ملتان ...رکن قومی اسمبلی جمشید دستی نے الزام لگایا ہے جیل کی بیرک میں چوہے اور بچھو چھوڑے گئے۔شدید تشدد کا نشانہ بنایا جارہا ہے۔ عدالت میں پیشی کے دوران میڈیا سے گفتگو اور ویڈیو پیغام میں انہوںنے کہا کہ6 دن سے بھوکا ہوں۔ میری جان کو خطرات لاحق ہیں۔ خدارا مجھے بچایا جائے ۔ گذشتہ 8 دن سے سو بھی نہیں سکا۔ جھوٹے مقدمات میں ضمانت ہوجانے کے باوجود دوبارہ گرفتار کیا گیا۔ انتقامی کارروئی کا نشانہ بنایا جا رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بہن کو تیسرے درجے کا کینسر ہے ۔والدہ بھی بیمار ہیں ۔انہوں نے چیف جسٹس سپریم کورٹ اور لاہور ہائی کورٹ کے چیف جسٹس سے ساری صورت حال کا نوٹس لینے کا مطالبہ کیا۔انہوں نے وزیراعظم کو دوران حراست ان کا وقت بھی یاد دلایا۔ دریں اثناء جمشید دستی کی مظفر گڑھ سے اڈیالہ جیل منتقلی کے خلاف درجنوں خواتین سڑکوں پر نکل آئیں اور شدید احتجاج کیا۔ جمشید دستی کی ہمشیرہ نے بتایا کہ بھائی کو ڈی جی خان سے اڈیالہ جیل منتقل کرنے کی اطلاع ملی ہے۔ جان کو خطرہ ہے۔ عدالتی احکامات کے باوجود بھائی سے ملنے نہیں دیا گیا۔