طائف (ابو علی بڈانی) علی پور ضلع مظفر گڑھ کی معروف سماجی وصحافتی شخصیت ملک فیاض حسین والوٹ عمرہ کی سعادت حاصل کرنے سعودی عرب آئے تو انکے اعزاز میں پاکستان میڈیا کونسل سعودی عرب کے چیئرمین ممتاز احمد بڈانی نے مقامی ہوٹل میں ظہرانے کا اہتمام کیا جس میں کمیونٹی کی اہم شخصیات نے شرکت کی۔ اس موقع پر طائف کی معروف سماجی شخصیت اور عوامی راج پارٹی سعودی عرب کے اہم کارکن عبدالماجد خان بلوچ نے کہا موجودہ حکومت بوکھلاہٹ کا شکار ہو گئی ہے۔ اسی لئے غریب عوام کے نمائندہ جمشید احمد دستی کو حراست میں لے کر اس پر تشدد کرا رہی ہے جو ناقابل برداشت ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس واقعہ سے جنوبی پنجاب کی عوام کی آنکھیں کھل گئی ہیں۔ یہاں کی عوام پہلے بھی احساس کمتری کا شکار ہیں۔ اس واقعہ سے تصدیق ہو گئی کہ واقعی میاں برادران یہاں کی عوام ساتھ ناانصافیوں پر تلے ہوئے ہیں۔ جمشید دستی کی آواز کو دبانے کی کوشش کی جا ر ہی ہے۔ جمشید دستی ایماندار اور صاف گو لیڈر ہیں جس کی وجہ سے وہ جاگیردار وڈیروں کو نہیں بھاتا تبھی تو اس پر جیل میں تشدد کرایا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سانحہ احمد شرقیہ نے پنجاب حکومت کی قلعی کھول دی ۔جنوبی پنجاب کے وکٹوریہ اسپتال بہاولپور میں جلنے کی دوائی تھی اور نہ ہی بیڈ تھے یہ کتنی نا انصافی ہے کہ لاہور میں تو ہر سہولت موجود ہو اور جنوبی پنجاب کے عوام بنیادی سہولیات سے محروم ہوں۔ اس کے موقع پرمزمل خان بلوچ، فیاض احمد والوٹ، ممتاز احمد بڈانی ، سردار طاہر خان بڈانی بلوچ وغیرہ شامل تھے۔