نئی دہلی۔۔۔۔عام آدمی پارٹی کے برطرف وزیر کپل مشرا نے جمعرات کو اسمبلی کے اسپیکر رام نواس پر زور دیا کہ وہ اسمبلی کی سی سی ٹی وی فوٹیج ضبط کرلیں۔انہوں نے خدشہ ظاہر کیا کہ گزشتہ روز ایوان میں آپ کے ارکان اسمبلی نے پمفلٹ تقسیم کرنیوالے 2افراد کو مارا پیٹا اور اس کا ثبوت مٹایا جاسکتا ہے۔اسپیکر کے نام ایک خط میں مشرا نے درخواست کی کہ وہ دونوں افراد کو ایک مہینے کیلئے جیل بھیجنے کے اپنے فیصلے پر نظر ثانی کریں۔یہ دونوں افراد وزیٹرگیلری میں بیٹھے تھے اور وہیں سے انہوں نے کرپشن کے خلاف آواز اٹھائی اور پمفلٹ پھینکے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں وزیر اعلیٰ کیجریوال اور ان کے وزیر کی مبینہ بدعنوانی پر افسوس ہے۔ واضح رہے کہ ان دونوں افراد کو فوری طور پر اسمبلی سے مارشلوں کے ذریعے باہر لے جایا گیا تھا۔