پٹنہ۔ بہارمیں حکمراں جماعت جنتا دل یو اور آر جے ڈی میں دراڑ پڑنا شروع ہوگئی ہے اور یہ اتحاد کسی بھی وقت ٹوٹ سکتا ہے۔بہار کے وزیر اعلیٰ نتیش کمار کی جماعت نے آر جے ڈی کے سربراہ لالوپرساد کی ’’بی جے پی ہٹاؤ ‘‘ریلی میں شریک نہ ہونے کا اعلان کیا ہے۔ لالو یہ تحریک 27اگست سے پٹنہ سے شرو ع کرنیوالے ہیں۔ جے ڈی یو کے رہنما شیام راجک نے کہا کہ یہ آرجے ڈی کی ریلی ہے کوئی مشترکہ ریلی نہیں۔پھر ہم کیوں اس میں حصہ لیں۔ تاہم انہوں نے کہا کہ ہمارا اتحاد انتہائی مضبوط ہے۔ذرائع کے مطابق اس ریلی میں کانگریس کی صدر سونیا گاندھی، مغربی بنگال کی چیف منسٹرممتا بنرجی،وزیر اعلیٰ نوین پٹنایک، سماج وادی پارٹی کے رہنما اکھلیش یادو اور دیگر شریک ہونگے۔جے ڈی یو نے این ڈی اے کے صدارتی امید رام ناتھ کووند کی حمایت کرنے کا جو فیصلہ کیا تھا لالو نے اس کا ساتھ نہیں دیااور کہا تھاکہ نتیش نے کووند کی حمایت کرکے غلطی کی ہے۔