Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

لائیو: پی ٹی آئی کے جنید اکبر بلامقابلہ پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کے چیئرمین منتخب

اہم نکات

  • مذاکرات حکومت نے ختم نہیں کیے: عرفان صدیقی

  • پراپرٹی ٹائیکون ملک ریاض کو واپس لایا جائے گا، وزیر دفاع

  • حکومت اور اپوزیشن کی مذاکراتی کمیٹیوں کا اجلاس طلب​

  • حکومت اب بھی کمیشن کا اعلان کر سکتی ہے: بیرسٹر گوہر

  • نیو گوادر انٹرنیشنل ایئر پورٹ سے بین الاقوامی پروازوں کا آغاز

  • پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں پی ٹی آئی کا احتجاج

پی ٹی آئی کے جنید اکبر بلامقابلہ پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کے چیئرمین منتخب

تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی جنید اکبر کو پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کا چیئرمین منتخب کر لیا گیا ہے۔
جمعے کی شام جنید اکبر خان قومی اسمبلی کی پبلک اکاؤنٹس کمیٹی (پی اے سی) کا متفقہ طور پر چیئرمین منتخب کیا گیا۔
پارلیمانی کمیٹی میں شامل ن لیگ کے طارق فضل چوہدری، اپوزیشن لیڈر عمر ایوب خان، سینیٹر شبلی فراز اور دیگر نے جنید اکبر خان کا نام تجویز کیا تھا۔
ممبر قومی اسمبلی ریاض فتیانہ، ملک عامر ڈوگر، وجہیہ قمر، سردار محمد یوسف اور دیگر ارکان نے جنید اکبر خان کے نام کی تائید کی۔
جنید اکبر خان نے منتخب ہونے کے بعد کہا کہ وہ تمام ممبران کو ساتھ لے کر چلیں گے۔

انسانی سمگلنگ کے سدباب کے لیے خصوصی ٹاسک فورس قائم

پاکستان میں انسانی سمگلنگ میں ملوث گروہوں کے سدباب کے لیے وزیرِاعظم نے خصوصی ٹاسک فورس قائم کر دی ہے۔
وزیراعظم کے دفتر سے جاری کیے گئے بیان کے مطابق غیرقانونی تارکین وطن کی کشتی میں پاکستانیوں کی اموات کے واقعے پر ہفتہ وار اجلاس کی صدارت وزیراعظم شہباز شریف نے کی۔
اجلاس میں انسانی سمگلنگ میں ملوث گروہوں کے سدباب کے لیے خصوصی ٹاسک فورس قائم کرنے کی منظوری دی گئی جس کی سربراہی خود وزیرِاعظم کریں گے۔
بیان کے مطابق وزیرِاعظم کو اجلاس میں غیرقانونی تارکین وطن کی کشتی میں پاکستانیوں کی اموات میں ملوث گروہوں، پاکستان میں مختلف اداروں کی جانب سے گرفتاریوں، ایف آئی آرز اور آئندہ کے لائحہ عمل پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

اب ملک ریاض کو ریلیف نہیں ملے گا، وزیر دفاع

پاکستان کے وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ کوئی یہ سمجھتا ہے کہ ان کو ہاتھ نہیں لگایا جا سکتا تو وہ وقت چلا گیا، اب ریاست ان پر ہاتھ ڈالے گی۔
جمعے کو اسلام آباد میں پریس کانفرنس میں انہوں نے پراپرٹی ٹائیکون ملک ریاض کے بارے میں کہا کہ ’حکومت کی سطح پر ان کو واپس لانے کے لیے بیرون ملک رابطہ کیا جائے گا۔‘
ان کا کہنا تھا کہ کسی کو بھی متوازی ریاست چلانے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ اس معاملے کا پیچھا کیا جائے گا۔

حکومت اور اپوزیشن کی مذاکراتی کمیٹیوں کا اجلاس 28 جنوری کو طلب

پاکستان کی قومی اسمبلی کے سپیکر سردار ایاز صادق نے حکومت اور اپوزیشن کی مذاکراتی کمیٹیوں کا اجلاس 28 جنوری کو طلب کر لیا ہے۔
قومی اسمبلی سیکریٹریٹ کے مطابق یہ مذاکراتی کمیٹیوں کا چوتھا اجلاس ہوگا۔ 
قومی اسمبلی سیکریٹریٹ کے اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ اجلاس دن 11:45 بجے پارلیمنٹ ہاؤس کے کمیٹی روم پانچ میں ان کیمرہ ہوگا۔ اور صدارت سپیکر ایاز صادق کریں گے۔

نیو گوادر انٹرنیشنل ایئر پورٹ سے بین الاقوامی پروازوں کا آغاز

پی آئی اے نے نیو گوادر انٹرنیشنل ایئر پورٹ سے بین الاقوامی پروازوں کا آغاز کر دیا ہے۔
جمعے کو نیو گوادر انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے بین الاقوامی افتتاحی پرواز پی کے 197 نے مسقط کے لیے اڑان بھری۔ 
پرواز 39 مسافروں کو لے کر روانہ ہوئی اور گوادر ایئر پورٹ پر پی آئی اے کے اعلیٰ حکام نے مسافروں کو رخصت کیا۔ 
پی آئی اے  ابتدائی طور پر مسقط کے لیے ہفتہ وار ایک پرواز آپریٹ کرے گی۔

اپوزیشن کے احتجاج کے دوران پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس ملتوی

پاکستان کی پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس دو قوانین کی منظوری کے بعد اپوزیشن جماعت پی ٹی آئی کے ارکان کے احتجاج اور نعرے بازی کے دوران ملتوی کر دیا گیا۔
مجلس شوریٰ کے اجلاس میں تجارتی تنظیمات ترمیمی بل 2021 کی کثرت رائے سے منظوری دی گئی جبکہ قومی کمیشن برائے انسانی ترقی ترمیمی بل 2023 مؤخر کر دیا گیا۔
پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس 12 بروز بدھ صبح 11 بجے تک ملتوی کیا گیا۔

پیکا قانون میں ترمیم کے خلاف صحافیوں کا احتجاج

سائبر کرائم کے انسداد کے قانون (پیکا ایکٹ) میں ترامیم کے خلاف پارلیمانی رپورٹرز نے احتجاج کیا ہے۔
پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس کے ملتوی ہونے کے بعد صحافیوں نے پیکا ترمیمی بل کے خلاف صحافیوں نے پارلیمنٹ ہاؤس کے گیٹ نمبر ایک پر احتجاج کیا۔
اس دوراب تحریک انصاف کے اراکین بھی پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر پارکنگ کا چکر لگاتے ہوئے احتجاج کرنے والے صحافیوں کے ساتھ شامل ہوئے۔

پی ٹی آئی والے آئیں اور ہمارا جواب سنیں: ترجمان حکومتی کمیٹی

پاکستان میں اپوزیشن جماعت پی ٹی آئی سے مذاکرات کرنے والی حکومتی کمیٹی کے ترجمان عرفان صدیقی نے کہا ہے کہ بات چیت اُن کی جانب سے ختم نہیں کی گئی۔
جمعے کو اسلام آباد میں پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو میں حکومتی کمیٹی کے ترجمان کا کہنا تھا کہ ’ہم نے مذاکرات ختم نہیں کیے، جب ایک طرف سے ختم ہو گئے ہیں تو ہم کس سے بات کریں۔‘
عرفان صدیقی نے کہا کہ ’ہم اُس کمرے میں بیٹھ کر دیواروں سے بات کریں۔ معاملہ یہ ہے کہ جیل کا پھاٹک کھلتا ہے اور کوئی صاحب اچانک اعلان کر دیتے ہیں۔‘
انہوں نے پی ٹی آئی کی مذاکراتی ٹیم سے کہا کہ ’آئیں اور ہمارا جواب سنیں۔ یہ ایک دن کچھ کہتے ہیں، دوسرے دن کوئی بات کرتے ہیں۔‘

کمیشن کے اعلان کے لیے حکومت کے پاس سات روز کافی تھے: بیرسٹر گوہر

پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین بیرسٹر گوہر علی خان نے کہا ہے کہ حکومت کے پاس کمیشن کے اعلان کے لیے سات روز بھی بہت تھے۔
پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا کے نمائندوں کے ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ مذاکرات معطل کیے۔ ’ہم دوبارہ غورکر لیتے ہیں لیکن حکومت کمیشن کا اعلان کرے، ابھی کس چیز نے روکا ہے؟‘
گوہرعلی خان کا کہنا تھا کہ پارلیمنٹ میں ہونے والی قانون سازی کی حمایت نہیں کریں گے۔

قانون سازی کے لیے پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس جاری

پاکستان کے پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں کا مشترکہ اجلاس جمعے کو صبح 10 بجے طلب کیا گیا تھا تاہم ڈیڑھ گھنٹے کی تاخیر سے شروع ہوا۔
مشترکہ اجلاس کے ایجنڈا کے مطابق اجلاس میں اہم قانون سازی کی جائے گی۔
ایجنڈے میں کہا گیا ہے کہ ٹریڈ آرگنائزیشن ترمیمی بل 2021 منظوری کے لیے پیش کیا جائے گا۔
قومی کمیشن برائے انسانی ترقی ترمیمی بل 2023، درآمدات و برآمدات کنٹرول ترمیمی بل 2023، این ایف سی ادارہ برائے انجنیئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی ملتان ترمیمی بل 2023 اورنیشنل سکلز یونیورسٹی اسلام آباد ترمیمی بل 2023 بھی منظوری کے لیے پیش کیے جائیں گے۔

شیئر: