Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

لائیو: کے پی میں سکیورٹی فورسز کے آپریشنز، 19 دہشت گرد ہلاک

یہ لائیو پیج مزید اپ ڈیٹ نہیں کیا جا رہا
اہم نکات
  • پرویز الٰہی پر فردِ جرم عائد
  • ضلع کُرم میں امدادی ٹرک نہ پہنچ سکے
  • ملک میں موسم سرد اور خشک رہنے کا امکان
  • وفاقی حکومت کی ڈیڑھ لاکھ خالی اسامیاں ختم

    سکیورٹی فورسز کے خیبر پختونخوا میں تین الگ الگ آپریشنز کے دوران 19 دہشت گرد مارے گئے  ہیں۔
    فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق  فائرنگ کے تبادلے میں فوج کے 3 جوان جان سے گئے۔
    آئی ایس پی آر کے مطابق ’سکیورٹی فورسز نے 6 اور 7 جنوری 2025 کو خیبرپختونخوا میں تین علیحدہ کارروائیاں کیں۔خوارج کی موجودگی کی اطلاع پر سکیورٹی فورسز نے پشاور کے علاقے متنی میں انٹیلیجنس بنیاد پر ایک آپریشن کیا۔‘
    اس دوران  دہشت گردوں  کے ٹھکانے کو موثر انداز میں نشانہ بنایا گیا جس کے نتیجے میں 8 مبینہ دہشت گرد ہلاک کر دیے گئے۔
    انٹیلیجنس بنیاد پر ایک اور آپریشن ضلع مہمند کے علاقے بائیزئی میں کیا گیا۔ فائرنگ کے تبادلے میں سکیورٹی فورسز نے 8 ’خوارج‘ کو ہلاک کر دیا۔ تیسری کارروائی ضلع کرک میں کی گئی جہاں سکیورٹی فورسز نے خوارج کے ٹھکانے کو نشانہ بنایا اور تین خوارج کو ہلاک کر دیا۔

وفاقی حکومت نے ڈیڑھ لاکھ خالی آسامیاں ختم کر دیں، وزیر خزانہ

پاکستان کے وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت کے اخراجات میں کمی لانے کے لیے رائٹ سائزنگ کر رہے ہیں۔
وزیر خزانہ نے منگل کو اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ’وزیراعظم نے جون 2024 میں وفاقی حکومت کی رائٹ سائزنگ کے لیے کمیٹی بنائی تھی۔ جن اداروں کی افادیت نہیں رہی، انہیں برقرار رکھنے یا نہ رکھنے سے متعلق کام کر رہے ہیں۔‘
انہوں نے کہا کہ ’اس کمیٹی کے ٹی او آرز کا مقصد وفاقی حکومت کے اخراجات میں کمی لانا ہے۔ اصل مسئلہ وزارتوں کے ساتھے منسلک ڈیپارٹمنٹس ہیں۔ 43 وزارتوں اور ان کے 400 محکموں سے متعلق مشاورت جاری ہے۔ ایک وقت میں پانچ سے چھ محکموں کو ختم کریں گے۔‘
انہوں نے بتایا کہ ‘خدمات (سروسز) سے متعلق آسامیوں کو آؤٹ سورس کیا جائے گا۔ اس کے علاوہ پانچ وزارتوں میں رائٹ سائزنگ کا تیسرا مرحلہ شروع کر رہے ہیں۔‘

مظلومیت کے گیت گانا پی ٹی آئی کا وتیرہ ہے: سینیٹر طلال چوہدری

مسلم لیگ (ن) کے رہنما سینیٹر طلال چوہدری نے کہا ہے کہ ’ پی ٹی آئی اپنی مظلومیت کے گیت گا رہی ہے جو اس کا وتیرہ ہے۔‘
سینیٹر طلال چوہدری نے منگل کو پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنماؤں کی پریس کانفرنس پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ’پی ٹی آئی کے دور میں ملک کا آوے کا آوہ ہی بگڑا ہوا تھا۔ موجودہ حکومت عوام کا انتخاب ہے، پی ٹی آئی ایسے خواب دیکھنا چھوڑ دے جس میں اسے شرمندگی کا سامنا کرنا پڑے۔‘
انہوں نے کہا کہ ’سیاسی، معاشی اور اخلاقی گراوٹ کی ذمہ دار پی ٹی آئی ہے، وہ کون تھا جس نے اپوزیشن کے میثاق معیشت کو رد کیا تھا؟ وہ  کون تھا جو دوست اسلامی ممالک کے ساتھ تعلقات خراب ہونے کا سبب بنا؟‘
’پی ٹی آئی کا قبل از وقت انتخابات کا مطالبہ مضحکہ خیز ہے، ہم بات چیت پر یقین رکھتے ہیں، یہی ہماری سیاسی تربیت ہے۔‘

مذاکرات کسی ڈیل کے لیے نہیں عوام کے لیے کر رہے ہیں: بیرسٹر گوہر

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین بیرسٹر گوہر علی خان نے کہا ہے کہ مذاکرات کسی ڈیل کیے لیے نہیں بلکہ عوام کے لیے کر رہے ہیں۔
بیرسٹر گوہر نے منگل کو اسلام آباد میں عمر ایوب خان اور سلمان اکرم راجہ کے ساتھ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ’ہم نے دو ہی مطالبات پر مذاکرات شروع کیے۔ ان مطالبات کے لیے دو ملاقاتیں ہوئیں ہیں۔ ہم نے کہا تھا تیسری ملاقات تب ہو گی جب بانی چیئرمین سے ملاقات ہو گی۔‘
انہوں نے کہا کہ ’کہا جا رہا کسی ڈیل کے تحت القادر ٹرسٹ کیس میں تاریخیں آگے ہوئی ہے۔ القادر ٹرسٹ بے ہودہ کیس ہے۔ گواہوں نے بتا دیا کہ بانی چیئرمین نے کوئی پیسے لیے اور نہ حکومت کو نقصان پہنچا ہے۔‘
پی ٹی آئی نے بڑے عرصے بعد ڈائیلاگ کا دروازہ کھولا تھا۔ حکومت کے خلاف ہماری لسٹ بڑی لمبی ہے۔ ہم سے بلا چھینا گیا، ہماری جیت کو شکست میں تبدیل کیا گیا، ہمارے لوگوں پر گولیاں چلائی گئیں۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ ’مذاکرات میں تعطل نہیں کرنا چاہیے۔‘

عمران خان اور پی ٹی آئی مسلّم حقیقت، آپ ختم نہیں کر سکتے: سلمان اکرم راجہ

پاکستان تحریک انصاف کے سیکریٹری جنرل سلمان اکرم راجہ  نے کہا ہے کہ ’عمران خان اس بات پر واضح ہیں کہ وہ جیل سے رہائی پانے والے آخری آدمی ہوں گے۔‘
منگل کو پی ٹی آئی کے رہنماؤں کے ساتھ اسلام آباد میں  پریس کانفرنس کرتے ہوئے سلمان اکرم راجہ کا کہنا تھا کہ ’ہم اس لیے مذاکراتی عمل کا حصہ بنے ہیں کہ ریاست کو فلاح کی جانب لے کر چلیں۔ ہمیں دوسری جانب سے یہ خواہش نظر نہیں آ رہی۔‘
انہوں نے کہا کہ ’آپ پاکستان تحریک انصاف اور بانی پی ٹی آئی کو ختم نہیں کر سکتے، یہ مسلم حقیقتیں ہیں۔ 26 نومبر کے کمیشن، 8 فروری کی ڈکیتی سے پیچھے نہیں ہٹیں گے۔ ہم مذہبی یا لسانی بنیادوں پر سیاست نہیں کرتے۔ ہمارے بغیر آگے بڑھنا ممکن نہیں ہے۔‘

سپیشل اکنامک زونز سے متعلق اہم فیصلوں کی منظوری دے دی گئی

وفاقی وزیر سرمایہ کاری بورڈ و نجکاری اور مواصلات عبدالعلیم خان کی زیر صدارت سپیشل اکنامک زونز کی اپروول کمیٹی کے نویں اجلاس میں گلگت بلتستان سمیت صوبائی حکومتوں کی نمائندگی، سپیشل اکنامک زونز کے اہم امور و محکمانہ فیصلوں کی منظوری دی گئی ہے۔
وزارت سرمایہ کاری کے منگلل کو جاری کردہ بیان کے مطابق سپیشل اکنامک زونز کے ایکٹ میں ترمیم کر کے کمیٹی کا اجلاس بلانے کے نوٹس کو21 سے کم کر کےسات7 دن کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
اس کے علاوہ بورڈ آف انویسٹمنٹ کی اپروول کمیٹی نے سپیشل اکنامک زونز کے لیے ’لینڈ لیز پالیسی‘ کی منظوری دی۔
اس موقعے پر وفاقی وزیر عبدالعلیم خان نے کہا ’ملک بھر کے 35 صنعتی مراکز کا سروے اور مسائل کی نشاندہی و حل بڑی پیش رفت و کامیابی ہے۔‘

رسالپور میں پاکستان فضائیہ کا تربیتی طیارہ گر کر تباہ

خیبر پختونخوا کے علاقے رسالپور پاکستان فضایئہ کے تربیتی طیارے کو حادثہ پیش آیا ہے۔
پولیس کے مطابق ’یہ تربیتی طیارہ رن وے کی دیوار کے قریب کھیتوں میں گرا اور پھر اس میں آگ بھڑک اٹھی۔ ‘
حادثے کے بعد نوشہرہ ریسکیو 1122، پاک فضائیہ اور آرمی  کی ایمبولنسز اور فائر بریگیڈ موقعے پر پہنچ گئی ہیں۔

 اماراتی صدر سے سرمایہ کاری پر مثبت بات چیت ہوئی، وزیراعظم

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ ’متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زید النہیان سے اتوار کو رحیم یار خان میں اچھی ملاقات رہی۔ ان سے سرمایہ کاری اور باہمی تعلقات سے متعلق بات چیت ہوئی۔‘
وزیراعظم شہباز شریف نے منگل کو اسلام آباد میں کابینہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ’یو اے ای نے دو ارب ڈالر رول اوور کر دیے ہیں۔ ہمیں معیشت کو بہتر بنانے کے لیے برآمدات کو بڑھانا ہو گا۔ ٹیکسٹائل برآمدات کا بہت اہم کردار ہے۔‘
انہوں نےخیبر پختونخوا کے ضلع کرم میں ڈپٹی کمشنر پر حملے کو امن معاہدے کو سبوتاژ کرنے کی سازش قرار دیا اور کہا کہ ’ہم حملے میں زخمی ہونے والوں کے لیے دعاگو ہیں۔‘
وزیراعظم نے مزید کہا کہ ’انسانی سمگلنگ کا معاملہ سنگین ہے۔ اس پر میں خود میٹنگ کر رہا ہوں۔‘

جنوبی وزیرستان میں نامعلوم افراد نے خواتین کے کپڑوں کی دکانیں جلا دیں

پاکستان کے صوبہ خیبر پختونخوا کے علاقے جنوبی وزیرستان کے کڑیکوٹ بازار میں نامعلوم افراد نے خواتین کے کپڑوں کی دو دکانوں کو آگ لگا دی گئی ہے۔
پولیس کے مطابق خواتین کے کپڑوں کی دکانوں کو پیر کو لوٹنے کے بعد نذر آتش کیا گیا جبکہ ریسکیو 1122 ریسکیو نے موقعے پر پہنچ کر آگ پر قابو پا لیا ۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ’آگ لگانے کی وجوہات کا پتا نہیں چل سکا، تحقیقات جاری ہیں۔‘

سابق وزیراعلیٰ پنجاب پرویز الٰہی پر کرپشن ریفرنس میں فردِ جرم عائد

 
پنجاب کے سابق وزیراعلیٰ چوہدری پرویز الٰہی پر گجرات کے ترقیاتی منصوبوں میں کرپشن ریفرنس میں فرد جرم عائد کر دی گئی ہے۔
منگل کو لاہور کی احتساب عدالت کے جج زبیر شہزاد کیانی پرویز الٰہی اور دیگر کے خلاف ترقیاتی منصوبوں میں کرپشن ریفرنس کی سماعت کی۔
اس کے بعد عدالتی عملے نے چوہدری پرویز الٰہی سے گاڑی میں جا کر دستخط لیے۔ عدالت نے کیس کی مزید سماعت 21 جنوری تک ملتوی کر دی اور آئندہ سماعت پر گواہوں کو طلب کر لیا۔
اس موقعے پر پرویز الہیٰ کے وکیل امجد پرویز ایڈووکیٹ نے کہا کہ ’ہم کیس کو اب آگے لے کر چلنا چاہتے ہیں، ہماری طرف سے کیس میں کوئی بھی دشواری نہیں آئے گی۔‘

ضلع کُرم میں دفعہ 144 برقرار، امدادی سامان کے ٹرک نہیں پہنچ سکے

 
پاکستان کے صوبہ خیبرپختونخوا کے ضلع کُرم میں متحارب فریقین کے درمیان امن معاہدہ طے پانے کے باوجود گاڑیوں کی آمد و رفت تاحال بحال نہیں ہو سکی ہے۔
چند دن قبل ڈپٹی کمشنر پر ہونے والے حملے کے بعد کرم میں دفعہ 144 نافذ ہے اور سے ٹل کے مقام پر کھڑے امدادی سامان کے ٹرک  بھی بھجوایا نہیں جا سکا۔
اس کے علاوہ صبح 6 سے شام 6 بجے تک کرم میں کرفیو لگایا جا رہا ہے۔ حساس علاقوں میں پولیس ، ایف سی اور سکیورٹی فورسز کے اہلکار تعینات ہیں۔

آئندہ دو دن میں ملک کے بیش تر علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہنے کا امکان

پاکستان کے محکمہ موسمیات نے آئندہ دو دن تک ملک کے بیش تر علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہنے کی پیش گوئی کی ہے۔
محکمہ موسمیات کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ منگل کو مشرقی پنجاب اور بالائی سندھ میں رات کے اوقات میں درمیانی سے شدید دُھند چھائے رہنے کی توقع ہے۔
بدھ کو صبح کے اوقات میں کشمیر، بالائی خیبر پختونخوا ،خطہ پوٹھوہار اور بالائی پنجاب کے بعض علاقوں میں کہرا پڑنے کا امکان ہے۔

گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری سے ضلع کُرم کے عمائدین کی ملاقات

گورنر سندھ کامران ٹیسوری کے ساتھ ضلع کرم کے عمائدین کے 18 رکنی وفد نے ملاقات کی ہے۔
منگل کو گورنر ہاؤس کراچی سے جاری کردہ بیان کے مطابق’کرم کے عمائدین نے گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری کا ادویات اور غذائی اشیاء کی فراہمی پر شکریہ ادا کیا اور ملاقات میں نفرت کے خاتمے امن و امان برقرار رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔‘
اس موقعے پر گورنر سندھ نے کہا کہ ’ضلع کرم کے مسائل کے حل کے لیے موجودہ حکومت پر عزم ہے۔ضرورت پڑنے پر مزید امدادی سامان بھی روانہ کریں گے۔‘
انہوں مزید کہا کہ’ باہمی اتحاد سے بیرونی سازش ناکام بنائی جاسکتی ہے۔‘

 

شیئر: