لائیو: وفاقی کابینہ میں توسیع، 13 وفاقی وزرا اور 11 وزرائے مملکت نے حلف اٹھا لیا
جمعرات 27 فروری 2025 9:55
اہم نکات
ابوظبی کے ولی عہد شیخ خالد بن محمد بن زاید النہیان کا دورہ پاکستان
وفاقی کابینہ کے نئے وزرا اور وزرائے مملکت کی حلف برداری
پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان میچ بارش کے باعث منسوخ
مصطفیٰ قتل کیس کے سلسلے میں اعلٰی پولیس افسران وزیر اعلٰی ہاؤس طلب
وفاقی کابینہ میں توسیع کے فیصلے کے تحت 13 نئے وفاقی وزرا اور 11 وزرائے مملکت نے آج ایوان صدر میں حلف اٹھا لیا ہے۔
صدر مملکت آصف علی زرداری نے ایوان صدر میں کابینہ کے نئے وزرا سے حلف لیا۔
وفاقی کابینہ میں توسیع کرتے ہوئے 13 نئے وفاقی وزرا، 11 وزرائے مملکت اور تین مشیروں کو شامل کیا گیا ہے۔
حلف اٹھانے والے وفاقی وزرا میں حنیف عباسی، معین وٹو، مصطفیٰ کمال، سردار یوسف، علی پرویز، شزہ فاطمہ، جنید انور، خالد مگسی، پیر عمران شاہ، اورنگزیب کھچی، رانا مبشر، رضا حیات ہراج شامل ہیں۔
ملک رشید، ارمغان سبحانی، طلال چوہدری، کھیئل داس، رحمٰن کانجو، بلال کیانی، مختار بھرت، شذرہ منصب، انور چوہدری اور وجیہہ قمر نے بطور وزیر مملکت حلف اٹھایا ہے۔
ڈیموکریسی انڈیکس، پاکستان چھ درجہ تنزلی سے ’بدترین کارکردگی‘ والے ممالک میں شامل

دُنیا بھر میں جمہوری نظام کا جائزہ لینے والے بین الاقوامی ادارے نے پاکستان کو ’دس بدترین کارکردگی‘ والے ممالک میں شمار کیا ہے۔
بین الاقوامی جریدے دی اکانومسٹ کے انٹیلیجنس یونٹ کی رپورٹ کے مطابق ڈیموکریسی انڈکس 2024 میں پاکستان 6 درجوں کی تنزلی کے بعد 124ویں نمبر پر آ گیا ہے۔
رپورٹ میں 165 خودمختار ممالک اور دو ریاستوں میں رائج جمہوری نظام حکومت کے پانچ شعبوں کا جائزہ لیا گیا جن میں انتخابی عمل، حکومتی ذمہ داریوں، سیاسی شرکت، سیاسی کلچر اور شہری آزادی شامل ہیں۔
رپورٹ کے مطابق اگرچہ بنگلہ دیش میں سب سے زیادہ تنزلی دیکھی گئی لیکن جنوبی کوریا اور پاکستان میں بھی نمایاں پستی ظاہر ہوئی ہے۔
سابق جج جسٹس سجاد علی شاہ کمپٹیشن ایپلٹ ٹریبونل کے چیئرمین تعینات

سپریم کورٹ آف پاکستان کے سابق جج جسٹس سجاد علی شاہ کو کمپٹیشن ایپلٹ ٹریبونل کا چیئرمین تعینات کیا گیا ہے۔
وفاقی وزارت قانون و انصاف کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق ڈاکٹر فیض الہی میمن اور عاصم اکرم کو ایپلٹ ٹریبونل کے ممبران کے طور پر تعینات کیا گیا ہے۔
وزارت کا کہنا ہے کہ گزشتہ ساڑھے 7 سال تک یہ ٹریبونل تقریباً غیرفعال رہا جس کی وجہ سے قانونی معاملات میں کئی پیچیدگیوں نے جنم لیا۔ اس ٹریبونل کی عدم موجودگی میں کمپنیاں عموماً ہائیکورٹس سے رجوع کرتی ہیں جس کی وجہ سے معاملات مزید تاخیر کا شکار ہوجاتے ہیں۔
وزارت قانون و انصاف کے مطابق زیرالتوا مقدمات اور ان کے فیصلوں میں تاخیر سے چینی، سیمنٹ، کھاد، ٹیلی کام، بینکوں اور اشیائے ضروریہ سمیت دیگر شعبوں کے حوالے سے کمپیٹیشن کمیشن کے اہم احکامات کے نفاذ میں بڑی رکاوٹ پیدا ہوگئی تھی۔
اپوزیشن گرینڈ الائنس کا پیکا ایکٹ میں ترامیم ختم کرنے کا مطالبہ

اپوزیشن الائنس نے الیکٹرانک کرائمز کی روک تھام کے لیے پیکا کے متنازع قانون میں ترامیم ختم کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
قومی کانفرنس کے اختتام پر اپوزیشن الائنس کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ موجودہ پارلیمنٹ کے وجود کی کوئی اخلاقی، سیاسی و قانونی حیثیت نہیں ہے اور فروری 2024 کے انتخابات موجودہ بحران کے ذمہ دار ہیں۔
اعلامیے میں اپوزیشن نے آئین کی روح سے متصادم تمام ترامیم کو ختم کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
اپوزیشن الائنس نے تمام سیاسی اسیروں کو فوری طور پر رہا کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ آئین کسی پاکستانی شہری کو سیاسی سرگرمی میں حصہ لینے کے لیے ہراساں کرنے، گرفتار یا جیل میں ڈالنے کی اجازت نیہں دیتا۔
ابوظبی کے ولی عہد کی وزیراعظم ہاؤس آمد، گارڈ آف آنر پیش
وزیراعظم شہباز شریف کی دعوت پر ابوظبی کے ولی عہد شہزادہ خالد بن محمد بن زاید النہیان ایک روزہ سرکاری دورے پر پاکستان پہنچ گئے ہیں۔
پاکستان کے صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے ابو ظہبی کے ولی عہد کا ایئرپورٹ پر استقبال کیا۔
وزیراعظم ہاؤس آمد پر ابو ظہبی کے ولی عہد کو پاکستان کی مسلح افواج کی جانب سے گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔
وزیراعظم پاکستان اور ابو ظہبی کے ولی عہد کے درمیان دو طرفہ ملاقات ہو گی جس کے بعد وفود کہ سطح پر بات چیت میں دونوں رہنما اپنے اپنے وفود کی قیادت کریں گے۔
وزیراعلیٰ سندھ سے سعودی عرب کے نئے قونصل جنرل محمد این ایم السبیعی کی ملاقات

وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ سے سعودی عرب کے نئے قونصل جنرل محمد این ایم السبیعی کی ملاقات ہوئی ہے۔
وزیراعلیٰ ہاؤس سے جاری بیان کے مطابق سندھ ہاؤس آمد پر سید مراد علی شاہ نے قونصل جنرل کا خیرمقدم کیا۔
اس موقع پر وزیر اعلٰی نے سعودی قونصل جنرل کو بھرپور تعاون کی یقین دہانی کروائی اور تحفے میں شیلڈ، سندھی ٹوپی اور اجرک پیش کی۔
معدنی وسائل میں سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے اسلام آباد میں کانفرنس کا انعقاد

پاکستان میں معدنی وسائل کے شعبے میں سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے دو روزہ پاکستان منرلز انویسٹمنٹ فورم 2025 اپریل میں منعقد ہونے جا رہا ہے۔
آئل اینڈ گیس ڈویلپمنٹ کمپنی (او جی ڈی سی ایل) کی جانب سے جاری بیان کے مطابق منرلز انویسٹمنٹ فورم کا انعقاد اسلام آباد کے کنونشن سینٹر میں 8 اور 9 اپریل کو ہوگا۔
منرلز انویسٹمنٹ فورم او جی ڈی سی ایل، وزارت توانائی اور خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل (ایس آئی ایف سی) کے اشتراک سے منعقد ہو رہا ہے۔
بیان کے مطابق فورم میں عالمی اور مقامی سرمایہ کار پاکستان کے قیمتی معدنی وسائل میں سرمایہ کاری کے مواقعوں کا جائزہ لے سکیں گے۔
ملک کے بیشتر حصوں میں مزید بارش کی پیشگوئی

محکمہ مومسمیات کے مطابق مغربی ہواؤں کا ایک طاقتور سلسلہ ملک کے بیشتر علاقوں کو متاثر کر رہا ہے جو ممکنہ طور پر یکم مارچ تک بالائی علاقوں میں موجود رہے گا۔
ملک کے بیشتر حصوں صوبہ خیبرپختونخوا، کشمیر، گلگت بلتستان، پنجاب اوراسلام آباد میں آج تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ وقفے وقفے سے مزید بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے، جبکہ چند مقامات پر ژالہ باری ہو سکتی ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آج جمعرات کو بالائی خیبرپختونخوا، کشمیر، گلگت بلتستان اور شمال مشرقی پنجاب میں بعض مقامات پر موسلادھار بارش اور پہاڑوں پر شدید برفباری کی توقع ہے، ملک کے دیگر علا قوں میں مطلع جزوی ابر آلود رہنے کا امکان۔
بنگلہ دیش کے ہائی کمشنر کی بلوچستان کے تاجروں کو ڈھاکہ آنے کی دعوت

بنگلہ دیش کے پاکستان میں ہائی کمشنر ایم ڈی اقبال حسین خان نے کہا ہے کہ ڈھاکہ میں حکومت کی تبدیلی کے بعد اسلام آباد کے ساتھ کاروبار سمیت دیگر شعبوں میں ہر ممکن تعاون کے لیے تیار ہیں۔
ہائی کمشنر ایم ڈی اقبال حسین خان نے کوئٹہ میں صوبے کے تاجروں سے خطاب میں کہا کہ ایک سال کے دوران دو طرفہ تجارت کو ایک ارب ڈالر سے تین ارب ڈالر تک بڑھانا چاہتے ہیں۔
انہوں نے بلوچستان کی صنعت و تجارت سے وابستہ افراد کو بنگلہ دیش کے دورے کی دعوت دی اور کہا کہ یہاں کے لوگ مخلص اور جفا کش ہیں جن میں پوٹینشل کی کمی نہیں ہے۔
ہائی کمشنر نے مزید کہا کہ جنوبی ایشیا میں یورپی یونین کی طرز پر 8 ممالک کی یونین چاہتے ہیں۔
انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ کاروباری اور دیگر سطح پر رابطے اور تعلقات میں بہتری کا سلسلہ جاری رہے گا۔
اپوزیشن رہنما پولیس کی بھاری نفری کے باوجود ہوٹل میں داخل ہونے میں کامیاب، قومی کانفرنس جاری

اسلام آباد کے نجی ہوٹل کے باہر پولیس اور ایف سی کی بھاری نفری تعینات ہونے کے باجود اپوزشین جماعتوں کے رہنما زبردستی اندر داخل ہونے میں کامیاب ہو گئے۔
جمعرات کی صبح جب اپوزیشن گرینڈ الائنس کے ارکان قومی کانفرنس میں شرکت کے لیے نجی ہوٹل پہنچے تو وہاں تعینات ایف سی اور پولیس اہلکاروں نے اندر داخل ہونے سے روک دیا تھا۔
تاہم اپوزیشن رہنماؤں اور وہاں بڑی تعداد میں موجود کارکنان نے پیش قدمی کی اور ہوٹل کے اندر داخل ہونے میں کامیاب ہو گئے۔
اپوزیشن جماعتوں کی قومی کانفرنس دوسرے روز بھی اس وقت نجی ہوٹل کے مرکزی ہال میں جاری ہے جس سے مختلف رہنما خطاب کر رہے ہیں۔
دوسری جانب اسلام آباد پولیس نے ہوٹل انتظامیہ کا بیان ریکارڈ کر لیا ہے اور اپوزیشن جماعتوں کے خلاف قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا ہے۔
چیمپئنز ٹرافی: پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان میچ بارش کے باعث منسوخ

پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان راولپنڈی میں کھیلا جانے والا میچ بارش کے باعث منسوخ کر دیا گیا ہے۔
موسم کی صورتحال کو دیکھتے ہوئے آئی سی سی نے میچ کو منسوخ کر دیا ہے اور دونوں ٹیموں کو ایک ایک پوائنٹ دے دیا گیا ہے۔
پاکستان اور بنگلہ دیش کی ٹیمیں چیمپئنز ٹرافی سے باہر ہو چکی ہیں لہٰذا پنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلا جانے والا یہ میچ ایک رسمی کارروائی ہے۔
دونوں ٹیموں نے ٹورنامنٹ میں آج اپنا آخری میچ کھیلنا تھا۔
رواں مالی سال کے 7 ماہ میں سٹیٹ بینک کے ذخائر بڑھے اور روپیہ مستحکم ہوا، وزارت خزانہ

وزارت خزانہ نے کہا ہے کہ رواں مالی سال کے سات ماہ کے دوران ترسیلات زر میں 25.2 فیصد کا اضافہ ہوا ہے جبکہ برآمدات 9.7 اور درآمدات 16.8 فیصد بڑھی ہیں۔
ملکی معیشت کے حوالے سے جاری رپورٹ میں وزارت خزانہ نے کہا ہے کہ رواں مالی سال جولائی سے جنوری میں کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ سرپلس میں رہا ہے جو 68 کروڑ ڈالر سے زیادہ ہے۔
اس عرصے میں سٹیٹ بینک کے ذخائر بڑھے ہیں، روپے کی قدر مستحکم ہوئی اور بیرونی سرمایہ کاری میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق سٹیٹ بینک کے ذخائر 8 ارب ڈالر سے بڑھ کر 11 ارب 20 کروڑ ڈالر سے زیادہ ہوئے ہیں جبکہ نان ٹیکس آمدنی میں 82 فیصد کا اضافہ ہوا ہے۔
ہوٹل انتظامیہ کو پیسے دیے ہوئے ہیں، ایف آئی آر ہوٹل والوں کے خلاف کروائیں گے، عمر ایوب

اپوزیشن الائنس تحریک تحفظ آئین پاکستان کے ترجمان اخون زادہ حسین یوسفزئی کا کہنا ہے کہ نجی ہوٹل کی انتظامیہ پر دباؤ ڈالا گیا ہے کہ اگر یہاں اپوزیشن جماعتوں کی کانفرنس ہوئی تو ہوٹل پر بھاری جرمانہ عائد کیا جائے گا۔
اپوزیشن رہنماؤں نے ہوٹل کے داخلی دروازے پر مشترکہ پریس کانفرنس کی اور حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ایسے اقدامات سے ظاہر ہے کہ ملک میں جمہوریت نام کی کوئی چیز موجود نہیں۔
قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف عمر ایوب نے کہا کہ ہم نے پروگرام کے لیے ہوٹل انتظامیہ کو پیسے دیے ہوئے ہیں اور ایف آئی آر کا اندراج ہوٹل والوں کے خلاف کروائیں گے۔
عمر ایوب نے کہا ’یہ ہمارے پیسے واپس کرتے یا ہمیں پروگرام کرنے کی اجازت دیتے، ہوٹل مینجمنٹ ہمارے پیسے کھا گئی ہے۔‘
اس سے قبل تھانہ سیکریٹریٹ کی پولیس کو ریکارڈ کروائے گئے بیان میں ہوٹل کے مینیجر نے کہا کہ تمام افراد اجازت کے بغیر ہوٹل میں داخل ہوئے اور ہال پر قابض ہو گئے۔
مصطفیٰ قتل کیس کے ملزم ارمغان عدالت میں پیش، اعلٰی پولیس افسران وزیراعلٰی ہاؤس طلب
زین علی، اردو نیوز کراچی

مصطفیٰ عامر قتل میں پیشرفت اور تحقیقات کے حوالے سے ایڈیشنل آئی جی کراچی، ڈی آئی جی سی آئی اے اور ایس ایس پی سپیشل انویسٹی گیشن یونٹ کو آج شام چار بجے وزیر اعلٰی ہاؤس طلب کر لیا گیا ہے۔
ایف آئی اے حکام کے مطابق اگر منی لانڈرنگ کے شواہد ملے تو ارمغان کے خلاف باقاعدہ مقدمہ درج کیا جائے گا۔ غیر قانونی کال سینٹر اور ارمغان کے مکان سے برآمد کیے گئے لیپ ٹاپس کی تحقیقات کے لیے سائبر کرائم سیل کو بھی شامل کیا جائے گا۔
اس کیس میں ایک اور اہم پیشرفت یہ ہے، کہ ملزم ارمغان کے مکان میں غیرقانونی کال سینٹر اور سافٹ ویئر ہاؤس کے انکشاف کے بعد مزید تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
آپریشن سوئفٹ ریٹورٹ کے 6 سال، انڈیا کی جارحیت کا جواب دیا، آئی ایس پی آر

آپریشن سوئفٹ ریٹورٹ کے چھ سال مکمل ہونے پر چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف اور سروسز چیفس نے افواج پاکستان کی غیر متزلزل جرات، پیشہ ورانہ مہارت اور قربانیوں کو خراج تحسین پیش کیا۔
پاکستان کی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ نے جاری بیان میں کہا ہے کہ پاکستان نے اپنی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے تحفظ کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے 27 فروری 2019 کو آپریشن سوئفٹ ریٹورٹ لانچ کیا اور انڈیا کی بلاجواز جارحیت کا جواب دیا۔
27 فروری 2019 کو پاکستان ایئر فورس نے اپنی سرحدی حدود میں دو انڈین طیارے مار گرائے تھے جن میں سے ایک کے پائلٹ ابھینندن ورتھمان کو پاکستانی حکام نے گرفتار کر لیا تھا۔
آپریشن کے چھ سال مکمل ہونے کے موقع پر چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف اور سروسز چیفس نے پاکستان کی قومی سلامتی و استحکام کو یقینی بنانے اور علاقائی امن کے فروغ کے لیے کوششیں جاری رکھنے کے پختہ عزم کا اعادہ کیا۔