Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کے ایل راہُل، انڈیا کی چیمپئنز ٹرافی میں کامیابی کا گمنام ہیرو

کے ایل راہُل نے نیوزی لینڈ کے خلاف فائنل میں 252 رنز کے تعاقب میں 34 رنز ناٹ آؤٹ بنائے۔ (فوٹو: اے ایف پی)
انڈین بیٹر کے ایل راہُل کو پیر کو انڈیا کی چیمپئنز ٹرافی کی جیت کے سفر میں ایک ایسے گمنام ہیرو کے طور پر سراہا گیا، جس نے سیمی فائنل اور فائنل میں تمام تر دباؤ کے باوجود اپنے حواس کو قابو میں رکھا اور اپنی ٹیم کی کشتی کو پار لگایا۔
فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق انڈیا نے اتوار کو فائنل میں نیوزی لینڈ کے خلاف چار وکٹوں سے کامیابی حاصل کر کے ٹورنامنٹ جیت لیا۔ فائنل میں کپتان روہت شرما 76 رنز بنا کر سب سے نمایاں رہے جبکہ وراٹ کوہلی نے آسٹریلیا کے خلاف سیمی فائنل میں 84 رنز کی شاندار اننگز کھیلی تھی۔
دونوں کھلاڑیوں کو ان کی عمدہ اننگز کی بدولت پلیئر آف دی میچ کے ایوارڈز ملے، لیکن ان کے آؤٹ ہونے کے بعد یہ نمبر چھ پر کھیلنے والے کے ایل راہُل تھے جنہوں نے اپنی ٹیم کو منزل مقصود تک پہنچایا۔
انہوں نے فائنل میں 252 رنز کے تعاقب میں 34 رنز ناٹ آؤٹ بنائے جبکہ آسٹریلیا کے خلاف سیمی فائنل میں 264 رنز کے تعاقب میں وہ 42 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔
کپتان روہت شرما نے راہُل کی ایسے اعصاب شکن مقابلوں میں پرسکون رہنے کی صلاحیت کو سراہا ہے۔
انڈیا کو تیسری مرتبہ چیمپئنز ٹرافی دلانے کے بعد انہوں نے بات کرتے ہوئے کہا کہ ’دیکھیں جب ہم کے ایل راہُل کی بیٹنگ پوزیشن کی بات کرتے ہیں، تو ایک چیز پر ہم بہت زیادہ بات کرتے ہیں اور وہ ہے ان کا بیٹنگ کے دوران پرسکون رہنا۔‘
’میں بہت بہت خوش ہوں کہ کس طرح اس نے سیمی فائنل اور اس میچ میں دباؤ کے دوران بیٹنگ کی۔‘
اگرچہ روہت اور کوہلی سرخیوں کی زینت بنے لیکن نرم گو اور مسکراہتے چہرے والے 32 سالہ راہُل خاموشی سے آئی سی سی چیمپئن شپ میں اپنی پہلی جیت کا لطف اٹھا رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ’آئی سی سی ایونٹس میں کامیابی حاصل کرنا آسان نہیں ہوتا اور یہ میری پہلی کامیابی ہے تو میں بہت خوش ہوں۔‘
’یہ مکمل طور پر پوری ٹیم کی کوشش ہے، تمام 12-11 کھلاڑیوں نے اپنا کردار ادا کیا، اور ہمارے ٹورنامنٹ جیتنے کی سب سے بڑی وجوہات میں سے یہ ایک ہے۔‘

کپتان روہت شرما نے کے ایل راہُل کی اعصاب شکن مقابلوں میں پرسکون رہنے کی صلاحیت کو سراہا ہے۔ (فوٹو: اے ایف پی)

خوبصورت شارٹ کھیلنے والے کے ایل راہُل نے انڈیا کی طرف سے وائٹ بال کرکٹ میں بطور اوپنر اپنے کیریئر کا آغاز کیا تھا۔ لیکن بری فارم اور میڈیا کی تنقید نے انہیں اپنے بلے بازی کے انداز کو تبدیل کرنے پر مجبور کیا۔
رشبھ پنت کی جگہ حال ہی میں وہ ٹیم میں شامل ہوئے اور نمبر چھ پر بیٹنگ کے ساتھ ساتھ وکٹ کیپنگ بھی کر رہے ہیں۔
اس تبدیلی کے حوالے سے راہُل نے کہا کہ’ مجھے بچپن سے ہی میرے کوچز نے جو کچھ سکھایا ہے وہ یہ ہے کہ کرکٹ ایک ٹیم گیم ہے اور ٹیم کو آپ سے جو بھی درکار ہے، آپ کو وہ کرنے کے قابل ہونا چاہیے۔‘

 

شیئر: