حیدرآباد ( ابو حمید ) مجلس اتحاد المسلمین کے صدر و رکن پارلیمنٹ اسد الدین اویسی نے مسلمانوں کو تلقین کی کہ وہ ماہِ رمضان المبارک کے بعد بھی عبادات کے سلسلہ کو جاری رکھیں اللہ رب العزت نے جتنی دولت دی ہے اس پر قناعت کریں حرص نہ کریں ۔ مجلس اتحاد المسلمین کے زیر اہتمام تاریخی مکہ مسجد میں نماز جمعہ کے بعد ایک عظیم الشان جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے ان خیالات کا اظہار کیا ۔ صد رمجلس نے کہا کہ ہندوستان میں گائے کو کاٹنے پر پھانسی کی سزا کی بات کی جا رہی ہے لیکن کسان خود کشی کر رہے ہیں اس جانب کوئی توجہ نہیں دی جاتی ۔ انہوں نے کہا کہ مودی سرکار بنانے کے بعد 3سال کے دوران ملک بھر میں 40ہزار کسانوں نے خودکشی کی ہے ۔ انہوں نے ہندوستان کے نئے صدر کیلئے بی جے پی کی جانب سے مقرر کئے گئے امیدوار کا نام لئے بغیر کہا کہ یہ وہ شخص ہے جس نے 2010ء کے دوران اپنی تقریر میں کہا تھا کہ مسلمان اور عیسائی ہندوستانی نہیں ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ دلی میں رہنے والا رمضان کے دوران آئندہ انتخابات منعقد کرنے کی سوچ رہا ہے اور اگر ماہ رمضان کے دوران بھی انتخابات منعقد کئے جائیں گے تو مسلمان رائے دہی میں بھرپور حصہ لیں گے ۔ ہم حالات سے ڈرنے اور گھبرانے والے نہیں ہیں ۔ صدر مجلس نے کہا کہ ممبئی بم دھماکوں میں 260جانیں ضائع ہوئیں اس واقعہ میں یعقوب میمن کو بھی پھانسی دیدی گئی لیکن سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ ممبئی فساد سے پہلے رونما ہوئے فساد میں 900لوگ مارے گئے مگر ابھی تک ایک بھی قصور وار کو سزا نہیں دی گئی کیا یہ انصاف کا تقاضہ اور پیمانہ ہے ۔ حد تو یہ کہ مکہ مسجد بم دھماکہ میں ملوث اسیماء نند ضمانت پر رہا ہو گیا اور وزیراعظم اس مسئلہ پر خاموش ہیں ۔ ملک کے کسی بیرونی فساد پر وزیراعظم فوری ٹوئٹ کرتے ہیں لیکن ظفر خاں کی حالیہ موت پر مودی خاموش ہیں ۔ اخلاق کے قاتلوں کو ابھی تک سزا نہیں ملی ۔ صدر مجلس نے کہا کہ مسٹر مودی آپ گئو رکشکوں کو کیوں نہیں رو ک پا رہے ہیں اسکی وجہ آخر کیا ہے ؟ کسی کے گھر سے گائے برآمد ہوگئی تو اس کو قتل کر دیا جا رہا ہے کیا یہ ملک سیکولر ازم پر قائم ہے یا فرقہ پرست ہو گیا ہے ۔ اسد اویسی نے انتہائی سخت انداز میں کہا کہ ہندوستان ہمارے باپ کا ملک ہے ہم اس ملک میں شان سے رہیں گے ہم کوئی کرایہ دار نہیں ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ انتخابات میں مجلس کو حیدرآباد حلقہ سے شکست دینے کے منصوبے بنائے جا رہے ہیں لیکن یہ منصوبے کامیاب نہ ہو سکیں گے ۔ مجلس اتحاد المسلمین کی کامیابی کیلئے حیدرآباد کا مسلمان ہی نہیں ہندو بھی متحد ہے ۔ اسد اویسی کی کامیابی انفرادی کامیابی نہیں بلکہ یہ قوم کی اجتماعی کامیابی ہے اس موقع پر مجلسی ارکان مقننہ سید احمد پاشاہ قادری ، سید امین الحسن جعفری اور دوسرے موجود تھے ۔