مکہ مکرمہ .... سعودی عرب کے تمام شہروں، قصبوں اور بستیوں میں آباد مسلمانوں نے اتوار کو عید الفطر کے تہوار کا آغاز عید گاہ اور جامع مساجد میں نماز ادا کرکے کیا۔ عید الفطر کے سب سے بڑے اجتماع مکہ مکرمہ کی مسجد الحرام اور مدینہ منورہ کی مسجد نبوی شریف میں دیکھنے میں آئے۔ مقامی شہریوں کے شانہ بشانہ معتمرین ، زائرین اور مقیمین نے بھی عید کی نماز ادا کی۔ خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز، اعلیٰ سعودی قیادت ، شاہی مہمانوں ، شاہی خاندان کے افراد، وزراء، مشائخ اورعمائدین نے مسجد الحرام میں عید الفطر کی نماز ادا کی۔نماز کے بعد قصر الصفاءمیں شاہ سلمان نے عید مبارک کے لئے آنے والے مہمانوں کو خوش آمدید کہا۔ مہمانوں نے شاہ سلمان اور شاہ سلمان نے مہمانوں کو عید کی مبارکباد روایتی جوش و خروش کے ساتھ پیش کی۔مسجد الحرام میں عید کی نماز شیخ صالح بن حمید نے پڑھائی انہوں نے اس موقع پر موثر خطبہ دیا جبکہ مسجد نبوی شریف میں عید الفطر کی نماز شیخ حسین آل الشیخ نے پڑھائی۔