Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ڈونلڈ ٹرمپ صدر نہ منتخب ہوتے تو ان کو سزا سنا دی جاتی، خصوصی وکیل کی رپورٹ

جیک سمتھ نے پچھلے ہفتے اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا تھا (فوٹو: اے ایف پی)
ڈونلڈ ٹرمپ کے خلاف کیسز کی تحقیقات کرنے والے خصوصی وکیل جیک سمتھ کی ایک رپورٹ سامنے آئی ہے، جس میں بتایا گیا ہے کہ اگر ٹرمپ صدر منتخب نہ ہوتے تو 2020 کے الیکشن کے نتائج الٹنے کی مبینہ کوشش پر ان کو سزا سنا دی جاتی۔
فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق سپیشل کونسل جیک سمتھ کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ اگرچہ ’محکمہ انصاف کے خیال میں آئین صدر پر فرد جرم عائد کرنے یا مقدمہ چلانے سے واضح طور پر روکتا ہے لیکن الزامات کی سنگینی، حکومت کے ثبوتوں کی مضبوطی اور استغاثہ کے میرٹس پر بات نہیں کرتا اور سپیشل کونسل کا دفتر بھی اس سے اتفاق کرتا ہے۔‘
’لیکن ڈونلڈ ٹرمپ کا انتخاب اور ایوان صدر میں ان کی جلد واپسی کے حوالے سے سپیشل کونسل کے دفتر نے اندازہ لگایا ہے سزا دیے جانے اور اسے برقرار رکھنے کے لیے قابل قبول شواہد موجود تھے۔‘
ڈونلڈ ٹرمپ جو 20 جنوری کو وائٹ ہاؤس پہنچ رہے ہیں، پر الزام لگایا گیا تھا کہ انہوں نے امریکہ کے خلاف سازش اور سرکاری کارروائی میں رکاوٹ ڈالنے کی کوشش کی۔
پچھلے انتخابات میں جو بائیڈن کی جیت کے بعد کانگریس کا اجلاس بلایا گیا تھا تاہم چھ جنوری کو ریپبلکنز کے حامیوں کی جانب سے وہاں پر حملہ کیا گیا۔
سپیشل کونسل جیک سمتھ جو کہ ٹرمپ کے معاملات کی تحقیقات کے لیے خصوصی وکیل کے طور پر مقرر کیے گئے تھے، نے نومبر میں ہونے والے انتخابات میں کامیابی حاصل کرنے کے بعد ٹرمپ کے خلاف وفاقی فوجداری کا مقدمہ خارج کر دیا تھا۔
اس رپورٹ کے سامنے آنے کے فوراً بعد ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ کے ذریعے اپنا ردعمل دیتے ہوئے جیک سمتھ کو ’پاگل‘ قرار دیا اور کہا کہ وہ اپنے ’باس‘ کے سیاسی مخالف کے خلاف کامیابی کے ساتھ مقدمہ چلانے میں ناکام رہے ہیں۔
ایک اور پوسٹ میں ان کا کہنا تھا کہ ’اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ جیک سمتھ کس قدر مایوس ہیں کہ انہیں رات کے ایک بجے اپنی جعلی سفارشات جاری کرنا پڑیں۔‘
ڈونلڈ ٹرمپ کے تقرر کردہ جج ایلین کینن نے پچھلے سال سابق اور مستقبل کے صدر خلاف ایک اور ایک مقدمہ خارج کر دیا تھا، جو ان کے وائٹ ہاؤس چھوڑنے کے بعد خفیہ سرکاری دستاویزات کے غلط استعمال سے متعلق تھا تاہم ان کے دو ساتھیوں کے خلاف الزامات بھی زیرالتوا ہیں۔
جیک سمتھ نے پچھلے ہفتے ہی جسٹس ڈیپارٹمنٹ کو چھوڑا ہے اور اس سے چند روز قبل انہوں نے بطور سپیشل کونسل اپنی آخری رپورٹ جمع کرائی تھی۔

شیئر: