لائیو: حملے کی مذمت، دہشت گردی کے خلاف پاکستان کی حمایت جاری رکھیں گے: چین
اہم نکات
-
چین کی جعفر ایکسپریس پر حملے کی مذمت اور پاکستان سے اظہارِ یکجہتی
-
بلوچستان پر قومی لائحہ عمل سے ہی دہشت گردی کا خاتمہ ممکن: حافظ نعیم
-
جعفر ایکسپریس کے 190 مسافروں کو بازیاب کروا لیا گیا: سکیورٹی ذرائع
-
کوئٹہ کا ٹرین آپریشن معطل، راولپنڈی ریلوے سٹیشن پر ہیلپ ڈیسک قائم
-
بی ایل اے کی مطالبات منظور نہ ہونے پر سنگین نتائج کی دھمکیاں
چین نے پاکستان کے صوبہ بلوچستان میں جعفر ایکسپریس پر عسکریت پسندوں کے حملے کی ’شدید مذمت‘ کی ہے۔
پاکستان کی سرکاری خبر رساں ایجنسی اے پی پی کے مطابق چینی وزارت خارجہ کی ترجمان ماؤ ننگ نے بدھ کو معمول کی بریفنگ کے دوران دہشت گردی سے نمٹنے، یکجہتی اور سماجی استحکام کو برقرار رکھنے اور شہریوں کے تحفظ کے لیے پاکستان کی بھرپور حمایت جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔
ماؤ ننگ نے ٹرین پر حملے کے حوالے سے سوال کے جواب میں کہا کہ ’ہم نے رپورٹس کو نوٹ کیا اور اس دہشت گردحملے کی شدید مذمت کی۔‘
انہوں نے کہا کہ ’چین کسی بھی شکل میں دہشت گردی کی سختی سے مخالفت کرتا ہے۔ ہم دہشت گردی سے نمٹنے، یکجہتی اور سماجی استحکام کو برقرار رکھنے اور شہریوں کے تحفظ کے لیے پاکستان کی مضبوطی سے حمایت جاری رکھیں گے۔‘
جعفر ایکسپریس کے 190 مسافروں کو بازیاب کروا لیا گیا: سکیورٹی ذرائع

جعفر ایکسپریس کے یرغمال مسافروں کو بازیاب کرانے کے لیے سکیورٹی فورسز کا آپریشن جاری ہے۔
سکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ ’اب تک 190 مسافروں کو دہشت گردوں سے بازیاب کروا لیا گیا ہے جبکہ 30 دہشت گردوں کو ہلاک کیا جا چکا ہے۔‘
’عورتوں اور بچوں کی خودکُش بمباروں کے ساتھ موجودگی کی وجہ سے آپریشن میں انتہائی احتیاط برتی جا رہی ہے۔‘
عوام مسائل کا حل چاہیے، انہیں احتجاجی سیاست سے کوئی سروکار نہیں: نواز شریف

پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر اور سابق وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ ’عوام اپنے مسائل کا حل چاہتے ہیں اور انہیں ہنگامہ آرائی، نعرے بازی اور احتجاج کی سیاست سے کوئی سروکار نہیں۔‘
قومی اسمبلی سیکریٹریٹ سے بدھ کو جاری ہونے والے بیان کے مطابق نواز شریف نے یہ بات قومی اسمبلی کے سپیکر ایاز صادق سے ملاقات کے دوران کی ہے۔
بیان کے مطابق ملاقات کے دوران نواز شریف نے پارلیمنٹ میں جاری اپوزیشن کے احتجاج اور ہنگامہ آرائی کے باوجود ایوان کی کارروائی کو بہتر انداز میں چلانے پر سپیکر قومی اسمبلی کے کردار کو سراہا۔‘
’ملاقات میں نواز شریف نے پارلیمنٹ کی بالادستی، عوامی مفاد میں قانون سازی اور جمہوریت کے استحکام کی ضرورت پر زور دیا۔ ‘
جعفر ایکسپریس پر حملہ ناگریز، سخت کارروائی کی جائے گی: وزیراعلیٰ بلوچستان

بلوچستان کے وزیراعلیٰ سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ ’(جعفر ایکسپریس پر) دہشت گردانہ کارروائی کا مقصد پر تشدد ماحول کا تاثر قائم کرنا ہے۔‘
وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے بدھ کو امن و امان سے متعلق اعلیٰ سطح کے اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ’ملک دشمن عناصر کا کیک کی طرح پاکستان کو کاٹنے کا خواب کبھی شرمندہ تعبیر نہیں ہو سکتا۔ دہشت گرد ایک انچ پر بھی قابض نہیں رہ سکتے ‘
انہوں نے کہا کہ ’ دہشت گردوں کے سہولت کاروں کے خلاف بھی بھرپور کارروائی ہو گی۔ بلوچستان میں امن و امان پر کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے، سخت فیصلے ناگزیر ہیں۔‘
اجلاس میں چیف سیکرٹری بلوچستان شکیل قادر خان، آئی جی پولیس معظم جاہ انصاری، آئی جی ریلوے پولیس رائے طاہر سمیت متعلقہ حکام نے شرکت کی۔
کوئٹہ ٹرین سروس معطل، ’ایڈوانس بکنگ کرانے والے رقم واپس لے سکتے ہیں‘

پاکستان ریلوے نے کہا ہے کہ جعفر ایکسپریس کے کل کے واقعے کے بعد کوئٹہ میں ریلوے سروس غیرمعینہ مدت کے لیے معطل کر دی گئی ہے۔
ریلوے حکام کا کہنا ہے کہ آج سے اگلے تین دن جن مسافروں کی ایڈوانس بکنگ تھی، وہ ریلوے سٹیشن بکنگ آفس سے اپنی بکنگ کینسل کرا کے رقم واپس لے سکتے ہیں۔
’تین دن بعد سکیورٹی کلیئرنس کا جائزہ لے کر ٹرین سروس کی بحالی کا فیصلہ کیا جائے گا۔‘
جعفر ایکسپریس کے مسافروں پر حملہ انسانیت سوز جرم ہے: چیئرمین سینیٹ

چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی کی ڈھاڈر میں جعفر ایکسپریس پر حملے کی مذمت کی ہے۔
سینیٹ سے بدھ کو جاری کردہ بیان کے مطابق یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ ’ڈھاڈر میں مسافروں پر حملے کے ذمہ داروں کو سخت سزا دی جائے۔‘
انہوں نے متاثرہ مسافروں اور ان کے اہل خانہ کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ’دہشت گرد ڈھاڈر میں بزدلانہ کارروائیوں سے قومی حوصلے کو متزلزل نہیں کر سکتے۔‘
چیئرمین سینیٹ کا کہنا تھا کہ ’ملک کے امن کو خراب کرنے والوں کو عبرتناک انجام تک پہنچایا جائے۔‘
ٹرین واقعہ دہشت گردی کی بزدلانہ کارروائی ہے: حافظ نعیم الرحمان

جماعت اسلامی پاکستان کے امیر حافظ نعیم الرحمان نے کہا پے کہ بلوچستان ٹرین واقعے پر پوری قوم تشویش میں ہے۔
حافظ نعیم الرحمان نے بدھ کو اپنے بیان میں کہا کہ ’ٹرین واقعہ دہشت گردی کی بزدلانہ کارروائی ہے۔ یرغمالیوں کی باحفاظت واپسی ترجیح ہونا چاہیے۔‘
انہوں نے کہا کہ ’ہم بار بار کہتے رہے کہ حالات سنگین ہیں لیکن حکمراں طبقہ سنجیدگی کا مظاہرہ کرنے کے بجائے بڑھکیں مارتا رہا۔ بلوچ عوام کے جینوئن ایشوز کو حل کرنا ہو گا۔ بلوچ نوجوانوں کو قومی دھارے میں لانا ہو گا۔‘
’بلوچستان پر قومی لائحہ عمل بنانے سے ہی دہشت گردی کا خاتمہ ممکن ہے۔‘
’155 مسافر بازیاب، 27 دہشت گرد ہلاک‘

سکیورٹی ذرائع کے مطابق ’اب تک سکیورٹی فورسز نے 155 مسافروں کو دہشت گردوں سے باحفاظت بازیاب کروا لیا ہے اور 27 دہشت گرد مارے گئے ہیں۔‘
ذرائع نے مزید کہا کہ جعفر ایکسپریس پر بزدلانہ حملے کے شدت پسند، افغانستان میں اپنے سہولت کاروں سے رابطے میں ہیں۔
’دہشت گردوں نے خود کش بمبار کو کچھ معصوم یرغمالی مسافروں کے بالکل پاس بٹھایا ہوا ہے۔‘
جعفر ایکسپریس واقعہ، مسافروں کی معلومات کے لیے راولپنڈی ریلوے سٹیشن پر ہیلپ ڈیسک قائم

جعفر ایکسپریس پر حملے کے بعد پاکستان ریلویز نے راولپنڈی ریلوے سٹیشن پر معلومات کے لیے ہیلپ ڈیسک قائم کر دیا ہے۔
پاکستان ریلوے کے بیان کے مطابق ’کسی بھی مسافر سے متعلق تمام معلومات ہیلپ ڈیسک سے معلوم کی جا سکتی ہیں۔‘
بیان کے مطابق ’راولپنڈی ہیلپ ڈیسک کوئٹہ اور پشاور کنٹرول سے رابطے میں ہے۔ اس کے علاوہ ریلوے سٹیشن کوئٹہ کے انکوائری آفس میں ایمرجنسی سیل بھی قائم کر دیا گیا۔‘
محکمہ ریلویز نے معلومات حاصل کرنے کے لیے 0819201210, 0819201211 اور 117 پر رابطے کی سہولت بھی فراہم کی ہے۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ ’کوئٹہ کا ٹرین آپریشن عارضی طور پر معطل ہے جسے سکیورٹی کلیئرنس کے بعد بحال کیا جائے گا۔‘
گلگت میں غیرملکی سِمز بیچنے والوں کے خلاف پی ٹی اے اور ایف آئی اے کی کارروائیاں

پاکستان ٹیلی کمیونیکشن اتھارٹی (پی ٹی اے) اور وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) نے گلگت بلتستان میں غیرقانونی غیرملکی سمز فروخت کرنے والے افراد کے خلاف کارروائیوں کا آغاز کر دیا ہے۔
پی ٹی اے کی جانب سے بدھ کو جاری کردہ بیان میں بتایا گیا کہ پی ٹی اے کے گلگت زونل آفس نے ایف آئی اے کے سائبر کرائمز ونگ کے ساتھ مل کر دینور میں کارروائی کر کے برطانیہ کی چھ غیرقانونی سمز قبضے میں لے لیں جبکہ دو افراد کو گرفتار بھی کیا۔