Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

غیر قانونی تارکین اضافی مہلت سے فائدہ اٹھائیں، کرنل الشلہوب

جدہ ( ارسلان ہاشمی ) محکمہ جوازات کے ترجمان کرنل طلال الشلہوب نے کہا ہے کہ وہ غیر قانونی تارکین جنہو ںنے اپنے سفرکی کارروائی عید الفطر سے قبل مکمل کر لی ہے اور فلائٹوں کی کمی کے سبب وطن نہیں جا سکے وہ فوری طور پر وطن روانہ ہو جائیں ۔ اردونیوز کے سوال کا جواب دیتے ہوئے کرنل شلہوب نے مزید کہا کہ وزارت داخلہ کی جانب سے غیر قانونی تارکین وطن کو دی جانے والی 90 روزہ مہلت 29 رمضان المبارک کو ختم ہو چکی تھی جس میں ایک ماہ کی توسیع کی جا چکی ہے ۔ ایسے افراد جن کے فائنل ایگزٹ پر درج تاریخ ایکسپائر ہو چکی ہے وہ وطن جانے کیلئے ڈیپورٹیشن سینٹر ( ترحیل ) سے اپنا خروج دوبارہ لگوائیں تاہم وہ تارکین جن کے خروج کی تاریخ ایکسپائر نہیں ہوئی انہیں ترحیل جانے کی ضرورت نہیںوہ اپنی سیٹ کنفرم کرنے کے بعد براہ راست ائیر پورٹ جاسکتے ہیں ۔ واضح رہے مملکت میں مقیم غیر قانونی تارکین کو دی گئی 3 ماہ کی مہلت 29 رمضان المبارک کو ختم ہو گئی تھی جس کے بعد وزارت داخلہ کی جانب سے مہلت میں ایک ماہ کی توسیع کی گئی ہے جس ان لوگوں کو سہولت ہوئی جو اپنے سفری معاملات تو مکمل کروا چکے تھے مگر فلائٹوں کی عدم دستیابی کی وجہ سے سفر کرنے سے محروم رہے تھے ۔ ان افراد کا کہنا تھا کہ ائیر پورٹ پرموجود محکمہ پاسپورٹ کے اہلکار انہیں لوٹا رہے ہیں جس پر اردونیوز نے جوازات کے مرکزی ترجمان کرنل طلال الشلہوب سے استفسار کیا ۔ شلہوب کا کہنا تھا کہ وہ تارکین جو ابھی تک سفر نہیں کر سکے وہ اس اضافی مہلت سے فائدہ اٹھاتے ہوئے فوری طور پر وطن لوٹ جائیں اس کے بعد کوئی اضافی مہلت نہیں ملے گی اور جو افراد سفر نہیں کریں گے انکے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائیگی ۔

شیئر: