وزیراعظم شہباز شریف نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں حالیہ سطح پر برقرار رکھ کر بجلی کی قیمت میں کمی کا فیصلہ کیا ہے۔
سنیچر کو وزیراعظم کے دفتر سے جاری پریس ریلیز کے مطابق ’وزیراعظم نے پیٹرولیم کی قیمتیں سابقہ سطح پر براقرار رکھتے ہوئے اس کا پورا مالی فائدہ بجلی کی قیمتوں میں عوام کو منتقل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔‘
’یہ اقدام ان بہت سے دیگر اقدامات میں سے ایک ہے جو بجلی کے نرخوں میں بامعنی کمی کا باعث بنیں گا۔‘
مزید پڑھیں
مزید کہا گیا کہ بجلی کے نرخوں میں کمی کے حوالے سے ایک جامع اور مؤثر حکمت عملی کے تحت پیکج تیار کیا جا رہا ہے جس کی تفصیلات کو حتمی شکل دی جا رہی ہے۔
وزیراعظم کے مطابق عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں ردوبدل کے فرق سے پیدا ہونے والی مالی گنجائش اور دیگر اقدامات سے بجلی کی قیمتوں میں عوام کو بڑا ریلیف دینے کا پیکج تیار ہے۔
بجلی کے نرخوں میں کمی کے حوالے سے پیکج کا اعلان آئندہ چند ہفتوں میں کیا جائے گا۔ حکومت سنبھالتے ہی عوامی ریلیف کو ترجیح دینے کا عہد کیا تھا۔
پریس ریلیز میں کہا گیا کہ اس ریلیف سے نہ صرف بجلی کی قیمتیں کم ہوں گی بلکہ اس کا اثر مجموعی طور پر مہنگائی پر پڑے گا اور اس میں مزید کمی واقع ہوگی۔
دو ہفتے قبل پیٹرولیم مصنوعات میں کمی کے بعد پیٹرول کی فی لیٹر نئی قیمت 255 روپے 63 پیسے جبکہ ہائی سپیڈ ڈیزل کی فی لیٹر نئی قیمت 258 روپے 64 پیسے ہوگئی تھئ۔
پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے بعد لائٹ ڈیزل کی نئی قیمت 153 روپے 34 پیسے مقرر کی گئی تھی۔