Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

انڈیا کشمیر کے تنازع پر بامعنی اور نتیجہ خیز مذاکرات کرے: وزیراعظم

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر پاکستان کی خارجہ پالیسی کا ’اہم ستون‘ ہے۔ فوٹو: پی آئی ڈی
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ انڈیا کشمیر کے تنازع پر بامعنی اور نتیجہ خیز مذاکرات کرے۔ کشمیریوں کا لہو بہانے سے یہ مسئلہ حل نہیں ہوگا۔‘
بدھ کو پاکستان کے زیرِانتظام کشمیر کی قانون ساز اسمبلی کے خصوصی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ ’پانچ فروری یاد دلاتا ہے کہ کشمیر انڈیا کا حصّہ نہیں بن سکتا۔ انڈیا اس بھول میں نہ رہے کہ کالے قانون سے کشمیر چھینا جا سکتا ہے۔ انڈیا اور خطے کے مفاد میں ہے کہ وہ 5 اگست 2019 کی سوچ سے باہر نکلے۔‘
انہوں نے کہا کہ انڈیا کشمیریوں کے آزادی کے نعروں میں وقت کے ساتھ ساتھ شدّت آتی جا رہی ہے۔ دنیا کے ہر فورم پر کشمیریوں کے لیے آواز بلند کرتے رہیں گے۔‘
اس سے قبل یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر وزیراعظم کے دفتر سے بدھ کو جاری بیان میں کہا گیا تھا کہ ’حق خودارادیت بین الاقوامی قانون کا بنیادی اصول ہے، لوگوں کی حقیقی امنگوں کو دبا کر پائیدار امن کا حصول ناممکن ہے۔‘
وزیراعظم کے دفتر سے بدھ کو جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ’ہر سال اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی ایک قرارداد منظور کرتی ہے جس میں اس بات پر زور دیا جاتا ہے کہ لوگ اپنی قسمت کا تعین کرنے کا جائز حق رکھتے ہیں۔ افسوس کہ کشمیری عوام گزشتہ 78 سال گزرنے کے باوجود اس ناقابل تنسیخ حق کا استعمال نہیں کر سکے۔‘
وزیراعظم نے اپنے بیان میں مزید کہا کہ ’مشرق وسطیٰ کے حالیہ واقعات سے واضح ہے کہ طویل مدتی تنازعات کو مزید شدید نہیں ہونے دینا چاہیے۔‘
انہوں نے عالمی کمیونٹی سے انڈیا پر دباؤ ڈالنے کا مطالبہ کیا تاکہ کشمیری عوام اپنے مستقبل کا خود تعین کر سکیں۔
وزیراعظم نے واضح کیا کہ مسئلہ کشمیر پاکستان کی خارجہ پالیسی کا ’اہم ستون‘ ہے اور ایک مرتبہ پھر کشمیری عوام کے لیے ’غیرمتزلزل اخلاقی، سفارتی اور سیاسی حمایت‘ کے عزم کا اعادہ کیا۔
وزیراعظم شہباز شریف آج کا دن پاکستان کے زیرانتظام کشمیر میں گزاریں گے جہاں وہ آل پارٹیز حریت کانفرنس کے رہنماؤں کے علاوہ جموں و کشمیر کے وزیر اعظم اور سیاسی قیادت سے ملاقاتیں کریں گے۔
اس موقع پر شہباز شریف مظفرآباد میں جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کے خصوصی اجلاس سے بھی خطاب کریں گے۔
پاکستان بھر میں آج کشمیری عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی اور انڈین فوج کے مظالم کے خلاف ریلیاں نکالی گئی ہیں۔

 

شیئر: