Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

لائیو: وزیرِاعظم شہباز شریف کی چیف جسٹس آف پاکستان یحییٰ آفریدی سے ملاقات

یہ پیج مزید اپ ڈیٹ نہیں کیا جا رہا۔
اہم نکات:
  • پاکستان میں 29 سال بعد کرکٹ کا بین الاقوامی میلہ سج گیا
  • نیوزی لینڈ کے خلاف میچ میں اوپنر بیٹر فخر زمان انجری کا شکار
  • وزیراعظم کی بحرین کے سرمایہ کاروں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کی دعوت
  • پاکستان اور سعودی عرب کا اقتصادی تعاون کو فروغ دینے پر اتفاق

 


وزیرِاعظم شہباز شریف نے بدھ کو چیف جسٹس آف پاکستان یحییٰ آفریدی سے ملاقات کی۔
چیف جسٹس ہاؤس اسلام آباد میں ہونے والی ملاقات میں وزیرِاعظم نے چیف جسٹس کو اپنی ذمہ داریاں سنبھالنے پر مبارک باد پیش کی اور ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
وزیرِاعظم نے چیف جسٹس کے جنوبی پنجاب، اندرون سندھ، بلوچستان اور خیبر پختونخوا کے دُوردراز علاقوں کا دورہ کرنے اور ملک میں انصاف کی مؤثر و بروقت فراہمی کے لیے تمام سٹیک ہولڈرز سے مشاورت کے اقدام کو سراہا۔ 
چیف جسٹس سے ملاقات میں وزیرِاعظم نے ملکی معاشی صورت حال اور معاشی و سکیورٹی چیلنجز پر بھی گفتگو کی۔ 
شہباز شریف نے ملک کی مختلف عدالتوں میں طویل مدت سے زیر التوا ٹیکس تنازعات کے حوالے سے آگاہ کیا۔ 
وزیرِاعظم نے چیف جسٹس سے ان کیسسز میں میرٹ پر جلد فیصلوں کی استدعا کی جس پر چیف جسٹس نے نظام انصاف میں بہتری لانے کے لیے اُن سے تجاویز مانگ لیں۔
اس موقع پر چیف جسٹس یحییٰ آفریدی نے وزیرِاعظم کی جانب سے نظامِ انصاف کی بہتری کے لیے کی گئی گفتگو کا خیرمقدم کیا۔
وزیرِاعظم نے چیف جسٹس کو لاپتا افراد کے حوالے سے مؤثر اقدامات میں تیزی لانے کی بھی یقین دہانی کروائی۔
ملاقات میں وفاقی وزیرِ قانون و انصاف اعظم نذیر تارڑ، وزیرِ اقتصادی امور احد چیمہ، اٹارنی جنرل منصور عثمان اعوان، رجسٹرار سپریم کورٹ محمد سلیم خان، سیکریٹری لاء اینڈ جسٹس کمیشن آف پاکستان تنزیلہ صباحت بھی شریک تھیں۔

ایران میں اغوا ہونے والے چار پاکستانی بازیاب

ایران میں اغوا ہونے والے چار پاکستانیوں کو انسانی سمگلروں سے بازیاب کروا لیا گیا ہے۔
تہران میں پاکستان سفارت خانے کے مطابق ایرانی حکومت کے تعاون سے چار پاکستانی شہریوں کو بازیاب کروایا گیا۔
’پاکستانی شہری قانونی طور پر ایران آئے تھے جنہیں انسانی سمگلروں نے اغوا کرلیا تھا۔ سمگلروں نے مغویوں پر تشدد کیا اور اُن کے اہلِ خانہ سے بھاری تاوان بھی طلب کیا۔‘
پاکستانی سفارت خانے کا مزید کہنا ہے کہ ’مغویوں کی بازیابی کے آپریشن کے دوران انسانی سمگلرز کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔‘

وزیراعظم کی بحرین کے سرمایہ کاروں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کی دعوت

پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف نے بحرین کے سرمایہ کاروں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کی دعوت دی ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف سے بحرین کی کونسل آف ریپریزنٹیٹیو  کے سپیکر احمد بن سلمان مسالم کی قیادت میں 11 رکنی وفد نے ملاقات کی۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ ’پاکستان اور بحرین کے برادرانہ تعلقات انتہائی مضبوط اور مشترکہ عقیدے، تاریخ اور ثقافت پر مبنی ہیں۔‘
 انہوں نے کہا کہ عوامی رابطوں کو مزید مضبوط بنانے کے لیے پارلیمانی وفود کے تبادلے انتہائی اہم ہیں۔
وزیراعظم نے پاکستان اور بحرین کے درمیان موجودہ تجارتی حجم کو مزید بڑھانے پر زور دیا۔

لاہور میں الیکٹرک بسوں کا افتتاح، طلبہ اور خصوصی افراد کے لیے مفت کارڈ کا اعلان

وزیراعلٰی پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ عوام کی سہولت کے لیے ماحول دوست 27 الیکٹرک بسیں آ چکی ہیں۔
بدھ کو لاہور میں الیکٹرک بسوں کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلٰی مریم نواز نے کہا کہ سموگ کے تدارک کے لیے اقدامات کیے گئے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ اگست میں مزید 500 بسیں آئیں گی جو پنجاب کے تمام شہروں میں چلیں گی۔
انہوں نے کہا کہ الیکٹرک بس کارڈ طلبہ، بزرگوں اور خصوصی افراد کے لیے مفت ہوگا۔

بارکھان میں بس سے ’صرف پنجابی بولنے والوں کو اُتارا اور پھر فائرنگ کی آواز آئی‘
زین الدین احمد، اردو نیوز کوئٹہ

’ماموں اور خالو میری والدہ کی فاتحہ پڑھنے پنجاب سے کوئٹہ آئے تھے ہمیں کیا پتہ تھا کہ واپسی پر ان کا بھی جنازہ پڑھایا جائے گا۔‘
یہ کہنا ہے کوئٹہ کے رہائشی اسد عباس کا جن کے دو رشتہ دار ان سات مسافروں میں شامل تھے، جنہیں منگل اور بدھ کی درمیانی شب بلوچستان کے ضلع بارکھان کے علاقے رڑکن میں بس سے اتار کر فائرنگ کر کے قتل کیا گیا۔
اس سے پہلے گزشتہ سال اپریل میں بلوچستان کے ضلع نوشکی میں بھی ایران جانے کے خواہشمند پنجاب سے تعلق رکھنے والے 9 مسافروں کو قتل کیا گیا۔
مزید تفصیل کے لیے یہاں کلک کریں

پاکستان میں چیمپئنز ٹرافی 2025 کا آغاز، شائقین کرکٹ پُرجوش
اے ایف پی کی تصاویر


آرمی چیف کا دورۂ برطانیہ، ساتویں ریجنل سٹیبلائزیشن کانفرنس میں شرکت کریں گے

پاکستان کے آرمی چیف جنرل عاصم منیر برطانیہ کے دورے پر ہیں، جہاں وہ رائل ملٹری اکیڈمی سینڈہَرسٹ میں منعقدہ ساتویں ریجنل سٹیبلائزیشن کانفرنس میں شرکت کریں گے۔
بدھ کو پاکستان فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ اس کانفرنس میں آرمی چیف ’ابھرتا ہوا عالمی نظام اور پاکستان کا مستقبل‘ کے موضوع پر خطاب کریں گے۔
یہ کانفرنس پاکستان اور برطانیہ کے درمیان سالانہ بنیادوں پر منعقد ہوتی ہے اور دونوں ممالک کی افواج کے درمیان تعلقات کو فروغ دینے کے لیے ایک اہم پلیٹ فارم ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق یہ دورہ پاکستان اور برطانیہ کے درمیان پائیدار شراکت داری کو اجاگر کرتا ہے اور علاقائی استحکام اور عالمی امن کے لیے دونوں ممالک کے مشترکہ عزم کا اعادہ کرتا ہے۔

فیلڈنگ کے دوران فخر زمان ’انجری‘ کا شکار، گراؤنڈ سے باہر

آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025 کے افتتاحی میچ میں پاکستان کے اوپننگ بیٹر فخر زمان پہلے اوور میں انجری کا شکار ہو کر گئے ہیں۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ فخر زمان کو پٹھوں میں موچ آئی ہے، اس حوالے سے مزید اپڈیٹس جلد فراہم کی جائیں گی۔
کراچی کے نیشنل سٹیڈیم میں ہونے والے ٹورنامنٹ کے پہلے میچ میں پاکستان نے نیوزی لینڈ کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بولنگ کا فیصلہ کیا۔
میچ کے پہلے اوور میں فخر زمان مڈ آف پر فیلڈنگ کے دوران گیند کا پیچھا کر رہے تھے کہ وہ لڑکھڑا کر گراؤنڈ پر بیٹھ گئے۔

پاکستان اور سعودی عرب کا اقتصادی تعاون کو فروغ دینے پر اتفاق

پاکستان اور سعودی عرب نے اقتصادی تعاون کو فروغ دینے، تجارت، سرمایہ کاری اور کاروباری شعبے میں وسیع تر شراکت داری کے لیے نئی جہتیں تلاش کرنے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔
ریڈیو پاکستان کے مطابق بدھ کو سعودی عرب کے نائب وزیر خارجہ ولید عبدالکریم الخیریجی اور نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کے درمیان نیو یارک میں ملاقات ہوئی۔
ملاقات کے دوران باہمی خوشحالی اور علاقائی استحکام کے لیے کثیر جہتی شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے کے مشترکہ عزم کو دہرایا گیا۔
اسحاق ڈار نے پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دیرینہ تعلقات کو سراہا، اور سعودی حکومت کے ساتھ دوطرفہ اقتصادی اور سکیورٹی تعاون کو مزید مستحکم کرنے کے لیے پاکستان کے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کیا۔

 بارکھان واقعے کے مجرمان کو جلد از جلد کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا، وزیراعظم 

وزیراعظم شہباز شریف نے بلوچستان کے ضلع بارکھان میں نامعلوم مسلح افراد کے ہاتھوں مسافروں کو قتل کرنے کے واقعے کی مذمت کی ہے۔
منگل اور بدھ کی درمیانی شب ضلع بارکھان میں نامعلوم عسکریت پسندوں نے پنجاب سے تعلق رکھنے والے سات مسافروں کو بس سے اتار کر قتل کر دیا تھا۔
بدھ کو وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم نے مجرمان کو جلد از جلد کیفر کردار تک پہنچانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ’نہتے اور معصوم شہریوں کے جان و مال کو نقصان پہنچانے والوں کو بہت سخت قیمت ادا کرنی پڑے گی۔ معصوم شہریوں کی قربانیاں ہرگز رائیگاں نہیں جانے دیں گے۔‘
ان کا کہنا تھا کہ حکومت اور سکیورٹی فورسز ملک سے دہشتگردی کے مکمل سد باب کے لیے پرعزم ہیں۔

کسانوں کی گندم کا مناسب ریٹ نہ دینے پر ملک گیر احتجاج کی دھمکی

بدھ کو مرکزی چیئرمین کسان اتحاد خالد حسین باٹھ نے ایک بیان میں کہا کہ حکومت نے گندم کا مناسب ریٹ نہ دیا تو کسان سڑکوں پر ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ پچھلے سال بھی گندم کی خریداری نہ ہونے سے کسانوں کو شدید نقصان ہوا۔
خالد حسین باٹھ کا کہنا تھا کہ کسانوں کو درپیش مسائل حل نہ کیے گئے تو شدید احتجاج ہوگا۔
’کسانوں کے مطالبات تسلیم نہ کیے گئے تو احتجاج غیر معینہ مدت تک جاری رہے گا۔‘

پاکستان بحریہ اور رائل سعودی نیول فورسز کی مشترکہ مشق ’افعی الساحل‘ اختتام پذیر

پاکستان بحریہ اور رائل سعودی نیول فورسز کی سپیشل آپریشن فورسز کے مابین مشترکہ مشق افعی الساحل کراچی میں اختتام پذیر ہو گئی ہے۔
بدھ کو پاکستان کی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان کے مطابق کمانڈر کوسٹ ریئر ایڈمرل فیصل امین نے دونوں بحری افواج کے اعلٰی حکام کے ہمراہ آخری ٹیسٹ مشق کا مظاہرہ دیکھا۔
مشق کے دوران رائل سعودی بحریہ اور پاکستان بحریہ کے سپیشل آپریشن فورسز کی ٹیموں نے مشترکہ تربیتی آپریشنز میں حصہ لیا ہے۔

پاکستان کے پہلے ’چاند روور مشن‘ کا نام تجویز کرنے کے لیے ایک لاکھ روپے انعام کا اعلان
صالح سفیر عباسی، اردو نیوز اسلام آباد

پاکستان سپیس اینڈ اپر ایٹموسفیئر ریسرچ کمیشن (سپارکو) نے چین کے اشتراک سے اپنے چاند مشن برائے سال 2028 کا نام تجویز کرنے کے لیے ایک قومی مقابلے کا اعلان کیا ہے۔
سپارکو کے مطابق شہری 15 مارچ تک آن لائن نام تجویز کر سکتے ہیں اور نام تجویز کرنے والے شہری کو ایک لاکھ روپے کا انعام ملے گا۔
سپارکو کی ترجمان ماریہ طارق کا کہنا ہے کہ سپارکو نے آن لائن مقابلے کے تناظر میں ایک آن لائن گوگل فارم تشکیل دیا ہے، جس کا لنک سپارکو کے سوشل میڈیا پیجز اور ویب سائٹ پر بھی موجود ہے۔
پاکستان کا پہلا چاند مشن (لونر روور )چین کے چینج ای 8 مشن کے تحت 2028 میں خلا میں بھیجا جائے گا۔

پاکستان کا افغانستان سے ہونے والی دہشت گردی کا مقابلہ کرنے کے لیے اقوام متحدہ کی حمایت پر زور

پاکستان کے نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے امن و سلامتی، ترقی اور موسمیاتی تبدیلی سمیت عالمی چیلنجوں سے نمٹنے کے لیے پاکستان کی بھرپور حمایت کا اعادہ کیا۔
بدھ کو پاکستان کے نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گتریس سے نیویارک میں میں ملاقات کی۔
نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے سیکریٹری جنرل انتونیو گتریس سے ملاقات میں افغانستان کے اندر اور وہاں سے ہونے والی دہشت گردی کا مقابلہ کرنے کے لیے اقوام متحدہ کی حمایت پر زور دیا ہے۔
انہوں نے افغانستان میں لاکھوں بے سہارا لوگوں کو انسانی ہمدردی کی بنیاد پر مدد فراہم کرنے اور اس کی اقتصادی ترقی کو فروغ دینے کے لیے پاکستان کی خواہش کا اظہار کیا۔

اسلام آباد اور خیبر پختونخوا میں تیز ہواؤں اور گر ج چمک کے ساتھ بارش کا امکان

محکمہ موسمیات کے مطابق ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور مطلع جزوی ابر آلود رہنے کا امکان ہے۔
اسلام آباد اور خیبر پختونخوا میں رات کے وقت تیز ہواؤں اور گر ج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔               
محکمہ موسمیات نے کہا کہ چترال، دیر، سوات، شانگلہ، کوہستان، مانسہرہ، ایبٹ آباد، وادی نیلم، استور، سکردو اور ہنزہ میں بعض مقامات پر برفباری ہو سکتی ہے۔ پنجاب اور سندھ کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد اور مطلع جزوی ابر آلود رہنے کا امکان ہے۔
بلوچستان کے اضلاع کوئٹہ، زیارت، قلات، بارکھان، میں تیز ہواؤں آندھی اور گر ج چمک کے ساتھ بارش اور پہاڑوں پر برفباری کی توقع ہے۔

ایف آئی اے کو ہزاروں شہریوں کے ’فنگر پرنٹس چوری کرنے والے صحافی‘ کی تلاش
رائے شاہنواز، اردو نیوز لاہور

اس کہانی کی شروعات اس وقت ہوئی جب فیصل آباد کے ایک شہری نے اپنے نام پر رجسٹرڈ سِموں کی تعداد جاننے کے لیے پاکستان ٹیلی کمیونکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) کی آن لائن سروس کا استعمال کیا۔ انہوں نے اپنی شناخت ظاہر سے منع کیا ہے لہٰذا اس خبر میں ان کا فرضی نام عابد استعمال کیا جا رہا ہے۔
مزید تفصیل کے لیے یہاں کلک کریں

پشاور کے دیگر علاقوں میں بی آر ٹی بسیں چلانے کا فیصلہ
فیاض احمد، اردو نیوز پشاور

خیبر پختونخوا کی حکومت نے عوامی ضرورت کے پیش نظر بی آر ٹی سروس کو پشاور کے دیگر علاقوں تک بڑھانے کا فیصلہ کیا ہے۔
بدھ کو وزیراعلٰی خیبر پختونخوا علی امین خان گنڈاپور کی زیر صدارت اجلاس ہوا جس میں بی آر ٹی بسوں کی کمی کو پورا کرنے کے لئے مزید بسیں خریدنے کا فیصلہ ہوا۔
اجلاس میں رنگ روڈ، باڑہ روڈ اور خیبر روڈ پر بھی بی آر ٹی بسیں چلانے کا فیصلہ ہوا۔
 بی آر ٹی بسوں میں مسافروں کے رش کو کم کرنے کے لیے مزید 72 ڈیزل ہائی برڈ بسیں خریدی جائیں گی۔‘

شیئر: