انڈیا کے مشہور اداکار عامر خان کے مداح ان کی اگلی فلم کی ریلیز کا بڑی شدت سے انتظار کر رہے ہیں۔ ان کی نئی آنے والی فلم ’ستارے زمین پر‘ ہے جو ’تارے زمین پر‘ کا سیکوئل ہے۔
ہندوستان ٹائمز کے مطابق حال ہی میں چائنہ فین کلب کے ساتھ ایک گفتگو میں عامر خان نے فلم میں اپنے کردار پر روشنی ڈالی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ’میں اس وقت جس فلم (ستارے زمین پر) پر کام کر رہا ہوں وہ تقریباً تیار ہے۔ یہ تارے زمین پر سیکوئل ہے اور اس سے 10 قدم آگے ہے۔ یہ مختلف طرح کے لوگوں کے بارے میں ہے۔ یہ محبت، دوستی اور زندگی کے بارے میں ہے۔ تارے زمین پر، نے آپ کو رلایا تھا لیکن یہ فلم آپ کو ہنسائے گی۔ تاہم تھیم وہی ہے۔‘
مزید پڑھیں
فلم میں اپنے کردار کے حوالے سے بالی وڈ کے ’مسٹر پرفیکشنسٹ‘ نے بتایا کہ ’تارے زمین پر میں میرا کردار نُکمبھ کا تھا، جو بہت حساس شخص ہے۔ اس فلم میں میرے کردار کا نام گلشن ہے لیکن اس کی شخصیت نکمبھ کے بالکل برعکس ہے۔ وہ بالکل حساس نہیں ہے۔ وہ بہت بدتمیز، سیاسی اور سماجی طور پر کسی کا لحاظ نہ کرنے والا ہے اور سب کی توہین کرتا ہے۔‘
’وہ اپنی بیوی، ماں سے لڑتا ہے۔ وہ باسکٹ بال کا کوچ ہے اور وہ اپنے سینیئر کوچ کو مارتا ہے۔ وہ ایک ایسا شخص ہے جس کے بہت سارے اندرونی مسائل ہیں، اور کہانی یہ ہے کہ وہ فلم کے ساتھ کیسے بدل جاتا ہے۔ لوگ اسے کیسے سکھاتے ہیں کہ اچھا انسان بننا کیا ہے۔‘
عامر خان کا کہنا تھا کہ ان کی فلم ہسپانوی فلم ’چیمپیئنز‘ کا ری میک ہے۔
’ستارے زمین پر‘ میں عامر خان کے ساتھ اداکار درشیل سفاری اور اداکارہ جینیلیا دیشمکھ بنیادی کردار ادا کر رہے ہیں۔ اگرچہ ابھی تک اس فلم کے ریلیز ہونے کی تاریخ کا اعلان نہیں کیا گیا۔