آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کی افتتاحی تقریب کب اور کہاں؟
آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کی افتتاحی تقریب کب اور کہاں؟
جمعرات 30 جنوری 2025 12:01
صالح سفیر عباسی -اردو نیوز
چیمپیئنز ٹرافی سے قبل کرکٹ سٹیڈیمز کی تزئین و آرائش کا کام جاری ہے۔ (فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے مطابق قدافی سٹیڈیم لاہور کی 7 فروری، نیشنل سٹیڈیم کراچی کی 11 فروری اور چیمپیئنز ٹرافی کی افتتاحی تقریب 16 فروری کو منعقد کی جائے گی۔
تقریبات کے انعقاد کے حوالے سے چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے حتمی منظوری دے دی ہے۔
جمعرات کے روز پی سی بی کے اعلٰی حکام نے چیمپیئنز ٹرافی کی افتتاحی تقریبات کے ملتوی ہونے کی خبروں کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ ’پی سی بی نے آئی سی سی کی مشاورت سے چیمپیئنز ٹرافی کی افتتاحی تقریبات کے لیے شیڈول تیار کر لیا ہے، جس کے مطابق ہی افتتاحی تقریبات منعقد کی جائیں گی۔‘
اُن کا کہنا تھا چیمپیئنز ٹرافی کی افتتاحی تقریبات بھرپور انداز میں منائی جائیں گی۔ ٹورنامنٹ کی افتتاحی تقریب سے قبل قذافی سٹیڈیم لاہور اور نیشنل سٹیڈیم لاہور کی اپگریڈیشن کی بھی افتتاحی تقریبات منعقد ہوں گی، جن میں صدر آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف شرکت کریں گے۔
قدافی سٹیڈیم کی افتتاحی تقریب
پی سی بی کے حکام کے مطابق قذافی سٹیڈیم لاہور کی اپگریڈیشن کا کام تکمیل کے بہت قریب ہے، جو ایک آدھ دن میں مکمل ہو جائے گا۔
اُنہوں نے بتایا کہ قدافی سٹیڈیم کی اپگریڈیشن مکمل ہونے پر ایک شانداد افتتاحی تقریب بھی منعقد کی جائے گی۔
حکام کا بتانا تھا کہ یہ افتتاحی تقریب 7 فروری کو منعقد کی جائے گی، جس کے مہمان خصوصی وزیراعظم شہباز شریف ہوں گے۔ اسی افتتاحی تقریب میں قذافی سٹیڈیم کی اپگریڈیشن کے لیے کام کرنے والے مزدوروں کے لیے ظہرانے کا بھی اہتمام کیا جائے گا۔
پی سی بی کے حکام کے مطابق سٹیڈیمز کی اپگریڈیشن کا کام تکمیل کے بہت قریب ہے۔ (فوٹو: اے ایف پی)
نیشنل سٹیڈیم کی افتتاحی تقریب
نیشنل سٹیڈیم کی افتتاحی تقریب کے حوالے سے پاکستان کرکٹ بورڈ کے حکام کا کہنا تھا کہ قدافی سٹیڈیم لاہور اور راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم کی اپگریڈیشن کے ساتھ ساتھ نیشنل سٹیڈیم کراچی کا بھی تعمیراتی کام احتتامی مراحل میں ہے۔
اُنہوں نے اپنی بات جاری رکھتے ہوئے بتایا کہ نیشنل سٹیڈیم کراچی کی افتتاحی تقریب 11 فروری کو منعقد ہو گی۔ اس تقریب کے مہمان خصوصی صدر آصف علی زرداری ہوں گے۔
چیمپیئنز ٹرافی کی افتتاحی تقریب
پاکستان کرکٹ بورڈ کے حکام نے چیمپیئنز ٹرافی کی افتتاحی تقریب کی منسوخی کی تردید کرتے ہوئے بتایا کہ آئی سی سی کی مشاورت کے بعد چیمپیئنز ٹرافی کی افتتاحی تقریب 16 جنوری کو منعقد کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، جس کے لیے بھرپور تیاریاں کی جا رہی ہیں۔
حکام نے چیمپیئنز ٹرافی کی افتتاحی تقریب کے لیے جگہ کا تعین کرنے کے حوالے سے بتایا کہ تقریب کا انعقاد حضوری باغ لاہور میں کیا جائے گا، جس میں اہم ملکی شخصیات، کرکٹرز اور آئی سی سی آفیشلز شریک ہوں گے۔
تقریبات کے انعقاد کے لیے چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے حتمی منظوری دے دی ہے۔ (فوٹو: اے پی پی)
چیمپیئنز ٹرافی کے لیے ٹیموں کی پاکستان آمد
پاکستان کرکٹ بورڈ چیمپیئنز ٹرافی سے قبل پاکستان، نیوزی لینڈ اور جنوبی افریقہ کے مابین ایک سہ فریقی سیریز کی بھی میزبانی کر رہا ہے۔ جس کا آغاز 8 فروری سے لاہور میں ہوگا۔ سہ فریقی سیریز میں شرکت کے لیے نیوزی لینڈ اور جنوبی افریقہ کی ٹیمز 4 اور 5 فروری کو پاکستان پہنچ رہی ہیں جو چیمپیئنز ٹرافی کے مکمل ہونے تک پاکستان میں ہی قیام کریں گی۔
چیمپیئنز ٹرافی میں شرکت کے لیے افغانستان کی ٹیم 12 فروری کو اسلام آباد پہنچے گی۔ جبکہ انڈیا اور بنگلہ دیش کی ٹیمیں 15 فروری کو دبئی پہنچ رہی ہیں۔ چیمپیئنز ٹرافی میں شرکت کرنے والی ٹیموں کی جانب سے آئی سی سی کو فراہم کردہ شیڈول کے مطابق انگلینڈ کی ٹیم 18 فروری اور آسٹریلیا کی ٹیم 19 فروری کو لاہور پہنچے گی۔