ڈپٹی گورنر مکہ ریجن شہزادہ سعود بن مشعل نے جدہ کے کنگ عبدالعزیز ایئرپورٹ پر ای گیٹس کا افتتاح کردیا۔
مسافروں کو جدید ترین سہولتوں کی فراہمی کے لیے خود کار امیگریشن سسٹم کے تحت 70 ای گیٹس نصب کیے گئے ہیں۔
مزید پڑھیں
-
ریاض ایئرپورٹ پر ای گیٹس کے پہلے مرحلے کا آغازNode ID: 848751
سبق نیوز کے مطابق وزارت داخلہ کے ذیلی ادارے امیگریشن اینڈ پاسپورٹ اور سعودی ڈیٹا اینڈ آرٹیفیشل اینٹیلجنس ’سدایا‘ کے تعاون سے ای گیٹس کی سہولت فراہم کی گئی ہے۔
ایئرپورٹ لاؤنج میں نصب کیے جانے والے ای گیٹس کے افتتاح کے موقع پر ڈپٹی گورنر کے ہمراہ سول ایوی ایشن اتھارٹی کے چیئرمین عبدالعزیز الدعیلج، سدایا کے ڈائریکٹر ڈاکٹر عصام الوقیت، جوازات کے ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر بریگیڈیئر صالح المربع، ایئرپورٹس اتھارٹی کے سی ای او رائد الادریسی، ایئرپورٹس کمپنی جدہ کے بورڈ آف ڈائریکٹر کے چیئرمین انجینیئر رائد المدیھیم اور سی ای او انجینئرمازن جوھر بھی موجود تھے۔
ای گیٹس کے ذریعے بغیر کسی انسانی مداخلت کے مسافر اپنی امیگریشن کی کارروائی از خود بآسانی کر سکیں گے جس میں انہیں کسی قسم کی دقت اور تاخیر کا سامنا نہیں کرنا پڑے گا۔

جدہ ایئرپورٹ پر 70 ای گیٹس نصب کیے گئے ہیں جن کے ذریعے ایک گیٹ سے 2500 مسافروں کو امیگریشن کی سہولت میسر آئے گی جبکہ یومیہ بنیاد پر ایک لاکھ 75 ہزار مسافر ای گیٹ سے مستفید ہوں گے۔
واضح رہے ای گیٹ کے ذریعے امیگریشن کی کارروائی منٹوں میں مکمل ہو جاتی ہے۔ گیٹ میں نصب حساس ترین سینسرز مسافر کے چہرے کو سکین کرتے ہیں جبکہ دوسرے سکینر کے ذریعے پاسپورٹ کے کوڈ کو سکین کیا جاتا ہے جس سے مسافر کی تفصیلات مرکزی کمپیوٹر کومنتقل ہوجاتی ہیں۔