اداکارہ نرگس فخری نے امریکہ میں مقیم دیرینہ ساتھی ٹونی بیگ سے شادی کر لی ہے جس کا تعلق پاکستان کے زیر اتنظام کشمیر سے ہے۔ اگرچہ انہوں نے شادی کا باقاعدہ اعلان نہیں کیا ہے لیکن سوشل میڈیا پر تقریب کی تصاویر گردش کر رہی ہیں۔
ریڈ اِٹ ویب سائٹ پر پوسٹ کی جانے والی ایک تصویر میں کیک دکھایا گیا ہے جس پر ’ہیپی میرج‘ اور جوڑے کا نام لکھا ہے۔ ایک پلے کارڈ پر ’این ایف‘ نرگس فخری اور ’ٹی بی‘ ٹونی بیگ لکھا ہے۔
ٹائمز آف انڈیا کے مطابق شادی گذشتہ ہفتے ہوئی اور اب وہ سوئٹزرلینڈ میں ہنی مون منا رہے ہیں۔ کہا جا رہا ہے کہ شادی کی تقریب کیلیفورنیا کے ایک ہوٹل میں ہوئی۔
مزید پڑھیں
ذرائع کے مطابق ’نرگس اور ٹونی نے اس بات کو یقینی بنایا کہ کوئی ان کی تصاویر نہ لے۔ یہ ایک نجی تقریب تھی جس میں صرف خاندان کے افراد شامل تھے۔‘
نرگس فخری اپنے انسٹاگرام سے سوئٹزرلینڈ کی تصاویر اور ٹونی بیگ کی سٹوریز کو شیئر کر کے تصدیق کر رہی ہیں کہ وہ دونوں اکٹھے ہیں اور اپنے دورے سے لطف اندوز ہو رہے ہیں۔
نرگس اور ٹونی کے درمیان تقریباً تین سال سے تعلق ہے۔ یہ خیال کیا جاتا ہے کہ انہوں نے 2021 کے آخر میں کشمیر میں پیدا ہونے والے ٹونی بیگ سے ملنا شروع کیا جو ایک بڑی کمپنی کے مینجنگ ڈائریکٹر بھی ہیں۔ جوڑے نے حال ہی میں دبئی کا دورہ کیا۔ ٹونی نے اپنے انسٹاگرام ہینڈل پر تصاویر بھی شیئر کیں جس میں نرگس بھی نظر آئیں۔
انہوں نے دبئی میں نئے سال 2024 کا استقبال کیا جہاں نرگس کے سابق بوائے فرینڈ ادے چوپڑا بھی ان کی تقریبات کا حصہ تھے۔ پارٹی کی میزبانی مبینہ طور پر ٹونی نے کی تھی۔ وہ اگلی بار فلم ’ہری ہرا ویرا مالو: پارٹ 1‘ اور ’ہاؤس فل 5 میں نظر آئیں گی۔