Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

لائیو: لیسکو صارفین نے شمسی توانائی سے بجلی پیدا کرنے کا ریکارڈ قائم کر دیا

اہم نکات

  • ترکیہ کے صدر کے اعزاز میں گارڈ آف آنر

  • تحریک انصاف کی کور اور سیاسی کمیٹیوں کا مشترکہ اجلاس

  • بارشوں میں کمی کے باعث پنجاب میں پانی کی قلت کا خدشہ

لاہور میں شمسی توانائی سے بجلی کی پیداوار میں ریکارڈ اضافہ

پاکستان میں سرکاری اعداد و شمار کے مطابق صرف لاہور کو بجلی فراہم کرنے والی کمپنی لیسکو سے منسلک صارفین نے جنوری کے مہینے میں 14 کروڑ یونٹس بجلی شمسی توانائی سے پیدا کی جس میں سے پانچ کروڑ یونٹس ایکسپورٹ کر کے ایک ارب 35 کروڑ روپے کا بلوں میں ریلیف حاصل کیا۔
گزشتہ چھ مہینوں میں لاہور اور گرد و نواح میں 500 میگا واٹ بجلی لیسکو کے سسٹم میں شامل کی گئی ہے جس کے بعد مجموعی طور پر لیسکو میں ایک ہزار 188 میگا واٹ بجلی سولر سسٹم سے لی جا رہی ہے۔
لیسکو سے کُل 87 ہزار صارفین نے سولر سسٹم سے بجلی پیدا کرنے کے لائسنس حاصل کر رکھے ہیں۔
گزشتہ موسم سرما میں 700 میگا واٹ بجلی پیدا کی جا رہی تھی۔

ترک صدر اردوغان کو اسلام آباد کے وزیراعظم ہاؤس میں گارڈ آف آنر

پاکستان کے دو روزہ دورے پر آئے ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوغان کو اسلام آباد کے وزیراعظم ہاؤس پہنچنے پر گارڈ آف آنر پیش کیا گیا جبکہ فضائیہ کے طیاروں نے فلائی پاسٹ کیا۔
ترک صدر نے وزیراعظم ہاؤس کے احاطے میں پودا لگایا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کابینہ کے ارکان سے ترک صدر کا تعارف کرایا۔
ترک صدر اور وزیراعظم پاکستان کے درمیان دو طرفہ ملاقات کے بعد دونوں رہنما اعلیٰ سطحی تزویراتی تعاون کونسل کے اجلاس میں اپنے اپنے وفود کی قیادت کریں گے۔

اسلام آباد میں امریکی شہریوں کو سکیورٹی کے لیے ہدایات

پاکستان میں امریکی سفارتخانے کی جانب سے اپنے شہریوں کو سکیورٹی خطرات سے آگاہ کرتے ہوئے ہدایت کی گئی ہے کہ اسلام آباد میں فیصل مسجد کی طرف جانے سے گریز کریں۔
ٹریول ایڈوائزری میں کہا گیا ہے کہ کالعدم تنظیم ٹی ٹی پی کی جانب سے فیصل مسجد کے قرب و جوار میں سکیورٹی تھریٹ ہے اس لیے امریکی شہری دور رہیں اور اپڈیٹس کے لیے مقامی ذرائع ابلاغ کی خبروں کو دیکھیں۔
یہ ٹریول ایڈوائزری ایک وائرل ویڈیو کے بعد جاری کی گئی جس میں ایک نامعلوم شخص فیصل مسجد کے سامنے ایک کاغذ پکڑے کھڑا ہے جس پر ٹی ٹی پی کا جھنڈا بنا ہوا ہے۔


تحریک انصاف کی کور اور سیاسی کمیٹیوں کا مشترکہ اجلاس

پاکستان میں اپوزیشن جماعت تحریک انصاف نے کہا ہے کہ اُس کی کور اور سیاسی کمیٹیون کے مشترکہ اجلاس میں الیکشن کمیشن میں تقرریوں پر حکمت عملی مرتب کر لی گئی۔
کمیٹیوں نے اپوزیشن لیڈر عمر ایوب کو حکومت سے ازخود مشاورت میں پہل کرنے کی ہدایت کی۔
پی ٹی آئی کے چیئرمین بیرسٹر گوہر نے کہا کہ حکومت جان بوجھ کر الیکشن کمیشن میں تقرریوں پر تاخیری حربے استعمال کر رہی ہے۔

بارشوں میں کمی کے باعث پنجاب میں پانی کی قلت کا خدشہ

صوبہ پنجاب کے محکمہ موحولیات نے بارشوں کی کمی کے باعث پانی کی قلت کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔ اور صورتحال کے پیش نظر صوبے میں غیرقانونی اور غیرمنظور شدہ کار واش و سروس اسٹیشنوں کی فوری بندش کے احکامات جاری کیے ہیں۔
محکمے نے ہدایت کی ہے کہ تمام کار واش سٹیشنوں پر 28 فروری 2025 تک واٹر ری سائیکلنگ سسٹم اور یو چینلز کی تنصیب لازمی ہونی چاہیے اور خلاف ورزی پر 1 لاکھ روپے جرمانہ اور کار واش ایریا سیل کیا جائے گا۔

شیئر: