کنسرٹ کے بعد شدت اختیار کر گیا (فوٹو: سمیش میگزین)
بالی وڈ اداکار شاہ رخ خان اور گلوکار ابھیجیت بھٹاچاریا کے درمیان سرد جنگ ’گرم‘ ہوتی دکھائی دے رہی ہے اور گلوکار ابھی تک ناراض دکھائی دے رہے ہیں۔
شوبز ویب سائٹ کوئی موئی کے مطابق پچھلے دنوں انڈیا میں غیرملکی گلوکارہ دعا لیپا کے کنسرٹ کے باعث تنازع نیا رخ اختیار کر گیا جہاں انہوں نے ابھیجیت کے گانے ’وہ لڑکی‘ کا میش اپ ورژن پیش کیا۔
اس گانے کے ویڈیو ورژن میں شاہ رخ خان پر فلمائے گئے گانے کے ٹکڑے بھی شامل کیے گئے تھے جس کو ابھیجیت بھٹاچاریہ نے گایا تھا۔
دعا لیپا کے کنسرٹ میں سٹیج پر اس گانے پر ایک 29 سالہ اداکار نے شاہ رخ خان کے انداز میں ایکٹ کیا۔
اس سے کچھ روز قبل ابھیجیت نے کچھ انٹرویوز میں شاہ رخ خان کے حوالے سے کھل کر بات کی جس میں اس بات کا اشارہ بھی دیا کہ انہوں نے شاہ رخ خان کے لیے گانا کیوں چھوڑ دیا تھا۔
’بالی وڈ ٹھکانہ‘ پر انٹرویو میں جب ان سے پوچھا گیا کہ کیا وہ شاہ رخ خان کے لیے گانا گا کر تعلقات خوشگوار کرنا چاہیں گے؟
اس کے جواب میں عدم دلچسپی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ’اگر وہ فلم پروڈیوس کر سکتے ہیں تو میوزک بھی خود ہی بنا لیں گے اور گا بھی خود لیں گے۔‘
انہوں نے بات جاری رکھتے ہوئے کہا کہ ’ویسے بھی سب کہتے ہیں کہ شاہ رخ خان کا گانا ہے، تو گا بھی خود لیں گے۔‘
ان کے مطابق ’ہم لڑ نہیں رہے، لیکن صورت حال ان چھوٹے لوگوں کی وجہ سے خراب ہوتی ہے جو ہر معاملے میں ٹانگ اڑاتے ہیں۔‘

فلم ’بادشاہ‘ 1999 میں ریلیز ہوئی تھی جس کا مشہور گانا ’وہ لڑکی‘ ابھیجیت نے گایا تھا (فوٹو: آئی بی ایم ڈی)

1999 میں شاہ رخ خان کی فلم ’بادشاہ‘ کے گانے ابھیجیت بھٹاچاریہ نے گائے تھے، جن میں سے ’وہ لڑکی جو سب سے الگ ہے‘ اس وقت مشہور ہوا۔
حال ہی میں غیرملکی گلوکارہ دعا لیپا نے انڈیا کا دورہ کیا اور کنسرٹ میں انگریزی میں اس کا میش اپ ورژن گایا، جس کے بعد اسے نئی نسل میں بھی بہت پذیرائی ملی۔
اس کے فوراً بعد ہی گلوکار ابھیجیت کی جانب سے انہیں کریڈٹ نہ دیے جانے کا شکوہ سامنے آیا کیونکہ اصل گانا تو انہوں نے ہی گایا تھا۔
ان کا کہنا ہے کہ بین الاقوامی طور پر اس گانے کو سراہے جانے کے پیچھے صرف شاہ رخ خان کا ہی کردار نہیں ہے بلکہ ان کا بھی اہم حصہ ہے اس لیے انہیں بھی کریڈٹ ملنا چاہیے۔
اس سے قبل ابھیجیت بھٹاچاریہ نے اے این آئی سے گفتگو میں شاہ رخ خان کے ساتھ مزید کام نہ کرنے کا اشارہ دیا تھا۔
’جب آپ کی عزت نفس مجروح ہوتی ہے تو آپ کہہ اٹھتے ہیں، بس بہت ہو گیا۔‘
ان کا مزید کہنا تھا کہ ’جب مجھے لگا کہ جب سب کے کردار کو تسلیم کیا جاتا ہے یہاں تک کہ چائے لانے والے کا بھی، تو گلوکار کو کریڈٹ کیوں نہیں دیا جاتا، اس لیے میں نے سوچا کہ میں آپ کی آواز کیوں بنوں۔‘
اداکار اور گلوکار کے درمیان اس تنازع پر فینز کی جانب سے بھی تبصرے کیے جا رہے ہیں۔

شیئر: