لندن۔۔۔۔مسلمانوں کے خلاف نفرت پر مبنی جرائم کی وارداتوں کے ہوتے ہوئے ان دنوں سوشل میڈیا پر ایک وڈیو کا بڑا چرچا ہے۔ اس وڈیو میں دکھایا گیا ہے کہ فاسٹ فوڈ ڈیلیوری کا مسلمان نوجوان لندن میں ایک اجنبی کو اس کا پرس واپس کررہا ہے۔اس کے مالک نے اس کی ساری وڈیو فیس بک پر ڈال دی ۔ اس لڑکے نے جس کا نام احمد ہے پرس واپس کرتے ہوئے کہا کہ اسلام میں چوری ممنوع ہے اور حقیقی مسلمان چوری نہیں کرتا۔ میں مسلمان ہوں اسلئے آپ خوش قسمت ہیں کہ یہ پرس مجھے ملا۔اس پر س میں 220پونڈ ،کارڈزاور ڈرائیونگ لائسنس موجود تھا۔ اس نے کہا کہ میں مسلمان ہوں، بعض مسلمان اصلی اور بعض جعلی ہوتے ہیں۔القاعدہ اور داعش جیسے مسلمان جعلی ہیں، اگر یہ پرس جعلی مسلمانوں کو ملا ہوتا تو وہ آپ کو کبھی واپس نہ دیتے لیکن اصل مسلمان وہی ہے جوآپ کو پرس واپس کرتا ہے اور یہی بات مجھے بچپن سے سکھائی جارہی ہے۔ پرس وصول کرنیوالا برطانوی شہری تھا اور اس نے احمد کو سچا مسلمان قراردیا۔