’گوگل میپس‘ کو فالو کرتے دو فرانسیسی سائیکلسٹ ’انڈیا میں گم ہو گئے‘
لوگوں نے رات کے وقت ڈیم کے قریب غیرملکیوں کو دیکھا تو پولیس کو مطلع کیا (فوٹو: این ڈی ٹی وی)
فرانس سے تعلق رکھنے والے دو سائیکلسٹ گوگل میپس کو فالو کرتے ہوئے انڈیا میں کھو گئے اور کئی گھنٹے بھٹکنے کے بعد پولیس کے ہاتھ لگے۔
این ڈی ٹی وی کی رپورٹ میں پولیس کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا گیا ہے کہ دو فرانسیسی سائیکلسٹ دہلی سے نیپال کے دارالحکومت کھٹمنڈو جانے کے لیے نکلے تھے اور گوگل میپس کو استعمال کرتے ہوئے آگے بڑھ رہے تھے، تاہم بھٹک کر بریلی کے علاقے میں واقع چوریلی ڈیم کے قریب پہنچ گئے۔
لوگوں نے رات کے وقت دو غیرملکیوں کو سائیکلوں پر سوار دیکھا تو پولیس کو اطلاع دی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ سائیکل سواروں کے مطابق وہ نیپال جانے کے لیے نکلے تھے۔ ’ان کے لیے گاؤں کے پردھان کے گھر پر رات کے قیام کا بندوبست کروایا گیا اور اگلی صبح راستوں کے بارے میں پوری معلومات دے کر روانہ کر دیا گیا۔‘
سرکل افسر ارون کمار سنگھ کا کہنا تھا کہ فرانسیسی شہری برائن جیکیوز گلبرٹ اور سیباسٹین فرانکوئس گیبریل سات جنوری کو پرواز کے ذریعے فرانس سے دہلی پہنچے تھے۔
انہوں نے پیلی بھیت سے تانک پور کے راستے ہوتے ہوئے نیپال جانا تھا۔
دونوں کے پاس جدید موبائل فونز موجود تھے اور وہ گوگل میپس کے ذریعے راستہ تلاش کر رہے تھے۔ ایپ نے ان کو بریلی میں بیہری کے راستے کے قریب ایک شاٹ کٹ دکھایا اور اسی کی طرف جاتے ہوئے وہ بھٹک گئے۔
ان کا کہنا تھا جب غیرملکی سائیکلسٹ چوریلی ڈیم کے قریب پہنچے تو رات کے گیارہ بج رہے تھے۔
جب لوگوں نے دو غیرملکیوں کو ڈیم کے قریب دیکھا تو ان سے دریافت کیا تاہم کوئی ان کی زبان سمجھ نہیں پا رہا تھا۔
ارون کمار سنگھ نے مزید بتایا کہ لوگوں نے غیرملکیوں کے مزید کسی پریشانی میں پڑنے سے بچنے کے لیے انہیں پولیس کے پاس پہنچا دیا۔
رپورٹ کے مطابق جب معاملہ سینیئر پولیس حکام کے علم میں آیا تو انہوں نے غیرملکیوں سے بات کی اور متعلقہ پولیس سٹیشن کو ہدایت کی گئی کہ دونوں غیرملکیوں کا خیال رکھا جائے اور ان کو مطوبہ علاقے کی طرف جانے کے حوالے سے رہنمائی بھی فراہم کی جائے۔