Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

خوشدل شاہ پر نیوزی لینڈ کے بولر سے ٹکرانے پر میچ فیس کا 50 فیصد جرمانہ

پاکستان کے آل راؤنڈر خوشدل شاہ کو انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر جرمانہ عائد کیا گیا ہے۔
آئی سی سی کے مطابق خوشدل شاہ نے اتوار 16 مارچ کو نیوزی لینڈ کے خلاف میچ کے دوران آئی سی سی کے ضابطہ اخلاق کے لیول ٹو کی خلاف ورزی کی جس کی وجہ سے ان پر میچ فیس کا 50 فیصد جرمانہ عائد کیا گیا ہے۔
خوشدل پر آرٹیکل 2.12 کی خلاف ورزی کا الزام عائد کیا گیا ہے جو ’کھلاڑی، آفیشلز یا دیگر افراد سے نامناسب جسمانی رابطے سے متعلق ہے۔‘
اتوار کو پاکستان اور نیوزی لینڈ کے میچ کے دوران اننگز کے آٹھویں اوور میں خوشدل شاہ نے نیوزی لینڈ کے بولر زیکری فولکیس کو پیچھے سے ٹکر ماری تھی۔
میچ ریفری اور امپائرز پر مشتمل پینل کی طرف سے لگائے گئے الزامات کو خوشدل شاہ نے تسلیم کر لیا جس کی وجہ سے معاملے کی کوئی باقاعدہ سماعت نہیں ہوئی۔
جرمانے کے علاوہ خوشدل شاہ کے ڈسپلنری ریکارڈ میں تین ڈی میرٹ پوائنٹس بھی شامل کر دیے گئے ہیں تاہم یہ ان کا 24 ماہ میں پہلا جرم ہے۔
آئی سی سی کے ضابطہ اخلاق کے مطابق 24 ماہ میں اگر کسی کھلاڑی کے چار سے زائد ڈی میرٹ پوائنٹس جمع ہو جائیں تو انہیں سسپنشن پوائنٹس میں تبدیل کر دیا جاتا ہے۔
اگر کسی کھلاڑی کے ڈسپلنری ریکارڈ میں دو سسپنشن پوائنٹس آجائیں تو ایسے کھلاڑی ایک ٹیسٹ، دو ون ڈے یا دو ٹی20 میچوں میں پابندی کا سامنا کر سکتے ہیں۔

 

شیئر: