جدہ ( ارسلان ہاشمی ) اردونیوز کے سابق ایڈیٹر اور روزنامہ جسارت کے ایڈیٹر مظفر اعجاز مملکت آئے ہوئے ہیں ۔ عمرہ کی ادائیگی اور مدینہ منورہ میں قیام کے بعدجدہ آمد کے موقع پر اردونیوز کا دورہ کیا جہاں انہو ں نے پرانے احباب سے ملاقات کی ۔ مظفر اعجاز کا شمار اردونیوز کے بانی ممبران میں ہوتا ہے ۔ انکی جدہ آمد کے موقع پر پاکستان رائٹرز فورم ، پی آر سی اور انجینیئنرز فورم کی جانب سے مختلف پروگرامز مرتب کئے جارہے ہیں ۔ مظفر اعجاز ان دنوں اپنے کالموں پر مشتمل کتاب تحریر کر رہے ہیں جو تیاری کے آخری مراحل میں ہے۔ حرمین شریفین کی توسیع کے حوالے سے انکا کہنا تھا کہ خادم الحرمین الشریفین کی جانب سے عازمین حج اور معتمرین و زائرین کی سہولت کے جو اقدامات کئے گئے ہیں نہایت قابل قدر ہیں ۔ حرمین کی توسیع سے لاکھوں زائرین اور معتمرین کو سہولت ملے گی ۔ لاکھوں کی تعداد میں بیک وقت معتمرین اور عازمین آسانی سے طواف کر سکیں گے ۔ مطاف کی توسیع کو دیکھ کر دل خوش ہو جاتا ہے ۔ مسجد نبوی شریف کی توسیع بھی نہایت شاندار ہے ۔ شہر نبی کو دیکھ کر انتہائی خوشی ہوئی ۔ مظفر اعجاز نے اردونیو ز کے معیار کو بھی سراہتے ہوئے کہا کہ یہ پودا جسے ہم نے لگایا تھا آج تناور درخت بن چکا ہے۔