لکھنؤ۔۔۔۔۔وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ حکومت کے 100دن منگل کو ختم ہوگئے۔ اس موقع پر ایک کتابچہ شائع کیا گیا ہے جس میں ان 100دنوں میں حکومت کی کامیابیوں کو اجاگر کیا گیا ہے۔منگل کو ایک پریس کانفرنس کے دوران ’’100دن بشواس کے‘‘نامی کتابچہ جاری کیا گیاجس میں 19مارچ کو حکومت سنبھالنے کے بعد کی کارکردگی کا ذکر ہے۔ کتابچے میں کہا گیا ہے کہ ہم عوام کو یقین دلاتے ہیں کہ حکومت نے یوپی کو ترقی کی راہ پر مزید آگے لے جانے کیلئے کوششیں شروع کردی ہیں۔وزیر اعلیٰ یوگی نے کہا کہ ماضی میں کرپشن اور اقرباء پروری کے نتیجے میں ریاست میں ترقی نہ ہوسکی۔انہوں نے کہا کہ 2017کے سال کو ’’غریب کلیان ورش‘‘کے طور پر منایا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ ہماری معیشت کی بنیاد زراعت ہے اسلئے حکومت کسانوں کے مسائل حل کرنے کو اولیں ترجیح دے رہی ہے۔ یوگی آدتیہ ناتھ نے میڈیا کے صرف 2سوالات کے جواب دیئے تاہم کہا کہ حکومت چلانے کیلئے ہمیں صحافیوں کی مدد درکار ہے۔