Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

لائیو: لاہور میں پی آئی اے کے جہاز کی ایک پہیے کے بغیر لینڈنگ، تحقیقات کا آغاز

اہم نکات:
  • سیاسی اتفاق رائے نہ ہونے کا فائدہ پاکستان کے دشمن اٹھا رہے ہیں: بلاول بھٹو
  • پاکستان کے زر مبادلہ کے مجموعی ذخائر 15 ہزار 928 ملین ڈالر
  • بلوچستان میں ہمیں جمہوریت کو لانا ہو گا، سلمان اکرم راجہ
  • جعفر ایکسپریس پر حملے کے خلاف قومی اسمبلی میں مذمتی قراردار منظور
  • امریکہ میں پاکستانی شہریوں کے داخلے پر پابندیاں صرف افواہیں، دفتر خارجہ

 لاہور میں پی آئی اے کے جہاز کی ایک پہیے کے بغیر لینڈنگ
کراچی سے لاہور جانے والی پی آئی اے کی پرواز پی کے 306 نے ایک پہیے کے بغیر لاہور ایئرپورٹ پر لینڈنگ کی۔
پی آئی اے ترجمان کے مطابق علامہ اقبال انٹر نیشنل ایئرپورٹ پر فلائٹ کے لینڈنگ کے بعد معائنے کے دوران انکشاف ہوا۔ پی کے 306 کی لینڈنگ کے بعد پچھلے ٹائروں میں سے ایک ٹائرکی عدم موجودگی کا انکشاف ہوا۔
لاہوراے ٹی سی او کی جانب سے اطلاع پر کراچی ائرپورٹ پر ٹائرکی شافٹ کا ایک حصہ ملا۔
پی آئی اے ٹیم ٹائرکے بغیرپرواز کی لینڈنگ تحقیقات کے لیے لاہورپہنچ گئی۔ سیفٹی اینڈ ایویسٹی گیشن حکام نے بھی تحقیقات کا آغاز کر دیا۔

پاکستان کے زر مبادلہ کے مجموعی ذخائر 15 ہزار 928 ملین ڈالر

سٹیٹ بینک آف پاکستان نے کہا ہے کہ پاکستان کے زر مبادلہ کے مجموعی ذخائر 07 مارچ 2025 کو 15 ہزار 928 ملین ڈالر ملین ڈالر تھے۔
سٹیٹ بینک کی تحویل میں زر مبادلہ کے ذخائر 11 ہزار 097 ملین ڈالر ہیں، جبکہ کمرشل بینکوں کی تحویل میں زرِمبادلہ کے خالص ذخائر 4831.0 ملین ڈالر ہیں اور مجموعی ذخائر 15 ہزار 928 ملین ڈالر ہیں۔
07 مارچ 2025 کو ختم ہونے والے ہفتے کے دوران سٹیٹ بینک کے ذخائر بیرونی قرضے کی ادائیگیوں کے باعث 152 ملین ڈالر کی کمی سے 11 ہزار 097  ملین ڈالر رہ گئے۔

سیاسی اتفاق رائے نہ ہونے کا فائدہ پاکستان کے دشمن اٹھا رہے ہیں: بلاول بھٹو

پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے جعفر ایکسپریس حملے کے حوالے سے کہا ہے کہ ’دہشت گردی کے خلاف جو کامیابیاں ملی تھیں وہ ہم کھو چکے ہیں۔ اس وقت  سیاسی اتفاق رائے نہیں ہے جس کا فائدہ پاکستان کے دشمن اٹھا رہے ہیں۔ امید ہے تمام سیاسی جماعتیں اتفاق رائے پیدا کریں گی۔‘
جمعرات کو قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ’پاکستان میں دہشت گردی کا مسئلہ نیا نہیں ہے، چاہے وہ مذہبی دہشت گردی ہو یا نام نہاد علیحدگی پسندوں کی دہشت ہو یا سیاسی تشدد ہو پاکستان نے بہت نقصان اٹھایا ہے۔‘
بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ ’پاکستان کی ترقی کے لیے دہشت گردی کا خاتمہ بہت ضروری ہے۔ بین الاقوامی قوتیں دہشت گردوں کے پیچھے کھڑی ہیں۔‘

بلوچستان میں ہمیں جمہوریت کو لانا ہو گا، سلمان اکرم راجہ

پی ٹی آئی کے سیکریٹری جنرل سلمان اکرم راجہ نے جعفر ایکسپریس حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’بلوچستان میں ہمیں جمہوریت کو لانا ہو گا۔‘
جمعرات کو اسلام آباد میں پریس کانفرنس میں انہوں نے کہا کہ یہ وقت ملک کی سب سے بڑی جماعت کو کنٹرول کرنے کا نہیں ہے، اس طرح ہم  دشمن کو موقع فراہم کر رہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ’ہمیں اس ملک کے جوانوں کے بارے میں سوچنا ہے، قوم کا حق ہے کہ وہ جانے کہ حالات کی سنگینی کیا ہے۔‘

جعفر ایکسپریس حملے میں ریلویز پولیس کا اہلکار بھی جان سے گیا

جعفر ایکسپریس حملے میں ریلویز پولیس کا ایک اہلکار شمروز خان بھی جان سے گیا جو ٹرین سکارٹ ڈیوٹی پر مامور تھا۔
ریلویز پولیس کے مطابق ٹرین میں ریلویز پولیس کے اے ایس آئی غلام سرور اور ہیڈ کانسٹیبل غلام دستگیر زخمی حالت میں زیر علاج ہیں۔
بولان کے مقام پر دہشت گردوں نے اچانک ٹرین پر حملہ کردیا۔ کانسٹیبل شمروز خان دشمن کا مقابلہ کرتے ہوئے گولی لگنے سے ہلاک ہوا۔‘

جعفر ایکسپریس پر حملے کے خلاف قومی اسمبلی میں مذمتی قراردار منظور

جعفر ایکسپریس پر حملے کے خلاف قومی اسمبلی میں متفقہ مذمتی قراردار منظور ہوئی ہے۔
قرارداد کے میں لکھا ہے کہ ایوان جعفر ایکسپریس واقعے اور تمام دہشت گرد واقعات کی مزمت کرتا ہے۔ ایسے تمام نظریات جو قومی سلامتی کے متصادم ہیں انہیں پھیلنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
ملک کو عدم استحکام کا شکار کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ ایوان بلا تفریق رنگ و نسل عوام سے دہشت گردی کے خلاف منظم ہونے کا اعادہ کرتا ہے۔‘
مزید کہا گیا کہ یہ ایوان بلوچستان واقعہ کے بعد نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد کا مطالبہ کرتا ہے۔

بحرین نیشنل گارڈ کے کمانڈر کی چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی سے ملاقات

بحرین نیشنل گارڈ کے کمانڈر جنرل شیخ محمد بن عیسیٰ بن سلمان الخلیفہ نے جوائنٹ سٹاف ہیڈ کوارٹرز راولپنڈی میں چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد مرزا سے ملاقات کی۔
آئی یاس پی آر کے مطابق ملاقات کے دوران دونوں فوجی رہنماؤں نے بدلتے ہوئے علاقائی ماحول اور متعلقہ سکیورٹی امور پر تبادلہ خیال کیا۔ انہوں نے دونوں ممالک کے درمیان موجودہ دوطرفہ فوجی مصروفیات اور تعاون کے دائرہ کار کو وسیع کرنے پر زور دیا۔
بحرین نیشنل گارڈ کے کمانڈر نے پاکستان کی مسلح افواج کی پیشہ وارانہ مہارت کو سراہا اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ان کی قربانیوں کا اعتراف کیا۔

امریکہ میں پاکستانی شہریوں کے داخلے پر متوقع پابندیاں صرف افواہیں
پاکستان کے دفتر خارجہ کے ترجمان نے کہا ہے کہ ’ہم نے امریکہ میں پاکستانی شہریوں کے داخلے پر متوقع پابندیوں کی خبروں کا نوٹس لیا ہے، لیکن ابھی تک یہ صرف افواہیں ہیں۔‘
جمعرات کو ترجمان دفتر خارجہ نے ہفتہ وار بریفنگ میں کہا ہے کہ ’جعفر ایکسپریس ٹرین دہشت گردی کے پیچھے انڈیا ہے، جبکہ افغانستان سے کالز ٹریس ہوئی ہیں، حملے میں ملوث دہشت گرد افغانستان میں دہشت گردوں سے رابطے میں تھے۔‘
انہوں نے کہا کہ ’افغانستان کے ساتھ اچھے تعلقات کے خواہاں ہیں، ہم طورخم سرحد کو کھلا رکھنا چاہتے ہیں، یہ پروپیگنڈا ہے کہ پاکستان طورخم سرحد کو کھولنے نہیں دے رہا۔‘

دریائے سندھ سے نہریں نکالنے کے خلاف سندھ اسمبلی میں قرارداد پیش

وزیراعلیٰ سندھ نے اسمبلی کے اجلاس کے دوران دریائے سندھ سے چھ نہریں نکالنے کے خلاف قرارداد پیش کی ہے۔
اجلاس میں خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ دریائے سندھ سے نہریں نکالنے سے سندھ میں پانی کا بحران پیدا ہو سکتا ہے اور صوبے میں زراعت کی پیدوار کو نقصان پہنچے گا اور لوگوں کی زندگیاں متاثر ہوں گی۔
ان کا کہنا تھا کہ سندھ اسمبلی نہریں نکالنے کے منصوبے کو غیرقانونی اور غیر آئینی سمجھتے ہوئے مسترد کرتی ہے۔
مراد علی شاہ نے کہا کہ اسمبلی اس منصوبے کو باہمی اتفاق رائے پیدا ہونے تک فوری طور پر روکنے کرنے کا مطالبہ کرتی ہے۔

دہشت گردی خواہ کہیں سے بھی ہو اسے جڑ سے ختم کریں گے: خواجہ آصف
وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ ’حکومت پاکستان اور پاک فوج کا پختہ ارادہ ہے کہ دہشت گردی خواہ کہیں سے بھی آ رہی ہے اسے جڑ سے اکھاڑ کر ختم کریں گے۔‘
ان کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ جاری ہے اور ابھی ختم نہیں ہوئی۔
وزیر دفاع نے کہا کہ ’ہماری اب افواج نے جو کردار ادا کیا ہے اس میں اس کی تاریخ میں مثال نہیں ملتی۔ کم سے کم نقصان میں بہترین کارکردگی دکھائی گئی۔ دہشت گردی کے خلاف آپریشن کی ہے ایک تاریخ رقم کی گئی ہے جو ایک سنہرا باب بن گیا۔‘
ان کے مطابق ’پاکستان کی فوج اور حکومت کا مسمم ارادہ ہے کہ دہشت گردوں کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا اور نیست و نابود کر دیا جائے گا۔‘

جعفر ایکسپریس حملہ، وزیراعظم دورۂ بلوچستان پہنچ گئے

وزیراعظم شہباز شریف بلوچستان پہنچ گئے ہیں جہاں وزیر اعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے وزیراعظم کا استقبال کیا۔
وزیراعظم سانحہ جعفرجہاں وہ صوبے کے عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی اور سکیورٹی کی صورتحال کا جائزہ لیں گے۔ وہ امن عامہ کی صورتحال کے بارے میں اعلیٰ سطح کے ایک اجلاس کی بھی صدارت کریں گے۔
واضح رہے کہ گذشتہ روز جعفر ایکسپریس پر حملے میں آئی ایس پی آر کے مطابق 21 افراد ہلاک اور سکیورٹی فورسز کے چار اہلکار جان سے گئے، جبکہ 33 عسکریت پسندوں کو ہلاک کیا گیا ہے۔ اس حملے میں یرغمال بنائے گئے ایک سو سے زائد افراد کو بازیاب کروا لیا گیا ہے۔

جعفر ایکسپریس حملہ: ’ہم 20 لوگ ایک ساتھ تھے، صرف تین زندہ بچ گئے‘

بلوچستان کے ضلع کچھی (بولان) میں مسافر ٹرین پر حملے کے بعد جوابی کارروائی اور مغویوں کی بازیابی کے لیے جاری آپریشن مکمل کر لیا گیا ہے۔ حکام نے 33 حملہ آوروں اور 21 مسافروں کی ہلاکت کی تصدیق کی ہے۔
ٹرین میں 400 سے زائد مسافر سوار تھے جن میں سے 300 کے لگ بھگ مسافروں کو جائے وقوعہ سے قریبی شہر مچھ اور کوئٹہ پہنچایا دیا گیا ہے۔
بازیاب ہونے والوں میں 30 سے زائد مسافر زخمی بھی ہیں جنہیں مچھ کے ریلوے سٹیشن پر ابتدائی طبی امداد دینے کے بعد ایمبولینسز کے ذریعے کوئٹہ کے مختلف ہسپتالوں میں منتقل کر دیا گیا۔
عینی شاہدین نے کیا دیکھا؟ تفصیل کے لیے کلک کریں

وزیراعظم کا پاکستان اور ازبکستان کے درمیان تجارتی حجم 2 ارب ڈالر تک بڑھانے پر زور

وزیرِاعظم شہباز شریف نے پاکستان اور ازبکستان کے درمیان تجارتی حجم 2 ارب ڈالر تک بڑھانے کے لیے روڈ میپ تیار کرنے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔
جمعرات کو وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم سے ازبکستان کے سفیر علی شیر تختائف نے وزیراعظم ہاؤس میں ملاقات کی۔
وزیراعظم نے ازبک سفیر کے ذریعے صدر ازبکستان شوکت مرزیوف کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور گذشتہ ماہ تاشقند کے دورے کے دوران ان کے اور پاکستانی وفد کی مہمان نوازی کے لیے شکریہ ادا کیا۔

سپیکر قومی اسمبلی کا آپریشن کی کامیابی پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین

سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز نے جعفر ایکسپریس آپریشن کی کامیابی سے تکمیل پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا۔
قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق انہوں نے کہا کہ  ایک مشکل ترین آپریشن انتہائی مہارت کے ساتھ مکمل کیا گیا۔
ان کا کہنا تھا کہ نہتے اور معصوم شہریوں کی جان و مال کو نقصان پہنچانے والوں کا اسلام اور اس ملک سے کوئی تعلق نہیں۔ حکومت اور ریاست معصوم شہریوں پر حملہ کرنے والوں کو ہر محاذ پر شکست دینے کے لیے پر عزم ہیں۔

پاکستان نیوزی لینڈ سیریز: قومی ٹیم کرائسٹ چرچ پہنچ گئی

پاکستان کرکٹ ٹیم نیوزی لینڈ کے ساتھ پانچ میچز کی سیریز کھیلنے کے لیے کرائسٹ چرچ پہنچ گئی ہے۔
پی سی بی کے مطابق پاکستانی ٹیم نے کل آرام کیا اور آج مقامی وقت کے مطابق ایک بجے پریکٹس کرے گی۔
پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان پانچ میچز کی سیریز 16 مارچ سے شروع ہوگی۔

موڈیز نے پاکستانی بینکنگ شعبے کا درجہ مستحکم سے مثبت قرار دے دیا

کریڈٹ ریٹنگ کی عالمی ایجنسی موڈیز نے بدھ کو پاکستان کے بینکنگ شعبہ کے پیش منظر کو ’مستحکم‘ سے ’مثبت‘ میں اپ گریڈکرنے کا اعلان کیا ہے۔
پاکستان کی سرکاری نیوز ایجنسی اے پی پی کے مطابق یہ فیصلہ پاکستان کے معاشی حالات میں بہتری اور بینکوں کی مالی کارکردگی میں استحکام کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا گیا۔ موڈیز کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستان کی معیشت میں بہتری آ رہی ہے۔
موڈیز نے کہا کہ پاکستان کی معیشت 2025 میں 3 فیصد تک بڑھنے کی توقع ہے جبکہ 2024 میں یہ شرح 2.5 فیصد اور 2023 میں 0.2 فیصد تھی۔م وڈیز کے مطابق ملک میں مہنگائی 2024ء میں اوسطاً 23 فیصد تھی جو 2025ء میں 8 فیصد کی اوسط تک کم ہو سکتی ہے۔


 

شیئر: