اجازت یافتہ مراکز سے آن لائن شاپنگ کریں، وزارت تجارت
ریاض....وزارت تجارت و سرمایہ کاری کے ترجمان عبدالرحمن الحسین نے آن لائن شاپنگ کرنے والوں سے کہا ہے کہ وہ صرف ایسے تجارتی مراکز ہی سے آن لائن خریداری کریں جن کے پاس سجل تجاری ہو یا انکی سروس سماج میں معروف ہو۔ ترجمان نے توجہ دلائی کہ یہ مشورہ صارفین کے حقوق کی حفاظت اور مالی لین دین کو شفاف بنانے کی غرض سے دیا جارہا ہے۔ الحسین نے ٹویٹر کے اپنے اکاﺅنٹ پر تحریر کیا کہ بعض لوگ آنکھیں بند کرکے ایسے تجارتی مراکز سے آن لائن سامان کا آرڈر دیدیتے ہیں جن کے پاس سجل تجاری نہیں ہوتی اور پھر رقم پھنس جانے کا شکوہ کرتے ہیں۔ بہتر ہوگا کہ وہ احتیاط کریں اور صرف اجازت یافتہ تجارتی مراکز ہی سے آن لائن شاپنگ کریں۔